آئی سی سی کا دوسری بارچیئرمین منتخب ہونے پر جے شاہ کو ہندوستانی کرکٹ حلقوں کی مبارکباد
نئی دہلی، 16 نومبر (ہ س):۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے صدر کے طور پر جے شاہ کی مسلسل دوسری بار بلا مقابلہ انتخاب پر ہندوستانی کرکٹ حلقوں کی جانب سے انہیں مبارکباد دی جا رہی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی)، بی سی سی آئی کے
آئی سی سی کا دوسری بارچیئرمین منتخب ہونے پر جے شاہ کو ہندوستانی کرکٹ حلقوں کی مبارکباد


نئی دہلی، 16 نومبر (ہ س):۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے صدر کے طور پر جے شاہ کی مسلسل دوسری بار بلا مقابلہ انتخاب پر ہندوستانی کرکٹ حلقوں کی جانب سے انہیں مبارکباد دی جا رہی ہے۔

ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی)، بی سی سی آئی کے صدر متھن منہاس، ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر، دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے صدر روہن جیٹلی، کے ایل راہل، متالی راج، ہربھجن سنگھ اور شکھر دھون سمیت کئی کھلاڑیوں نے جے شاہ کو نئے دورکے لیے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔

بی سی سی آئی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے جے شاہ کو مبارکباد دی۔ بورڈ نے لکھا، ”بالی میں عالمی کرکٹ ادارے کی بورڈ میٹنگ کے دوران آئی سی سی کے چیئر مین کے طور پر مسلسل دوسری مدت کے لیے بلا مقابلہ دوبارہ منتخب ہونے پر جے شاہ کو مبارکباد۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ آپ اپنی کوششوں میں مسلسل کامیابی حاصل کریں اور کرکٹ کو ہر شعبے میں نئی بلندیوں تک پہنچائیں۔“

بی سی سی آئی کے صدر متھن منہاس نے جے شاہ کی قیادت، دور اندیشی اور کرکٹ کی ترقی اور عالمی شناخت بڑھانے میں ان کے تعاون کی تعریف کی۔

انہوں نے لکھا، ”بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے چیئر مین کے طور پر آپ کے مستحق دوبارہ انتخاب پر دلی مبارکباد، جے شاہ بھائی۔ آپ کی قیادت، واضح نظریہ اور کرکٹ کے تئیں غیر متزلزل عزم قابلِ ستائش ہے۔ کھیل کی ترقی اور اس کی عالمی شناخت بڑھانے میں آپ کا تعاون واقعی متاثر کن ہے۔“

منہاس نے مزید کہا کہ ذاتی طور پر اور بی سی سی آئی کی جانب سے انہیں جے شاہ کو مبارکباد اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ انہیں امید ہے کہ جے شاہ کی نئی مدت مزید کامیابیاں لے کر آئے گی اور وہ عالمی کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے مواقع پیدا کریں گے۔

ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے بھی جے شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی قیادت پر اعتماد ظاہر کیا۔

انہوں نے لکھا، ”جے شاہ بھائی، آئی سی سی کے چیئر مین کے طور پر ایک اور مستحق مدت کے لیے مبارکباد۔ آپ کی قیادت پر ظاہر کیا گیا اعتماد خود بہت کچھ بیان کرتا ہے۔ امید ہے کہ آپ کرکٹ کو مزید بلندیوں تک پہنچائیں گے۔“

ڈی ڈی سی اے کے صدر روہن جیٹلی نے کہا کہ آئی سی سی کے صدر کے طور پر دوسری مدت کے لیے دوبارہ مقرر ہونا جے شاہ کی اہم کامیابی ہے۔ یہ کرکٹ کے لیے ایک اہم وقت ہے، کیونکہ کھیل نئے مواقع کو اپنانے کی تیاری کر رہا ہے۔ ان میں لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی بھی شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھیل کی عالمی ترقی کو رفتار دینے، اس کے نظام کو مضبوط بنانے اور نئے شائقین تک پہنچانے میں جے شاہ کی قیادت اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس اہم ذمہ داری کے لیے جے شاہ کو مسلسل کامیابی کی نیک خواہشات پیش کیں۔

ہندوستانی بلے باز کے ایل راہل نے بھی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا، ”مبارک ہو جے بھائی۔ آپ کو کرکٹ کو مزید بلندیوں تک لے جاتے ہوئے دیکھنے کے لیے پرجوش ہوں۔“

ہندوستان کی سابق کپتان اور عظیم بلے باز متالی راج نے جے شاہ کی دور اندیشی اور خواتین کی کرکٹ کی ترقی کے لیے مواقع پیدا کرنے کے عزم کی تعریف کی۔

انہوں نے لکھا، ”آئی سی سی کے چیئر مین کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد، جے شاہ سر۔ کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے آپ کے نظریے اور عزم کے ساتھ ساتھ خواتین کی کرکٹ کی ترقی کے لیے بامعنی مواقع پیدا کرنے کی آپ کی کوششیں اہم رہی ہیں۔ کرکٹ کو اس کے اگلے مرحلے میں لے جانے کے لیے آپ کی قیادت کو نیک خواہشات۔“

سابق ہندوستانی اسپنر ہربھجن سنگھ نے لکھا، ”آئی سی سی کےچیئر مین کے طور پر دوسری مدت کے لیے دلی مبارکباد، جے شاہ بھائی۔ کرکٹ کو نئے شائقین تک پہنچانے اور نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے آپ کو مسلسل کامیابی کی نیک خواہشات۔ کھیل کے تئیں آپ کا جذبہ اور لگن واقعی متاثر کن ہے۔ آنے والے سفر کے لیے بہت بہت نیک خواہشات۔“

سابق ہندوستانی اوپنر شکھر دھون نے بھی جے شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں دنیا بھر میں کرکٹ کا فروغ جاری رہے گا۔

انہوں نے لکھا، ”آئی سی سی کے چیئر مین کے طور پر دوسری مدت کے لیے مبارکباد، جے شاہ بھائی۔ دنیا بھر میں کرکٹ کو نئے شائقین تک پہنچانے کی آپ کی کوششوں کے لیے بہت بہت نیک خواہشات۔“

جے شاہ کی دوبارہ تقرری کو بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ایک اہم وقت میں قیادت کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ کرکٹ کی عالمی توسیع، شائقین کی شرکت میں اضافہ اور تجارتی ترقی آئی سی سی کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔

جے شاہ کی پہلی تین سالہ مدت دسمبر 2027 تک ہے۔ ان کی نئی مدت اس کے بعد شروع ہو کر دسمبر 2030 تک جاری رہے گی۔ آئی سی سی کے آئین کے مطابق کوئی بھی صدر زیادہ سے زیادہ دو تین سالہ مدت تک اس عہدے پر رہ سکتا ہے۔

جے شاہ پہلی مرتبہ اگست 2024 میں آئی سی سی کے چیئر مین منتخب ہوئے تھے۔ اس وقت وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے سب سے کم عمر شخص بنے تھے۔ اس سے قبل وہ آئی سی سی کی اہم فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے سربراہ بھی رہ چکے تھے۔

آنے والے برسوں میں آئی سی سی کے سامنے کئی بڑے مقابلوں کے انعقاد کی ذمہ داری ہوگی۔ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔ اس کے بعد لاس اینجلس میں 2028 کے اولمپک کھیلوں میں کرکٹ کی واپسی ہوگی، جس کے انعقاد میں آئی سی سی کا بھی اہم کردار ہوگا۔

جے شاہ کا آئی سی سی چیئر مینکے عہدے تک پہنچنے کا سفر ہندوستانی کرکٹ انتظامیہ میں ان کے طویل تجربے سے جڑا ہوا ہے۔ وہ اکتوبر 2019 سے 2024 تک بی سی سی آئی کے سکریٹری رہے۔ اس سے پہلے انہوں نے گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھائیں۔ آئی سی سی میں وہ خاص طور پر آمدنی اور تجارتی امور سے متعلق فیصلوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande