ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچ شائقین کے لیے مفت ہوں گے
نئی دہلی، 13 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی بھوپال کے تمام میچوں میں شائقین کو مفت داخلہ دیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا نواں ایڈیشن 19 سے 28 نومبر تک بھوپال کے ناتھو برکھیڑا واقع بین الاقوامی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگا۔ اس مقابلے
ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچ شائقین کے لیے مفت ہوں گے


نئی دہلی، 13 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی بھوپال کے تمام میچوں میں شائقین کو مفت داخلہ دیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا نواں ایڈیشن 19 سے 28 نومبر تک بھوپال کے ناتھو برکھیڑا واقع بین الاقوامی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگا۔ اس مقابلے کے دوران مجموعی طور پر 20 میچ کھیلے جائیں گے۔

ہاکی انڈیا کے مطابق مفت داخلہ پاس حاصل کرنے کے لیے شائقین ٹکٹ جنی کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ اس کے بعد میچوں کی فہرست میں سے اپنی پسند کے مقابلے کا انتخاب کرکے ڈیجیٹل داخلہ پاس حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اس پاس پر کیو آر کوڈ موجود ہوگا، جسے اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت اسکین کرانا لازمی ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے کے مقابلے 19 سے 25 نومبر تک کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد 27 نومبر کو سیمی فائنل مقابلے ہوں گے، جبکہ 28 نومبر کو تمغوں کے لیے میچ کھیلے جائیں گے۔ہاکی انڈیا نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ملک میں ہاکی کے ماحول کو مزید مضبوط بنانا، ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو زیادہ مواقع فراہم کرنا اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کو عام شائقین تک پہنچانا ہے۔

ہاکی انڈیا کے صدر ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے کہا کہ شائقین کے لیے داخلہ مفت کرنا بھوپال کے لوگوں کو بین الاقوامی خواتین ہاکی سے قریب لانے کا بہترین طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ مدھیہ پردیش ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی ایسا ایونٹ بنے، جہاں خاندان، نوجوان کھلاڑی اور ہاکی کے شائقین اعلیٰ سطح کے مقابلوں کے جوش و خروش کا تجربہ کرسکیں۔

ہاکی انڈیا کے جنرل سکریٹری اور ایشین ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر بھولا ناتھ سنگھ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اس باوقار مقابلے کے تمام میچ شائقین کے لیے بغیر کسی داخلہ فیس کے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھوپال کے لوگوں کو ایشیا کی بہترین خواتین ہاکی کھلاڑیوں میں سے بعض کو میدان میں کھیلتے ہوئے دیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہیں امید ہے کہ اسٹیڈیم شائقین سے بھرا رہے گا۔ اس طرح کے اقدامات کھیل اور اس کے مداحوں کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ اگلی نسل کے ہاکی کھلاڑیوں کو بھی تحریک دیتے ہیں۔

میزبان ہندوستانی ٹیم 19 نومبر کو افتتاحی تقریب کے بعد ملائیشیا کے خلاف اپنا پہلا لیگ میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد ہندوستان کا مقابلہ 21 نومبر کو جنوبی کوریا، 22 نومبر کو تھائی لینڈ، 24 نومبر کو چین اور 25 نومبر کو جاپان سے ہوگا۔ جاپان کے خلاف میچ کے ساتھ ہی ہندوستان کا لیگ مرحلہ مکمل ہوجائے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande