کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے آٹھویں ایڈیشن کا لوگو اور شوبھنکر جاری، 11 سے 22 دسمبر تک تلنگانہ میں انعقاد ہوگا
مرکزی وزیرکھیل منسکھ مانڈویا اور وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اجرا کیا، تقریباً 8 ہزارکھلاڑیوں اورشرکاء کی شرکت متوقع، پہلی بار سافٹ بال کو مسابقتی کھیل کے طورپرشامل کیا گیا نئی دہلی، 15 نومبر(ہ س)۔ تلنگانہ میں 11 سے 22 دسمبر تک منعقد ہونے والے کھ
لوگو اور شوبھنکر جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر منسکھ مانڈویا اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی


- مرکزی وزیرکھیل منسکھ مانڈویا اور وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اجرا کیا، تقریباً 8 ہزارکھلاڑیوں اورشرکاء کی شرکت متوقع، پہلی بار سافٹ بال کو مسابقتی کھیل کے طورپرشامل کیا گیا

نئی دہلی، 15 نومبر(ہ س)۔

تلنگانہ میں 11 سے 22 دسمبر تک منعقد ہونے والے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے آٹھویں ایڈیشن کا لوگو اور شوبھنکر اتوارکوجاری کیا گیا۔ مرکزی وزیربرائے امورِ نوجوانان و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویا اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے مشترکہ طور پر اس کی رونمائی کی۔ یہ مقابلے ریاست کے 6 شہروں میں منعقد ہوں گے، جن میں تقریباً 8 ہزار کھلاڑیوں اور شرکاء کی شرکت متوقع ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر مانڈویا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے نوجوانوں کو کھیلوں سے جوڑنے اور ملک کی ترقی کے وسیع تر تصور میں کھیلوں کو اہم مقام دینے پر خصوصی زور دیا ہے۔ مرکزی حکومت کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے پابند عہد ہے۔ کھیلو انڈیا مہم کے تحت یوتھ گیمز، بیچ گیمز، سرمائی کھیلوں اور قبائلی کھیلوں جیسے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کا موقع مل سکے۔

مانڈویا اور وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے انعقاد کے لیے وزیر اعظم کی رہنمائی اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر کھیل نے کہا کہ مرکزی حکومت اور تلنگانہ حکومت مل کر نوجوانوں کو کھیل اپنانے کی ترغیب دیں گی اور ملک میں کھیلوں کا مضبوط کلچر فروغ دینے کی سمت میں کام کریں گی۔

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے کہا کہ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز جیسے پروگرام ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے نشے سے پاک نوجوانوں کے وزیر اعظم کے تصور کو حقیقت میں بدلنے میں مددگار ہیں۔ ایسے پروگرام نوجوانوں کو نشہ آور اشیاء کے استعمال اور دیگر سماجی چیلنجوں سے دور رہ کر مثبت سرگرمیوں سے وابستہ ہونے کی ترغیب دیتے ہیں۔

کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے آٹھویں ایڈیشن کا انعقاد حیدرآباد، کھمم، کریم نگر، ہنمکنڈہ، محبوب نگر اور نظام آباد میں کیا جائے گا۔ مقابلوں میں مجموعی طور پر 29 کھیل شامل ہوں گے، جن میں 27 مسابقتی اور 2 نمائشی کھیل ہوں گے۔

مسابقتی کھیلوں میں تیر اندازی، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، باکسنگ، سائیکلنگ، شمشیر زنی، فٹ بال، گٹکا، جمناسٹکس، ہاکی، جوڈو، کبڈی، کلری پائیتو، کھو کھو، مَلّکھمب، کشتی رانی، نشانہ بازی، تیراکی، سافٹ بال، ٹیبل ٹینس، ٹینس، تھانگ تا، والی بال، ویٹ لفٹنگ، کشتی اور یوگ آسن شامل ہیں۔ سافٹ بال کو پہلی بار کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں مسابقتی کھیل کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ وہیں کشتی رانی اور کرّا سامو کو پہلی بار نمائشی کھیلوں میں جگہ دی گئی ہے۔

کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے لوگو میں تلنگانہ کے مالا مال ثقافتی ورثے اور کھیلوں کے تئیں ریاست کی امنگوں کو 8 اہم عناصر کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔ اس میں زعفرانی اور سبز رنگ کی دوڑتی ہوئی انسانی شکل والا کھیلو انڈیا کا نشان قومی پروگرام، نوجوانوں کی طاقت اور رفتار کی نمائندگی کرتا ہے۔

باپو گھاٹ پر مجوزہ گاندھی سروور کا حصہ گاندھی ٹاور امن، اتحاد اور حیدرآباد کے مستقبل کے تصور کی علامت ہے۔ وہیں کاکتیہ آرٹ توارم ریاست کے مالا مال ورثے اور مہمان نوازی کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔ حسین ساگر میں واقع بدھ کا مجسمہ ہم آہنگی، نظم و ضبط اور امن کی علامت ہے، جبکہ تنگیڑو پھول تلنگانہ کی ثقافتی شناخت اور بتھکما تہوار کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ لوگو میں کھیلوں کی 7 شکلیں ورثے سے وابستہ فن پاروں کے ساتھ کھیلوں کی دنیا کے تنوع کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس کے چاروں طرف بنی نیلی، سبز اور پیلی پٹی رفتار، توانائی اور شمولیت کا پیغام دیتی ہے۔ اس کا نصب العین ’کھیل کا جنون، تلنگانہ کی جان اور پہچان‘ ریاست کی شناخت میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے شوبھنکر کا نام ’نیلمَنی‘ رکھا گیا ہے۔ یہ توانائی، پھرتی اور پختہ عزم کی علامت ہے۔ شوبھنکر نوجوانوں کے کھیل کے جذبے، اپنی ثقافتی جڑوں پر فخر اور مضبوط، صحت مند اور متحد ہندوستان کے ہدف کی عکاسی کرتا ہے۔

اس کے سر کی چوٹی کی شکل توانائی اور آگے بڑھنے کے جذبے کی علامت ہے، جبکہ آنکھیں یکسوئی، ذہانت اور جوش و خروش کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس کی چونچ پختہ عزم اور قائدانہ صلاحیت کا پیغام دیتی ہے۔ نیلے اور فیروزی رنگ کے پر زندہ دلی، آزادی اور خود اعتمادی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ نیلمَنی کی 4 نمایاں خصوصیات زندہ دلی، جرأت، پھرتی اور فخر ہیں، جو کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کی اقدار اور امنگوں کو ظاہر کرتی ہیں۔

پروگرام میں تلنگانہ کے وزیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان واکٹی شری ہری، وزیر برائے آبپاشی و کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ این اتم کمار ریڈی، کھیلوں کے امور کے سرکاری مشیر اور تلنگانہ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر اے پی جتیندر ریڈی اور ریاست کے چیف سکریٹری سنجے جاجو بھی موجود رہے۔ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل اور محکمہ کھیل کے سکریٹری ہری رنجن راؤ سمیت مرکزی اور تلنگانہ حکومت کے سینئر افسران نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande