
نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ معیشت کے محاذ پر اچھی خبر ہے۔ ملک کی الیکٹرانک اشیا کی برآمدات رواں مالی سال 27-2026 کی پہلی ششماہی، اپریل تا ستمبر کے دوران 44 فیصد بڑھ کر 31.97 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ مالی سال 26-2025 کی اسی مدت میں یہ برآمدات 22.20 ارب ڈالر رہی تھیں۔ اسمارٹ فون کا الیکٹرانکس برآمدات میں سب سے بڑا حصہ برقرار رہا۔ وزارتِ تجارت و صنعت کے مطابق، یہ اضافہ پرزہ جات (کمپوننٹس)، پرنٹڈ سرکٹ بورڈ، مواصلاتی آلات، میموری مصنوعات اور اسٹوریج آلات سمیت کئی شعبوں میں ملک کی الیکٹرانکس برآمدات کے پھیلاؤ اور تنوع کو ظاہر کرتا ہے۔ اسمارٹ فون (ایچ ایس 85171300) کی برآمدات 13.38 ارب ڈالر سے بڑھ کر 18.17 ارب ڈالر ہو گئیں، جو 35.8 فیصد کا اضافہ ہے۔ تاہم، دیگر الیکٹرانکس زمروں میں تیز رفتار اضافے کی وجہ سے کل برآمدات میں اسمارٹ فون کی حصہ داری 60.3 فیصد سے گھٹ کر 56.8 فیصد رہ گئی۔ غیر اسمارٹ فون الیکٹرانکس کی برآمدات میں 56.5 فیصد اضافہ درج کیا گیا اور یہ 8.81 ارب ڈالر سے بڑھ کر 13.79 ارب ڈالر ہو گئیں۔ اس طرح کل برآمدات میں ان کی حصہ داری 39.7 فیصد سے بڑھ کر 43.2 فیصد ہو گئی۔
وزارت کے مطابق، ماؤنٹڈ پرنٹڈ سرکٹ بورڈ (ایچ ایس 84733030) سے متعلق پرزہ جات اور معاون آلات کی برآمدات 63.3 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2.10 ارب ڈالر ہو گئیں، جس میں 3,219 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ سنگاپور 1.87 ارب ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سب سے بڑی منڈی رہا، جبکہ چین 111.5 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے مقام پر رہا۔ پاپولیٹڈ، لوڈڈ یعنی اسٹفڈ پرنٹڈ سرکٹ بورڈ (ایچ ایس 85177910) کی برآمدات میں بھی 304 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 213.7 ملین ڈالر سے بڑھ کر 864.1 ملین ڈالر ہو گئیں۔ چین 789.2 ملین ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ ہانگ کانگ کو برآمدات 5.9 ملین ڈالر سے بڑھ کر 25.3 ملین ڈالر ہو گئیں۔ نیٹ ورک ٹرانسمیشن اور روٹنگ آلات (ایچ ایس 85176290) کی برآمدات میں 98 فیصد اضافہ درج کیا گیا اور یہ 732.9 ملین ڈالر سے بڑھ کر 1.45 ارب ڈالر ہو گئیں۔ ہانگ کانگ کو برآمدات 264.7 ملین ڈالر سے بڑھ کر 857.7 ملین ڈالر ہو گئیں۔ امریکہ اور نیدرلینڈز بھی اہم برآمدی منڈیاں رہے، جہاں بالترتیب 130.9 ملین ڈالر اور 124.4 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔
میموری انٹیگریٹڈ سرکٹ (ایچ ایس 85423200) کی برآمدات میں 2,333 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا اور یہ 23.1 ملین ڈالر سے بڑھ کر 562.4 ملین ڈالر ہو گئیں۔ ملائیشیا 390.8 ملین ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سب سے بڑا خریدار بن کر ابھرا، جس کے بعد سنگاپور 102.4 ملین ڈالر اور ہانگ کانگ 25.2 ملین ڈالر کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر رہے۔ اسی طرح، سالڈ اسٹیٹ نان وولیٹائل اسٹوریج ڈیوائس (ایچ ایس 85235100) کی برآمدات میں 1,680 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا اور یہ 14.6 ملین ڈالر سے بڑھ کر 260.5 ملین ڈالر ہو گئیں۔ چین 108.6 ملین ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سرفہرست رہا، جس کے بعد سنگاپور 76.8 ملین ڈالر، ہانگ کانگ 22.3 ملین ڈالر اور امریکہ 20.7 ملین ڈالر کے ساتھ اہم خریدار رہے۔ وزارت نے کہا کہ پرنٹڈ سرکٹ بورڈ، مواصلاتی آلات، میموری انٹیگریٹڈ سرکٹ اور سالڈ اسٹیٹ اسٹوریج ڈیوائس کی برآمدات میں توسیع کے ساتھ ساتھ سنگاپور، چین، ہانگ کانگ اور ملائیشیا جیسی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی برآمدات سے بھارتی الیکٹرانکس برآمدات میں ان شعبوں کے بڑھتے ہوئے تعاون کا اندازہ ہوتا ہے۔
وزارتِ تجارت و صنعت کے مطابق، بھارت کی الیکٹرانکس برآمدات میں یہ اضافہ برآمدی مصنوعات کے بڑھتے ہوئے تنوع کو ظاہر کرتا ہے۔ غیر اسمارٹ فون الیکٹرانکس کی برآمدات میں زیادہ تیز رفتار اضافہ درج کیا گیا اور کل برآمدات میں ان کی حصہ داری بھی بڑھی ہے۔ اگرچہ اسمارٹ فون 18.17 ارب ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سب سے بڑا حصہ بنے رہے، لیکن غیر اسمارٹ فون شعبے میں زیادہ مضبوط اضافہ درج کیا گیا، جس سے کل الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں اس کا تعاون بڑھا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن