دہلی کے 600 کاروباری اداروں کو ای کامرس پلیٹ فارم سے جوڑا گیا: سرسا
نئی دہلی، 14 نومبر (ہ س)۔ دہلی حکومت چھوٹے اور مائیکرو کاروباری اداروں کو بااختیار بنانے کے مقصد سے چلائی جا رہی تربیتی مہم کے تحت پانچ ماہ سے بھی کم عرصے میں 450 ورکشاپس منعقد کر چکی ہے۔ اس کے ذریعے دہلی کے 600 کاروباری اداروں کو مختلف ای کامرس
دہلی کے 600 کاروباری اداروں کو ای کامرس پلیٹ فارم سے جوڑا گیا: سرسا


نئی دہلی، 14 نومبر (ہ س)۔

دہلی حکومت چھوٹے اور مائیکرو کاروباری اداروں کو بااختیار بنانے کے مقصد سے چلائی جا رہی تربیتی مہم کے تحت پانچ ماہ سے بھی کم عرصے میں 450 ورکشاپس منعقد کر چکی ہے۔ اس کے ذریعے دہلی کے 600 کاروباری اداروں کو مختلف ای کامرس پلیٹ فارمز سے بھی جوڑا گیا ہے۔ دہلی کے صنعتوں کے وزیر منجندر سنگھ سرسا نے محکمہ کے تحت کام کرنے والے دہلی اسٹیٹ انڈسٹریل اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ڈی ایس آئی آئی ڈی سی) کے اہم کاموں کا جائزہ لینے کے دوران اس پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

وزیر سرسا نے ہفتہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ بوانا یا سنگم وہار میں ایک کمرے سے اپنا کاروبار چلانے والے شخص کو بھی مارکیٹ، قرض اور کاروباری رہنمائی کے وہی مواقع ملنے چاہئیں جو کسی بڑی کمپنی کو دستیاب ہوتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ یہ سہولیات چھوٹے کاروباری افراد تک ان کے کام کی جگہ پر پہنچائی جائیں۔ ہمارا مقصد صرف تربیت دینا نہیں بلکہ انہیں کاروبار کو وسعت دینے اور نئی منڈیوں سے جڑنے کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ تربیتی ورکشاپس مرکزی حکومت کی رائزنگ اینڈ ایکسیلیریٹنگ ایم ایس ایم ای پرفارمنس (آر اے ایم پی) اسکیم کے تحت منعقد کی جا رہی ہیں۔ 25 جون سے 13 نومبر کے درمیان دہلی کے 28 مقامات پر منعقدہ ان ورکشاپس میں مجموعی طور پر 19,931 شرکاءنے حصہ لیا۔ ان تمام شرکاء کا تعلق چھوٹے اور مائیکرو کاروباری اداروں سے تھا۔

تربیتی پروگرام بوانا، نریلا، اوکھلا، منڈکا، نانگلوئی، جہانگیر پوری اور سنگم وہار سمیت مختلف صنعتی اور رہائشی علاقوں میں منعقد کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 600 کاروباری اداروں کو ای کامرس پلیٹ فارمز پر شامل کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے 244 کاروباری ادارے مرکزی حکومت کے تعاون سے چلنے والے اوپن نیٹ ورک فار ڈیجیٹل کامرس (او این ڈی سی) اور 17 کاروباری ادارے گورنمنٹ ای مارکیٹ پلیس (جیم) سے منسلک ہیں۔ اس کے علاوہ 44 کاروباری ادارے فلپ کارٹ، 10 ایمیزون جبکہ 285 کاروباری ادارے میشو، جیو مارٹ، انسٹا مارٹ اور بلنک اِٹ جیسے نجی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اپنی موجودگی درج کرا چکے ہیں۔

وزیر سرسا کی خصوصی توجہ تربیت حاصل کرنے والے کاروباری افراد کو وسیع منڈی فراہم کرنے پر ہے، تاکہ وہ صرف تربیت تک محدود نہ رہیں بلکہ ڈیجیٹل سیلز پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنی مصنوعات کو مقامی منڈیوں سے آگے ملک بھر کے صارفین تک پہنچا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس پہل کے مثبت نتائج کی مثالیں بھی سامنے آئی ہیں۔ ’ہنی والی‘ برانڈ کے تحت خالص اور قدرتی شہد کا کاروبار کرنے والی پروین گولا نے بتایا کہ پہلے وہ بنیادی طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی مصنوعات فروخت کرتی تھیں۔ تربیت کے دوران حاصل ہونے والی رہنمائی کی بدولت انہوں نے اضافی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اپنے کاروبار کا اندراج کرایا اور ایک بڑا تھوک آرڈر بھی حاصل کیا۔

وزیر سرسا نے بتایا کہ ورکشاپس کے دوران کاروباری افراد نے قرض کی اسکیموں کے بارے میں محدود معلومات، باضابطہ مالی امداد تک رسائی میں مشکلات، مقامی منڈیوں پر انحصار اور لائسنس، سرٹیفکیشن سمیت دیگر ضابطہ جاتی کارروائیوں کے حوالے سے رہنمائی کی کمی جیسے مسائل اٹھائے۔

ان چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگرام کے تحت مالیاتی نظم و ضبط اور حساب کتاب، کاروبار کے لیے نئی منڈیوں تک رسائی اور مرکزی و ریاستی حکومت کی مختلف اسکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اس پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 824 تربیتی ورکشاپس منعقد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صنعتوں کے وزیر نے جنوری 2027 تک تمام تربیتی ورکشاپس مکمل کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی میں ادیم پورٹل پر رجسٹرڈ کاروباری اداروں کی تعداد 12.64 لاکھ ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande