ایشین چیمپئنز ٹرافی میں ایک بار پھر اعلیٰ معیار قائم کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے: سلیمہ ٹیٹے
نئی دہلی، 14 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان سلیمہ ٹیٹے کو پورا یقین ہے کہ ان کی ٹیم ’مدھیہ پردیش ویمن ایشین چیمپئنز ٹرافی بھوپال 2026‘ میں بھی اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔ تین مرتبہ کی چیمپئن ہندوستانی ٹیم اس سال شاندار کارک
ایشین چیمپئنز ٹرافی میں ایک بار پھر اعلیٰ معیار قائم کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے: سلیمہ ٹیٹے


نئی دہلی، 14 نومبر (ہ س)۔

ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان سلیمہ ٹیٹے کو پورا یقین ہے کہ ان کی ٹیم ’مدھیہ پردیش ویمن ایشین چیمپئنز ٹرافی بھوپال 2026‘ میں بھی اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔ تین مرتبہ کی چیمپئن ہندوستانی ٹیم اس سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد اب اپنے ہوم گراو¿نڈ پر خطاب کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہے۔

ہندوستان اس ٹورنامنٹ میں گزشتہ ماہ جاپان میں منعقدہ ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد شرکت کر رہا ہے۔ اس سے پہلے ٹیم نے ایف آئی ایچ نیشنز کپ بھی جیتا تھا اور ایف آئی ایچ ورلڈ کپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی، جو 1974 کے بعد سے اس کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔

سلیمہ کا ماننا ہے کہ مختلف ٹورنامنٹس میں ٹیم کی مسلسل اچھی کارکردگی نے اس کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور ایک ایسا معیار قائم کیا ہے جسے وہ مستقبل میں بھی برقرار رکھنا چاہتی ہے۔

ہاکی انڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں سلیمہ نے کہا، ”ہم نے ہر ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جاپان میں ایشین گیمز کا طلائی تمغہ جیتا۔ ہماری کارکردگی میں تسلسل رہا ہے۔ ہم نے اپنے لیے جو معیار مقرر کیے ہیں، انہیں برقرار رکھنے اور اپنی کارکردگی کی سطح کو مزید بلند کرنے کی کوشش کریں گے۔“

بھوپال میں ہونے والا یہ ٹورنامنٹ اس سال کا آخری مقابلہ ہے۔ کپتان چاہتی ہیں کہ کھلاڑی اسی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ اس چیلنج کا سامنا کریں جو ان کی حالیہ کامیابیوں کی بنیادی وجہ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا، ”یہ اس سال ہمارے لیے آخری ٹورنامنٹ ہے، اس لیے ہم اس سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کریں گے اور ایک بار پھر دکھائیں گے کہ ہم ایک دوسرے پر کتنا بھروسہ اور اعتماد کرتے ہیں۔“

ایشین گیمز کے فائنل میں ہندوستان نے چین کو شکست دی تھی اور بھوپال میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔ تاہم، سلیمہ نے واضح کر دیا ہے کہ میزبان ٹیم اپنی تیاریوں کا انحصار حریف ٹیموں کے مطابق نہیں کرے گی۔

ہندوستانی ٹیم میں تجربہ کار گول کیپر سویتا شامل نہیں ہوں گی، جنہیں آرام دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ بنسری سولنکی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ بیچو دیوی بھی گول کیپر کے طور پر ایک متبادل ہوں گی۔

سلیمہ نے کہا، ”تجربے کے لحاظ سے فرق ضرور ہے، لیکن ہمارے پاس بیچو (دیوی) ہیں، جو پورے سال بہترین فارم میں رہی ہیں۔ وہیں بنسری بہت محنتی ہیں اور ہمیشہ کچھ نیا سیکھنے کے لیے بے تاب رہتی ہیں، جو ایک مثبت بات ہے۔ ٹیم میں شامل ہونے والے ہر کھلاڑی پر ہمیں پورا بھروسہ ہے اور گول کیپرز کے معاملے میں بھی یہی بات لاگو ہوتی ہے۔“

اس ٹورنامنٹ کے ذریعے بھوپال میں پہلی بار بین الاقوامی ہاکی مقابلوں کا انعقاد ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے یہ موقع مزید خاص بن گیا ہے۔

مدھیہ پردیش ویمن ایشین چیمپئنز ٹرافی بھوپال 2026 کا انعقاد 19 سے 28 نومبر تک ہوگا۔ تین مرتبہ کی چیمپئن ہندوستانی ٹیم اس بار بھی خطاب جیتنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande