پیوش گوئل 15 اور 16 نومبر کو مصر کے دورے پر، 130 سے زائد صنعتی نمائندے بھی جائیں گے
نئی دہلی، 14 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل 15 اور 16 نومبر کو مصر کے سرکاری دورے پر رہیں گے۔ اس دوران وہ ہندوستان اور مصر کی مشترکہ تجارتی کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور
پیوش گوئل 15 اور 16 نومبر کو مصر کے دورے پر، 130 سے زائد صنعتی نمائندے بھی جائیں گے


نئی دہلی، 14 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل 15 اور 16 نومبر کو مصر کے سرکاری دورے پر رہیں گے۔ اس دوران وہ ہندوستان اور مصر کی مشترکہ تجارتی کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے ساتھ صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔ ان کے ساتھ 130 سے زائد صنعت کاروں اور اسٹارٹ اپ نمائندوں پر مشتمل اعلیٰ سطحی ہندوستانی کاروباری وفد بھی مصر جائے گا۔

مرکزی وزارت تجارت و صنعت کے مطابق، قاہرہ میں 15 نومبر کو ہونے والے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ صدارت پیوش گوئل اور مصر کے وزیر سرمایہ کاری و خارجہ تجارت ڈاکٹر محمد فرید صالح کریں گے۔ اس کمیٹی کو وزارتی سطح پر ترقی دی گئی ہے۔ اجلاس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ تجارت کے دائرے کو وسیع اور متنوع بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اجلاس میں منڈیوں تک رسائی، غیر محصولات سے متعلق رکاوٹیں، تجارتی اقدامات، زراعت اور غذائی مصنوعات، ادویات و صحت کی خدمات، انجینئرنگ مصنوعات، کیمیکلز و پیٹروکیمیکلز، کھاد، ٹیکسٹائل، چھوٹی اور درمیانی صنعتیں، کسٹمز تعاون، خدمات، قابل تجدید توانائی، گرین ہائیڈروجن، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران اشیاء کی دوطرفہ تجارت 5.04 ارب امریکی ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 64 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 26-2025 میں ہندوستان نے مصر کو 3.87 ارب ڈالر کی اشیاء برآمد کیں، جبکہ مصر سے 2.60 ارب ڈالر کی درآمدات کیں۔ ہندوستان کی اہم برآمدات میں گوشت اور پولٹری مصنوعات، پیٹرولیم مصنوعات، نامیاتی کیمیکلز، کپاس اور مشینری شامل ہیں۔ وہیں مصر سے خام پیٹرولیم، کھاد، کپاس اور معدنی مصنوعات اہم درآمدات ہیں۔

دورے کے دوران ہندوستان-مصر مشترکہ تجارتی کونسل کا اجلاس اور ہندوستان-مصر تجارتی فورم بھی منعقد ہوگا۔ اس میں دونوں ممالک کے کاروباری نمائندے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے، مشترکہ کاروباری منصوبے قائم کرنے، تکنیکی شراکت داری اور صنعتی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ہندوستانی وفد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 130 سے زائد چیف ایگزیکٹیو افسران اور سینئر صنعتی نمائندے شامل ہوں گے۔

پیوش گوئل مصر کے سینئر وزراء کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ افریقی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (افریکسِم بینک)، مصر کی جونیئر بزنس مین ایسوسی ایشن اور مصر-ہندوستان اسٹارٹ اپ فورم کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ ہندوستان-مصر اسٹارٹ اپ فورم میں تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کے نئے مواقع پر غور کیا جائے گا۔

دونوں ممالک سویز کینال اکنامک زون، صنعتی ترقی، مینوفیکچرنگ، بنیادی ڈھانچے، بندرگاہوں، لاجسٹکس اور علاقائی سپلائی چین میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ مصر کا جغرافیائی محل وقوع ہندوستانی کمپنیوں کو افریقہ، مغربی ایشیا اور یورپ کی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande