
نئی دہلی، 16 نومبر (ہ س)۔ بھارت اور مصر نے دوطرفہ تجارت کو تقریباً 12 ارب ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے ساتھ غیر محصولاتی رکاوٹوں کو کم کرنے، کسٹم کے طریقہ کار کو آسان بنانے، معیارات کو مضبوط کرنے اور منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
قاہرہ میں منعقدہ بھارت-مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت بھارتی وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل اور مصر کے وزیرِ سرمایہ کاری و غیر ملکی تجارت محمد فرید صالح نے کی۔
اجلاس سے قبل دونوں وزرا کے درمیان دوطرفہ بات چیت ہوئی، جس میں تجارت کو وسعت دینے، سرمایہ کاری کو آسان بنانے اور طویل مدتی صنعتی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ تجارتی تعلقات کا جائزہ لینے، کاروباری اداروں کو درپیش چیلنجز کا اندازہ لگانے اور باہمی تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے کا موقع بھی ملا۔
وزارتِ تجارت و صنعت نے بتایا کہ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے، ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) یا آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے لیے شرائط و ضوابط پر غور کرنے کی غرض سے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ دونوں فریقوں نے مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اگلا اجلاس 2028 میں نئی دہلی میں یا اس سے پہلے کسی باہمی طور پر طے شدہ مناسب تاریخ پر منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی