
نئی دہلی، 13 نومبر (ہ س)۔ سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں منعقدہ یوتھ اولمپکس 2026 میں ہندوستان نے تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 10 تمغے جیتے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے دوسونا، تین چاندی اور پانچ کانسہ کے تمغوں کے ساتھ اپنی مہم ختم کی۔ ان تمغوں میں کھیلو انڈیا کے پانچ کھلاڑیوں تنوی پاتری(بیڈمنٹن)، خوشبو راجک بھائی (جوڈو)، شوریہ امبورے(ایتھلیٹکس)، گنجن(باکسنگ)اور تیرتھنک پیگو (تیراکی) کا بھی اہم تعاون رہا۔
ہندوستانی دستے کے 17 میں سے 9 کھلاڑیوں نے تمغے جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ تیراک دھندھی دیسِنگھو نے تاریخ رقم کرتے ہوئے یوتھ اولمپکس کے ایک ہی ایڈیشن میں دو تمغے جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ اس سے پہلے ٹارگٹ اولمپک پوڈیم اسکیم (ٹاپس) کا بھی حصہ رہ چکی ہیں۔ڈاکار میں ہندوستان کی 10 تمغوں کی کامیابی یوتھ اولمپکس کی تاریخ میں ملک کی دوسری بہترین کارکردگی ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے 2018 کے یوتھ اولمپکس میں 13 تمغے جیتے تھے۔ اس بار باکسر گنجن اور ایل امبیکر میتئی نے ہندوستان کو باکسنگ میں پہلی بار سونے کے تمغے دلائے۔ شوریہ امبورے نے ایتھلیٹکس میں ہندوستان کے لیے پہلا تمغہ جیتا، جبکہ تانیا نے یوتھ اولمپکس میں کشتی کے مقابلے میں ہندوستان کا پہلا تمغہ حاصل کیا۔
ہندوستان نے ان کھیلوں میں 11 کھیلوں میں حصہ لیا اور سات کھیلوں میں تمغے جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔ تیراکی، بیچ ریسلنگ اور ووشو میں ہندوستان نے پہلی بار تمغے حاصل کیے۔ باکسنگ میں بھی پہلی بار یوتھ اولمپکس کا سونے کا تمغہ ہندوستان کے نام ہوا۔ ایل امبیکر میتئی نے لڑکوں کے 50 کلوگرام زمرے اور گنجن نے لڑکیوں کے 48 کلوگرام زمرے میں طلائی تمغے جیتے۔ دو سونے کے تمغوں کے ساتھ ہندوستان نے یوتھ اولمپکس کے کسی ایک ایڈیشن میں اپنا دوسرا بہترین طلائی تمغوں کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔باکسنگ کے علاوہ دیگر کھیلوں میں بھی ہندوستانی کھلاڑیوں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ تیراکی ہندوستان کا سب سے کامیاب کھیل رہا، جہاں ملک نے مجموعی طور پر تین تمغے جیتے۔ یوتھ اولمپکس میں تیراکی کے مقابلوں میں ہندوستان کے یہ پہلے تین عالمی سطح کے تمغے ہیں۔
بیڈمنٹن میں تنوی پاتری نے لڑکیوں کے سنگلز مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ وہ یوتھ اولمپکس میں بیڈمنٹن کا تمغہ حاصل کرنے والی پہلی ہندوستانی خاتون کھلاڑی بن گئیں۔ بیچ ریسلنگ میں تانیا نے لڑکیوں کے 75 کلوگرام فری اسٹائل زمرے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ یوتھ اولمپکس میں بیچ ریسلنگ کا یہ ہندوستان کا پہلا تمغہ ہے۔ایتھلیٹکس میں شوریہ امبورے نے لڑکیوں کی 100 میٹر رکاوٹوں والی دوڑ میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ وہ یوتھ اولمپکس میں ایتھلیٹکس کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بنیں۔ اس کے علاوہ، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے امپھال میں واقع نیشنل سینٹر آف ایکسی لینس کی کھلاڑی راجکماری لانچینبی چانو نے ووشو کے لڑکیوں کے چانگ کوان مشترکہ مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ یوتھ اولمپکس میں ووشو میں ہندوستان کا یہ پہلا تمغہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan