ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو پانچویں ون ڈے میں 22 رنز سے ہرایا، سیریز پر 1-3 سے کیا قبضہ
ارشدیپ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار، جبکہ گرنور برار نے سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتا ماونٹ ماونگانوئی، 15 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی تیز گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کے روز پانچویں اور فیصلہ کن ون ڈے مقابلے میں نیوز
میچ


- ارشدیپ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار، جبکہ گرنور برار نے سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتا

ماونٹ ماونگانوئی، 15 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی تیز گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کے روز پانچویں اور فیصلہ کن ون ڈے مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 22 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ بے اوول میں کھیلے گئے کم اسکور والے دلچسپ مقابلے میں ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 42.1 اوور میں 209 رنز بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 48.1 اوور میں 187 رنز پر سمٹ گئی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے نیوزی لینڈ کی سرزمین پر تیسری مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے 2009 اور 2018-19 میں یہاں ون ڈے سیریز جیتی تھی۔

ہندوستان کی جیت میں ارشدیپ سنگھ نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 30 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کیے۔ اکشر پٹیل نے 28 رنز دے کر دو وکٹ لیے، جبکہ محمد سراج نے 50 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ عاقب نبی، یش ٹھاکر اور نمن دھیر کو ایک ایک کامیابی ملی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈین فاکس کرافٹ نے سب سے زیادہ 31 رنز بنائے۔ شاندار گیند بازی کے لیے ارشدیپ سنگھ کو مین آف دی میچ اور سیریز میں 9 وکٹ حاصل کرنے والے گرنور برار کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی اننگز 187 رنز پر سمٹی

210 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات محتاط رہی۔ ٹم سیفرٹ اور ول ینگ نے ابتدائی دو اوور احتیاط سے کھیلے، لیکن محمد سراج نے پانچویں اوور میں سیفرٹ کو 14 رنز کے انفرادی اسکور پر مڈ آن پر کیچ آوٹ کرا دیا۔ نیوزی لینڈ کا پہلا وکٹ 26 رنز پر گرا۔

اس کے بعد ول ینگ اور نک کیلی نے اننگز کو آگے بڑھایا۔ ینگ 42 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر ریتوراج گائیکواڑ کو کیچ دے بیٹھے۔ 64 رنز پر دوسرا وکٹ گرنے کے بعد نک کیلی اور ڈین فاکس کرافٹ نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی۔ ارشدیپ نے 22 رنز بنانے والے کیلی اور فن ایلن کو مسلسل دو اووروں میں آوٹ کرکے نیوزی لینڈ کو 83 رنز پر چوتھا جھٹکا دے دیا۔

اس کے بعد فاکس کرافٹ اور مائیکل بریسویل نے پانچویں وکٹ کے لیے جدوجہد کی۔ دونوں نے ٹیم کا اسکور 116 رنز تک پہنچایا۔ عاقب نبی نے بریسویل کو 19 رنز پر آو¿ٹ کیا، جبکہ یش ٹھاکر نے 42 گیندوں پر 31 رنز بنانے والے فاکس کرافٹ کو پویلین بھیج دیا۔ اس طرح نیوزی لینڈ کا اسکور 119 رنز پر 6 وکٹ ہوگیا۔

کپتان مچل سینٹنر اور کرسچن کلارک نے اس کے بعد اننگز کو سنبھالتے ہوئے ٹیم کا اسکور 155 رنز تک پہنچایا۔ نمن دھیر نے 24 رنز بنا چکے سینٹنر کو آوٹ کرکے اس شراکت داری کو توڑ دیا۔ اس کے بعد ارشدیپ نے کلارک کو 16 رنز پر آوٹ کرکے اپنا تیسرا وکٹ حاصل کیا۔ اکشر پٹیل نے جیکب ڈفی کو وراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ کراکر نیوزی لینڈ کو نواں جھٹکا دیا۔ ڈفی نے 9 رنز بنائے۔

آخری دو اووروں میں نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 23 رنز درکار تھے۔ اکشر پٹیل نے بلیئر ٹکنر کو 14 رنز پر آوٹ کرکے میزبان ٹیم کی اننگز 187 رنز پر ختم کر دی۔

ہندوستانی بلے بازی ایک بار پھر لڑکھڑائی

اس سے پہلے ٹاس جیت کر بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ روہت شرما اور وراٹ کوہلی ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ روہت 7 رنز بنا کر جیکب ڈفی کی گیند پر ڈین فاکس کرافٹ کو کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی 5 رنز بنا کر میتھیو فشر کی گیند پر وکٹ کیپر ٹم سیفرٹ کو کیچ تھما بیٹھے۔ ہندوستان نے 33 رنز پر دو وکٹ گنوا دیے۔

اگلے ہی اوور میں ڈفی نے ریتوراج گائیکواڑ کو 18 رنز کے انفرادی اسکور پر سیفرٹ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرا دیا۔ اس طرح ہندوستان کا اسکور 34 رنز پر تین وکٹ ہوگیا۔

اس کے بعد اکشر پٹیل اور کپتان شریئس ایئر نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں نے چوتھے وکٹ کے لیے 52 رنز جوڑے۔ ایئر نے 26 گیندوں پر 22 رنز بنائے، جس میں تین چوکے شامل تھے۔ انہیں بلیئر ٹکنر نے شارٹ گیند پر پل شاٹ کھیلنے کی کوشش کے دوران کیچ آوٹ کرایا۔ ہندوستان کا چوتھا وکٹ 86 رنز پر گرا۔

اکشر نے ایشان کشن کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان شراکت داری مضبوط ہو رہی تھی، لیکن مائیکل بریسویل نے 55 گیندوں پر 46 رنز بنانے والے اکشر کو ول ینگ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرا دیا۔ اکشر کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ہندوستان نے 121 رنز پر پانچواں وکٹ گنوا دیا۔

اس کے بعد ایشان کشن اور نمن دھیر نے اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے چھٹے وکٹ کے لیے 39 رنز جوڑے۔ نمن 22 گیندوں پر 31 رنز بنا کر مچل سینٹنر کی گیند پر نک کیلی کو کیچ دے بیٹھے۔ سینٹنر نے اس کے بعدعاقب نبی کو 5 رنز اور یش ٹھاکر کو بغیر کوئی رن بنائے آوٹ کرکے ہندوستان کا اسکور 166 رنز پر 8 وکٹ کر دیا۔

ایشان کشن نے 58 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ انہیں ڈفی نے آوٹ کیا۔ اس کے بعد ارشدیپ سنگھ نے محض چار گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے، جبکہ محمد سراج 20 گیندوں پر 14 رنز بنا کر ناٹ آو¿ٹ رہے۔ دونوں نے آخری وکٹ کے لیے 28 رنز جوڑ کر ہندوستان کو 209 رنز تک پہنچایا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈفی نے 60 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کیے۔ سینٹنر نے 47 رنز دے کر تین اور فشر نے 28 رنز دے کر دو وکٹ لیے۔ بریسویل کو ایک وکٹ ملا۔

گمبھیر نے غیر ملکی سرزمین پر پہلی ون ڈے سیریز جیتی

اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے غیر ملکی سرزمین پر اپنی پہلی ون ڈے سیریز جیت لی۔ نیوزی لینڈ نے 2024 میں ہندوستان کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیت کر 12 سال اور مسلسل 18 سیریز سے چلے آ رہے ناقابل شکست سلسلے کو ختم کیا تھا۔

اب ہندوستان نے نیوزی لینڈ کی سرزمین پر اس کے مسلسل سات سال اور 11 دوطرفہ ون ڈے سیریز سے چلے آ رہے جیت کے سلسلے کو توڑ دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نیوزی لینڈ کو اپنی سرزمین پر آخری مرتبہ ون ڈے سیریز میں ہندوستان نے ہی 2019 میں شکست دی تھی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande