ہندوستان سیف چیمپئن شپ کے فائنل میں، سیمی فائنل میں بھوٹان کو 2-1 سے شکست دی
پی وی وشنو اور چنگلین سانا سنگھ نے گول کیے، پہلی بار ٹورنامنٹ میں وی اے آر کا استعمال ہوا ڈھاکہ، 14 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی فٹ بال ٹیم نے ہفتہ کے روز ڈھاکہ کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلے میں بھوٹان کو 2-1 سے شکست دے کر سیف چیمپئ
ہندوستان سیف چیمپئن شپ کے فائنل میں، سیمی فائنل میں بھوٹان کو 2-1 سے شکست دی


پی وی وشنو اور چنگلین سانا سنگھ نے گول کیے، پہلی بار ٹورنامنٹ میں وی اے آر کا استعمال ہوا

ڈھاکہ، 14 نومبر (ہ س)۔

ہندوستانی فٹ بال ٹیم نے ہفتہ کے روز ڈھاکہ کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلے میں بھوٹان کو 2-1 سے شکست دے کر سیف چیمپئن شپ 2026 کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ ہندوستان کی جانب سے پی وی وشنو اور چنگلین سانا سنگھ کونشام نے گول کیے، جبکہ بھوٹان کی جانب سے کنزانگ تاشی توبدین نے ایک گول کیا۔ اس مقابلے کے دوران پہلی بار ٹورنامنٹ میں ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا گیا۔

نوشاد موسیٰ کی رہنمائی میں کھیل رہی ہندوستانی ٹیم اب ریکارڈ دسویں مرتبہ سیف چیمپئن شپ کا خطاب جیتنے کی تیاری میں ہے۔ فائنل میں اس کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔

گروپ مرحلے کے مقابلوں کی طرح ہندوستان اس میچ میں بھی گیند پر اپنا مکمل غلبہ قائم نہیں کر سکا۔ بھوٹان کی مضبوط دفاعی صفوں کے سامنے ہندوستانی کھلاڑیوں کو گول کرنے کے مواقع پیدا کرنے میں دشواری پیش آئی۔ تاہم، نویں منٹ میں ہندوستان نے برتری حاصل کر لی۔

تقریباً آدھے گھنٹے کے کھیل کے دوران ہندوستان نے اپنی برتری دوگنی کر دی۔ مینگلین تھانگ کِپگین کی کارنر کِک پر بھوٹان کے دفاعی کھلاڑیوں سے غلطی ہوئی اور چنگلین سانا نے قریب سے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا دیا۔

دوسرے ہاف میں بھوٹان نے زیادہ جارحانہ انداز اختیار کیا اور براہ راست حملوں کے ذریعے ہندوستان پر دباو¿ بنایا۔ اس کا فائدہ اسے 48ویں منٹ میں ملا، جب ہندوستانی کھلاڑی پنالٹی ایریا میں آنے والی فری کِک کو پوری طرح صاف نہیں کر سکے۔ چنچو گیلٹشن نے بائیں جانب سے گیند حاصل کی اور اسے زمین پر مارتے ہوئے دور والے پوسٹ کی طرف بھیج دیا۔ وہاں کنزانگ تاشی توبدین نے ہیڈر کے ذریعے گیند کو خالی گول میں پہنچا دیا۔ ابتدا میں اسسٹنٹ ریفری نے آف سائیڈ کا اشارہ دیا تھا، لیکن وی اے آر کے جائزے کے بعد گول کو درست قرار دے دیا گیا۔

اس کے بعد ہندوستان کو دوبارہ دو گول کی برتری حاصل کرنے کا موقع ملا۔ بھوٹان کے پنالٹی ایریا میں گیند نیما وانگڈی کے ہاتھ سے ٹکراتی دکھائی دی، جس پر ریفری نے پنالٹی دے دی۔ تاہم، وی اے آر کے جائزے کے بعد ریفری نے اپنا فیصلہ تبدیل کر لیا اور ہندوستان کو پنالٹی نہیں ملی۔

85ویں منٹ میں سہیل بھٹ کے پاس ہندوستان کی برتری مضبوط کرنے کا بہترین موقع تھا۔ وہ گیند لے کر پنالٹی ایریا میں پہنچے اور بائیں پاو¿ں سے دفاعی کھلاڑی کو چکمہ دینے کے بعد دائیں پاو¿ں سے شاٹ لگایا، لیکن گیند کراس بار سے ٹکرا کر واپس آگئی۔

بھوٹان نے برابری حاصل کرنے کے لیے آخری لمحات تک کوششیں جاری رکھیں۔ گیلٹشن نے متبادل کھلاڑی کنزانگ تنزن کی جانب گیند اچھالی، لیکن وہ ان کی پہنچ سے کچھ دور رہ گئی۔ انجری ٹائم کے چوتھے منٹ میں نوربو نے پنالٹی ایریا کے باہر سے وولی شاٹ لگایا، لیکن ان کا شاٹ ہدف سے کافی دور چلا گیا۔

میچ کے آخری لمحات میں تاندن زیوانگ نے بائیں جانب سے آنے والے کراس پر ہیڈر لگاتے ہوئے گیند کو گول کے سامنے پہنچایا، لیکن کنزانگ گیند سے چند انچ دور رہ گئے۔ اس طرح بھوٹان اضافی وقت تک مقابلہ لے جانے کا موقع گنوا بیٹھا اور ہندوستان نے 2-1 کی جیت کے ساتھ فائنل میں جگہ بنا لی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande