
نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز وراٹ کوہلی اگرچہ اب تک 10 اوور کے کرکٹ فارمیٹ میں نہیں کھیلے ہیں، لیکن وہ ابوظہبی ٹی 10 لیگ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے بچپن کے کوچ راج کمار شرما نے یہ انکشاف کیا ہے۔ راج کمار شرما اس سیزن میں یونائیٹڈ ٹائیگرز کے ساتھ پہلی بار ٹی 10 ٹورنامنٹ میں کوچ کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وراٹ اس فارمیٹ میں کھیلتے ہیں تو یہاں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور شائقین انہیں بے حد پسند کریں گے۔
دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ راج کمار شرما نے پیر کو زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں عربین ایسز کے خلاف یونائیٹڈ ٹائیگرز کو سات وکٹ سے شکست ملنے کے بعد کہا، ’’میں نے وراٹ کو بتایا تھا کہ میں یہاں جا رہا ہوں اور میری ذمہ داری کیا ہوگی۔ اسے اس ٹورنامنٹ کے بارے میں معلوم ہے اور مجھے پتا ہے کہ وہ اسے دیکھ رہا ہے۔‘‘
بچپن سے وراٹ کوہلی کو کرکٹ کی تربیت دینے والے شرما نے کہا، ’’وراٹ نے ابھی تک اس فارمیٹ میں کرکٹ نہیں کھیلی ہے، لیکن اگر وہ کھیلتے ہیں تو اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور لوگ انہیں بہت پسند کریں گے۔‘‘تقریباً تین دہائیوں سے کرکٹ کوچنگ سے وابستہ راج کمار شرما نے ویسٹ دہلی کرکٹ اکیڈمی قائم کی تھی۔ وراٹ کوہلی کو بہترین بلے باز بنانے میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔ شرما کا ماننا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کی اصل آزمائش ٹیسٹ کرکٹ میں ہوتی ہے۔ تاہم، انہوں نے پہلی بار ٹی 10 فارمیٹ میں کام کرنے کے تجربے کو دلچسپ قرار دیا۔انہوں نے کہا، ’’میں اس ذمہ داری سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ ٹیم اچھی ہے، ماحول بہت اچھا ہے اور میں کافی پرجوش ہوں۔ یہ بالکل مختلف قسم کی کرکٹ ہے۔ سچ کہوں تو ٹی 10 میں یہ میرا پہلا تجربہ ہے اور پرانے زمانے کا کوچ ہونے کے ناطے میں ابھی اس فارمیٹ کو سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ میں نے 50 اوور اور 20 اوور کی کرکٹ میں کام کیا ہے، لیکن 10 اوور کا فارمیٹ میرے لیے ایک نیا سبق ہے۔ اس میں توانائی اور تیزی بہت زیادہ ہے۔ میچ میں واپسی کرنا مشکل ہوتا ہے اور مقابلہ انتہائی سخت رہتا ہے۔‘‘
راج کمار شرما نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کو سب سے بہتر فارمیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ میں کامیاب ہوتا ہے، وہ ون ڈے، ٹی 20 اور ٹی 10 میں بھی کھیل سکتا ہے۔ تاہم، چھوٹے فارمیٹ میں کامیاب کھلاڑی کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانا آسان نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا، ’’پرانے زمانے کا کوچ ہونے کے ناطے میرا ماننا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ ہی اصل کرکٹ ہے۔ اگر کوئی کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ میں اچھا ہے تو وہ ون ڈے، ٹی 20 یا ٹی 10 بھی کھیل سکتا ہے۔ لیکن مجھے نہیں لگتا کہ ٹی 10 یا ٹی 20 کھیلنے والا کھلاڑی آسانی سے اچھا ٹیسٹ کرکٹر بن سکتا ہے۔ اس کے کچھ استثنائی معاملے ہو سکتے ہیں، لیکن تکنیکی اعتبار سے دونوں فارمیٹ الگ ہیں۔ یہاں طاقت کا استعمال کرتے ہوئے بڑے شاٹس کھیلنے پڑتے ہیں۔‘‘
پیر کو عربین ایسز کے خلاف مقابلے میں یونائیٹڈ ٹائیگرز کو سات وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم کے کپتان فخر زمان صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ افتخار احمد نے 24 گیندوں پر 46 رن کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور پانچ وکٹ پر 103 رن تک پہنچایا۔ جواب میں معین علی، سیم بلنگز اور آندرے رسل کی عمدہ کارکردگی کی بدولت عربین ایسز نے سات گیند باقی رہتے ہی ہدف حاصل کر لیا۔
شکست پر راج کمار شرما نے کہا، ’’ہمیں امید تھی کہ ٹیم 125 سے 130 رن تک پہنچ جائے گی، لیکن ہم کم از کم 20 رن پیچھے رہ گئے۔ فخر کا وکٹ ہمارے لیے بڑا جھٹکا تھا۔ وہ ہماری ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں اور بڑے شاٹس کھیلنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم، کرکٹ میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔‘‘
یونائیٹڈ ٹائیگرز کی ٹیم میں پاکستان کے کئی بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہیں۔ ان میں فخر زمان، افتخار احمد، صاحبزادہ فرحان، فہیم اشرف، عباس آفریدی اور عثمان طارق نمایاں ہیں۔ ہندوستانی کوچ ہونے کے باوجود پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں شرما نے کہا، ’’ہمارے درمیان بہت اچھا تال میل ہے۔ میں ان کی مدد کر رہا ہوں اور وہ بھی میری باتوں پر بہت اچھا ردعمل دے رہے ہیں۔‘‘راج کمار شرما نے وراٹ کوہلی کے علاوہ ہندوستان کے نوجوان کھلاڑیوں میں ابھیشیک شرما کو بھی ٹی 10 فارمیٹ میں کھیلتے دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا، ’’اگر آپ ابھیشیک شرما اور ہمارے دیگر نوجوان کھلاڑیوں کو دیکھیں تو وہ سبھی بہت اچھے ہیں۔‘‘
تاہم، انہوں نے وراٹ کوہلی کا متبادل تلاش کرنے کی بات کو مسترد کردیا۔ شرما نے کہا، ’’وراٹ کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔ وراٹ کوہلی بننے میں بہت طویل وقت لگتا ہے۔ کسی کھلاڑی کو ایسے عظیم کرکٹر کے برابر آنے کا دعوے دار بننے کے لیے 10 سال سے زیادہ عرصے تک کھیلنا پڑتا ہے۔ نوجوان کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں اور ان میں کافی صلاحیت ہے۔ ہمارے پاس کئی اچھے کھلاڑی ہیں۔ شبھمن گل ہمارے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور ابھیشیک شرما بھی اچھے کھلاڑی ہیں۔ لیکن انہیں وقت دینا ہوگا۔ انہیں چند برس تک کھیلنا اور مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس کے بعد ہی ہم یہ سوچ سکتے ہیں کہ کیا کوئی وراٹ کی جگہ لینے کے قابل ہے۔‘‘
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan