غیر ملکی سرمایہ کاروں نے نومبر میں 76,188 کروڑ روپے لگائے، تین سال پرانا ریکارڈ ٹوٹا
نئی دہلی، 15 نومبر (ہ س)۔ مسلسل دو ماہ کی زبردست فروخت کے بعد غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں (ایف پی آئی) نے نومبر میں ہندوستانی شیئر بازار میں تاریخی واپسی کی ہے۔ محض دو ہفتوں کے اندر غیر ملکی سرمایہ کاروں نے گھریلو بازار میں اتنی بڑی رقم لگائ
غیر ملکی سرمایہ کاروں نے نومبر میں 76,188 کروڑ روپے لگائے، تین سال پرانا ریکارڈ ٹوٹا


نئی دہلی، 15 نومبر (ہ س)۔

مسلسل دو ماہ کی زبردست فروخت کے بعد غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں (ایف پی آئی) نے نومبر میں ہندوستانی شیئر بازار میں تاریخی واپسی کی ہے۔ محض دو ہفتوں کے اندر غیر ملکی سرمایہ کاروں نے گھریلو بازار میں اتنی بڑی رقم لگائی ہے کہ تین سال پرانا ماہانہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی اس زبردست دلچسپی سے دلال اسٹریٹ کی رونق ایک بار پھر لوٹ آئی ہے اور گھریلو سرمایہ کاروں کے حوصلے بھی کافی مضبوط ہوئے ہیں۔

اسٹاک مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، اس ماہ 13 نومبر 2026 تک غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ہندوستانی ایکویٹی مارکیٹ میں 76,188.75 کروڑ روپے کی خالص خریداری کی ہے۔ اس سے پہلے کسی ایک ماہ میں سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کا ریکارڈ دسمبر 2023 کے نام تھا، جب ایف پی آئی نے ایک ماہ میں 66,135 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔ اس بار نومبر میں غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں نے بڑے پیمانے پر خریداری کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ ماہ کے ابتدائی نو کاروباری سیشنوں میں ہی ایف پی آئی نے دسمبر 2023 کا 66,135 کروڑ روپے کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا اور اب ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔

نومبر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی یہ خریداری اس لیے بھی خاص ہے کہ اس سے پہلے کے دو ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بازار سے بڑی مقدار میں سرمایہ نکالا تھا۔ ستمبر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 35,861 کروڑ روپے اور اکتوبر میں 34,843 کروڑ روپے کے شیئروں کی خالص فروخت کی تھی۔ اس طرح دو ماہ کے دوران مجموعی طور پر 70,704 کروڑ روپے ہندوستانی بازار سے باہر چلے گئے تھے، جس کی پوری بھرپائی نومبر کے ابتدائی دو ہفتوں میں ہی ہو گئی ہے۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اچانک ہندوستان کی جانب متوجہ ہونے کے پیچھے عالمی ٹیک مارکیٹ میں پیدا ہونے والی اتھل پتھل کو ایک بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے وابستہ کمپنیوں کے شیئروں میں فروخت کا زبردست دباو¿ دیکھا گیا ہے۔ اے آئی کے بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے بے تحاشہ اخراجات اور اس سے حاصل ہونے والے حقیقی منافع کے حوالے سے عالمی سرمایہ کاروں کی تشویش بڑھ گئی ہے۔

عالمی اے آئی شیئروں میں غیر یقینی صورت حال کے باعث سرمایہ کاروں نے ہندوستان جیسے نسبتاً محفوظ بازاروں کا رخ کیا ہے۔ موتی لال اوسوال کی رپورٹ میں بھی اس رجحان کی تائید کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کمپنیوں کے مضبوط سہ ماہی نتائج، بینکنگ اور ٹیلی کام جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری اور سیبی کی جانب سے طویل مدتی کیپٹل گین (ایل ٹی سی جی) ٹیکس ختم کرنے کی ممکنہ سفارش نے بھی بازار میں نئی توانائی پیدا کی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande