سچن تیندولکر نے برطانیہ کے پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ کے ساتھ کھیلی گلی کرکٹ
ممبئی کے بالارڈ اسٹیٹ میں اسکولی بچوں کے ساتھ کرکٹ کا لطف اٹھایا، کلہڑ میں چائے کی چسکی بھی لی ممبئی، 16 نومبر (ہ س):۔ ہندوستانی کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچنتیندولکر نے پیر کی صبح برطانیہ کے پرنس آف ویلز ولیم اور پرنسز آف ویلز کیٹ کے ساتھ ممبئی میں گلی
سچن تیندولکر نے برطانیہ کے پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ کے ساتھ کھیلی گلی کرکٹ


ممبئی کے بالارڈ اسٹیٹ میں اسکولی بچوں کے ساتھ کرکٹ کا لطف اٹھایا، کلہڑ میں چائے کی چسکی بھی لی

ممبئی، 16 نومبر (ہ س):۔ ہندوستانی کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچنتیندولکر نے پیر کی صبح برطانیہ کے پرنس آف ویلز ولیم اور پرنسز آف ویلز کیٹ کے ساتھ ممبئی میں گلی کرکٹ کھیلی۔ بلارڈ اسٹیٹ میں منعقد اس خصوصی سیشن کے دوران وہاں موجود اسکولی بچوں نے تینوں کی حوصلہ افزائی کی اور کرکٹ کا خوب لطف اٹھایا۔

سچن نے سڑک پر بلے اور گیند دونوں سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پہلے پرنس ولیم کے خلاف بلے بازی کی اور بعد میں شہزادی کیٹ کو گیند بازی بھی کی۔ اس دوران ولیم اور کیٹ نے بھی بلے تھام کر کرکٹ کھیلی۔ وہاں موجود بچوں کو بھی بلے بازی اور گیند بازی کرنے کا موقع ملا۔ بچوں نے مہمانوں کے سامنے اپنی کھیل کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی۔

کرکٹ سیشن سے پہلے سچن نے پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ کے ساتھ کلہڑ والی چائے کا بھی لطف اٹھایا۔ تینوں کو قریب کی ایک دکان پر مٹی کے کلہڑ میں چائے پیتے ہوئے دیکھا گیا۔

برطانیہ کا شاہی جوڑا تین روزہ ہندوستانی دورے پر ہے۔ وہ ممبئی میں چھٹے سالانہ ارتھ شاٹ پرائز کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچا ہے۔ منگل کو ایوارڈ تقریب میں شرکت کے بعد دونوں نئی دہلی جائیں گے۔ یہاں بدھ کے روز ان کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات متوقع ہے۔ ولیم اور کیٹ کا یہ دوسرا سرکاری ہندوستانی دورہ ہے۔ اس سے پہلے دونوں اپریل 2016 میں ہندوستان آئے تھے۔

سچن حال ہی میں انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ (آئی ایس پی ایل) 2026 کی نیلامی میں بھی شریک ہوئے تھے۔ اس دوران انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ٹیکنالوجی کا استعمال اپنی پریکٹس میں مدد کے لیے کریں، نہ کہ اسے توجہ بھٹکانے کا ذریعہ بنائیں۔

سچن نے کہا ، ”ٹیکنالوجی مددگار ہونی چاہیے، توجہ بھٹکانے والی نہیں۔ پریکٹس کے دوران اس کا استعمال کریں، لیکن جب آپ مقابلے کے لیے میدان میں اتریں تو اپنی فطری صلاحیتوں پر بھروسہ کریں اور اپنے ذہن کو کام کرنے دیں۔“

16 نومبر کی تاریخ سچن کے کرکٹ کیریئر کے لحاظ سے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے۔ اسی دن سال 2013 میں انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہا تھا۔ دو دہائیوں سے زیادہ طویل کیریئر میں سچن نے 664 بین الاقوامی میچوں میں مجموعی طور پر 34,357 رنز بنائے۔ ان کے نام 100 سنچریاں اور 164 نصف سنچریاں درج ہیں۔

ہندوستانی جرسی میں ان کا آخری مقابلہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں انہوں نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنے یادگار بین الاقوامی کیریئر کا اختتام کیا۔ سچن کو کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande