
۔338 رن کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا، موہت الوا نے 26 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 49 رن بنا کر دلائی سنسنی خیز جیت
العامرات (عمان)، 14 نومبر (ہ س)۔ ہندوستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ہفتہ کو سنسنی خیز مقابلے میں روایتی حریف پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر 2026 اے سی سی مردوں کے انڈر 19 ایشیا کپ کا خطاب جیت لیا۔ العامرات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میں ہندوستان نے 338 رن کا بڑا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔ ہندوستانی ٹیم نے نو وکٹ کے نقصان پر 339 رن بنا کر مقابلہ اپنے نام کیا۔
ہندوستان کی اس یادگار جیت میں موہت الوا اور منل چوہان نے اہم کردار ادا کیا۔ الوا نے دباؤ کے باوجود 26 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 49 رن بنائے اور ٹیم کو ہدف تک پہنچایا۔ ان کے ساتھ چگوروپتی وینکٹ نے آٹھ گیندوں پر ناٹ آؤٹ 11 رن بنا کر اہم تعاون دیا۔
ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری پاکستان کی ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں نو وکٹ کے نقصان پر 337 رن بنائے۔ عثمان خان نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 111 گیندوں پر 107 رن کی سنچری اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ عبدالقادر نے 54 گیندوں پر 80 رن بنا کر تیزی سے رن جوڑے۔ ان کی اننگز میں آٹھ چھکے اور تین چوکے شامل رہے۔
پاکستانی کپتان فرحان یوسف نے بھی 60 گیندوں پر 63 رن بنائے، جبکہ احمد حسین نے 17 رن کا تعاون دیا۔ ہندوستان کی جانب سے کاویا پٹیل سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے 68 رن دے کر چار وکٹ حاصل کیے۔ چگوروپتی وینکٹ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
338 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کو کپتان لکشیہ راجیش رائے چندانی نے محتاط آغاز فراہم کیا۔ انہوں نے 101 گیندوں پر 80 رن بنائے۔ آریہ ویر سہواگ نے 61 گیندوں پر 58 رن کا تعاون دیا۔ منل چوہان نے 32 گیندوں پر جارحانہ انداز میں 47 رن بنا کر ہندوستان کی جیت کی امیدیں برقرار رکھیں۔
تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث ہندوستانی ٹیم دباو میں آ گئی۔ ایسے مشکل وقت میں موہت الوا نے تیز بلے بازی کرتے ہوئے مقابلے کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے ناٹ آؤٹ 49 رن کی اننگز کھیل کر ہندوستان کو جیت کے قریب پہنچایا۔ چگوروپتی وینکٹ نے بھی آخری وقت تک ان کا ساتھ دیا اور ہندوستان نے آخری اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے تین وکٹ لیے، جبکہ نقاب شفیق کو دو وکٹ ملے۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے دباو سے بھرے فائنل میں تحمل اور جدوجہد کا مظاہرہ کرتے ہوئے براعظمی خطاب اپنے نام کر لیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد