
نئی دہلی، 15 نومبر (ہ س)۔
پیر سے اتوار کے درمیان بڑے پیمانے پر فروخت کے باعث ٹاپ 15 میں شامل بیشتر اہم ڈیجیٹل اثاثوں کی قیمتوں میں کمی درج کی گئی اور وہ سرخ نشان میں کاروبار کرتے رہے۔ امریکی اسپاٹ بٹ کوائن ای ٹی ایف سے مسلسل سرمایہ نکلنے اور فیڈرل ریزرو کی جانب سے سخت شرح سود کی پالیسی اپنائے جانے کے خدشات نے سرمایہ کاروں کے حوصلے پست کر دیے۔ سرمایہ کاروں میں منفی رجحان کے باعث کرپٹو کرنسی مارکیٹ کی سب سے بڑی کرنسی بٹ کوائن اس ہفتے تقریباً 18 فیصد کی گراوٹ کا شکار ہو گئی۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن کے لحاظ سے اس ہفتے کرپٹو دنیا کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ہفتے کے آغاز میں عالمی کرپٹو مارکیٹ کی مجموعی مالیت تقریباً 2.55 ٹریلین ڈالر تھی، جو آج ہندوستانی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے تک گھٹ کر 2.14 ٹریلین ڈالر رہ گئی۔ اس طرح محض سات دنوں کے اندر کرپٹو کرنسی شعبے کے سرمایہ کاروں کی دولت میں 400 ارب ڈالر سے زیادہ کی کمی آ گئی۔
دنیا کی سب سے بڑی ورچوئل کرنسی بٹ کوائن کے لیے یہ ہفتہ انتہائی مایوس کن رہا۔ اس ہفتے کاروبار کے دوران بٹ کوائن کی قیمت میں ہفتہ وار بنیاد پر 17.94 فیصد کی بڑی گراوٹ درج کی گئی۔ پیر کو تقریباً 75,794 ڈالر کی سطح پر کاروبار کرنے والا بٹ کوائن مسلسل گرتے ہوئے اتوار کی صبح 62,199 ڈالر کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ پورے ہفتے کے دوران بٹ کوائن کی قیمت میں تقریباً 13,595 ڈالر کی کمی درج کی گئی، جس کے باعث یہ جولائی 2026 کے بعد اپنی سب سے نچلی سطح پر آ گیا۔
دوسری سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ایتھیریم پر بھی اس ہفتے فروخت کا زبردست دباو¿ رہا۔ ہفتے کے پہلے دن تقریباً 2,234 ڈالر کی سطح پر رہنے والا ایتھیریم گرتے ہوئے اتوار کی شام 1,718 ڈالر پر آ گیا۔ ہفتہ وار بنیاد پر ایتھیریم کی قیمت میں فی کوائن تقریباً 516 ڈالر، یعنی 23 فیصد سے زیادہ کی کمی ہوئی۔
ٹاپ 15 میں شامل دیگر اہم آلٹ کوائنز کی کارکردگی پر نظر ڈالیں تو وہاں بھی بڑے پیمانے پر مندی کا اثر واضح دکھائی دیا۔ ہفتہ وار بنیاد پر سولانا میں سب سے زیادہ گراوٹ دیکھی گئی۔ اس کی قیمت 90.26 ڈالر سے تقریباً 24.89 فیصد، یعنی 22.47 ڈالر کم ہو کر 67.79 ڈالر رہ گئی۔ اسی طرح ایکس آر پی کی قیمت 1.18 ڈالر سے 23.72 فیصد گر کر 0.90 ڈالر پر آ گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ