سید مشتاق علی ٹرافی: رجت پاٹیدار کی طوفانی سنچری، مدھیہ پردیش نے آسام کو 131 رن سے روند دیا
نئی دہلی، 16 نومبر(ہ س)۔ سید مشتاق علی ٹرافی کے ایلیٹ گروپ کے ایک مقابلے میں مدھیہ پردیش نے پیر کے روز آسام کو 131 رن کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ نیو چنڈی گڑھ کے پی سی اے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مدھیہ پردیش نے پہلے بلے بازی کرتے
سید مشتاق علی ٹرافی: رجت پاٹیدار کی طوفانی سنچری، مدھیہ پردیش نے آسام کو 131 رن سے روند دیا


نئی دہلی، 16 نومبر(ہ س)۔ سید مشتاق علی ٹرافی کے ایلیٹ گروپ کے ایک مقابلے میں مدھیہ پردیش نے پیر کے روز آسام کو 131 رن کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ نیو چنڈی گڑھ کے پی سی اے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مدھیہ پردیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 250 رن بنائے۔

مدھیہ پردیش کی جانب سے رجت پاٹیدار نے آسام کے گیند بازوں کی جم کر خبر لیتے ہوئے 48 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 135 رن بنائے۔ ان کا ساتھ شیوانگ کمار نے بخوبی دیا، جنہوں نے 38 گیندوں پر 61 رن کی اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے اہم شراکت داری کرکے ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا۔ انکش سنگھ نے 13 گیندوں پر 23 اور اکشت رگھوونشی نے 11 گیندوں پر 19 رن بنائے۔آسام کی جانب سے آکاش سین گپتا نے تین اور مرنمی دتہ نے دو وکٹ حاصل کیے۔ ہدف کے تعاقب میں آسام کی پوری ٹیم 17.4 اوور میں 119 رن پر سمٹ گئی۔ شیوشنکر رائے نے سب سے زیادہ 32 رن بنائے، جبکہ ساحل جین نے 20 اور پردیومن سائکیا نے 18 رن کا تعاون دیا۔

مدھیہ پردیش کی جانب سے کمار کارتیکیہ نے 17 رن دے کر تین وکٹ حاصل کیے، جبکہ اویش خان اور راہل باتھم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جموں و کشمیر نے تمل ناڈو کو 6 رن سے ہرایا

اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک دلچسپ مقابلے میں جموں و کشمیر نے تمل ناڈو کو 6 رن سے شکست دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جموں و کشمیر نے 7 وکٹ کے نقصان پر 201 رن بنائے۔ کامران اقبال نے 37 گیندوں پر 70 رن اور شبھم کھجوریا نے 34 گیندوں پر 53 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ عبدالصمد نے محض 14 گیندوں پر 29 رن بنا کر ٹیم کے اسکور کو تیز رفتار فراہم کی۔

جواب میں تمل ناڈو کی ٹیم نے ہدف حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ امیت ساتوک نے 31 گیندوں پر 67 رن بنائے، جبکہ نارائن جگدیشن نے 35 اور آر راج کمار نے صرف 10 گیندوں پر 24 رن کا تعاون دیا۔ تاہم جموں و کشمیر کے گیند بازوں نے اہم موقعوں پر وکٹ حاصل کرکے تمل ناڈو کو 9 وکٹ پر 195 رن تک محدود رکھا۔

لون ناصر مظفر نے تین وکٹ حاصل کیے، جبکہ سنیل کمار اور برجیش شرما نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کمران اقبال کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اتراکھنڈ نے گوا کو 5 وکٹ سے دی شکست

کولکاتا کے ایڈن گارڈنز میں اتراکھنڈ نے گوا کو 5 وکٹ سے شکست دی۔ گوا کی ٹیم 19.4 اوور میں 168 رن بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ ابھی نو تیجرانا نے 36 گیندوں پر 76 رن کی جارحانہ اننگز کھیلی۔اتراکھنڈ کی جانب سے درشن مسال، میانک مشرا، اویناش سدھا اور جنمے جے جوشی نے دو دو وکٹ حاصل کیے۔

ہدف کے تعاقب میں اتراکھنڈ نے 18.1 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 174 رن بناکر میچ اپنے نام کرلیا۔ تیجسوی جیسوال نے 20 گیندوں پر 46 رن بناکر ٹیم کو تیز شروعات دی، جبکہ آرو مہاجن نے 38 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 60 رن کی اہم اننگز کھیلی۔ کنال چندیلا 12 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ آرو مہاجن کو پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔

اتر پردیش نے کرناٹک کو 16 رن سے ہرایا

ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں اتر پردیش نے کرناٹک کو 16 رن سے شکست دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اتر پردیش نے 5 وکٹ کے نقصان پر 204 رن بنائے۔ دیوانش جوشی نے 34 گیندوں پر 65 رن کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ سمیر رضوی نے 23 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 46 رن بنائے۔ آرین جویال نے 31 رن کا تعاون دیا۔

205 رن کے ہدف کے تعاقب میں کرناٹک کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ٹیم نے 18 رن پر ہی تین وکٹ گنوا دیے۔ تاہم سمارن روی چندرن نے 39 گیندوں پر 68 رن بناکر مقابلے میں واپسی کی کوشش کی۔ لَو نیت سسودیا اور منونت کمار نے 42، 42 رن بنائے، جبکہ پروین دوبے نے صرف 8 گیندوں پر 21 رن کی تیز اننگز کھیلی۔

اس کے باوجود اتر پردیش کے گیند بازوں نے کرناٹک کو 9 وکٹ کے نقصان پر 188 رن تک محدود رکھا۔ اتر پردیش کی جانب سے محسن خان نے تین وکٹ حاصل کیے، جبکہ یش دیال اور بھونیشور کمار نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دیوانش جوشی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande