چوتھے ون ڈے میں ہندوستان کی شرمناک شکست، نیوزی لینڈ نے 244 رنوں سے روندا
334- رنوں کے ہدف کے جواب میں ہندوستانی ٹیم 89 رنوں پر ڈھیر، میٹ ہنری نے چھ وکٹیں حاصل کیں پانچ میچوں کی سیریز میں ہندوستان 1-2 سے آگے ماونٹ ماونگانوئی، 13 نومبر (ہ س)۔نیوزی لینڈ نے جمعہ کو چوتھے ون ڈے مقابلے میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو 244 رنوں سے
نیوزیلینڈ


334- رنوں کے ہدف کے جواب میں ہندوستانی ٹیم 89 رنوں پر ڈھیر، میٹ ہنری نے چھ وکٹیں حاصل کیں

پانچ میچوں کی سیریز میں ہندوستان 1-2 سے آگے

ماونٹ ماونگانوئی، 13 نومبر (ہ س)۔نیوزی لینڈ نے جمعہ کو چوتھے ون ڈے مقابلے میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو 244 رنوں سے شرمناک شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں واپسی کی۔ تاہم اس شرمناک شکست کے باوجود ہندوستان سیریز میں 1-2 سے آگے ہے۔ تیسرا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ 15 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

بے اوول میدان پر 334 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم 26.4 اوور میں محض 89 رنوں پر سمٹ گئی۔ نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز میٹ ہنری نے تباہ کن گیند بازی کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں اور ہندوستانی بلے بازی کی کمر توڑ دی۔ اس سے قبل ول ینگ کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں 333 رن بنائے تھے۔

رنوں کے لحاظ سے ون ڈے میں ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی شکست

رنوں کے لحاظ سے یہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی شکست ہے۔ اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم کو 29 اکتوبر 2000 کو شارجہ میں سری لنکا کے خلاف 245 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس مقابلے میں سری لنکا نے سنتھ جے سوریا کے 189 رنوں کی بدولت 299 رن بنائے تھے، جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم 26.3 اوور میں محض 54 رنوں پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ اب نیوزی لینڈ کے خلاف 244 رنوں کی شکست اس فہرست میں دوسرے مقام پر آ گئی ہے۔

پہلے ہی اوور میں تین بڑے جھٹکے

334 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز میٹ ہنری نے پہلے ہی اوور میں ہندوستانی بلے بازی کو تہس نہس کر دیا۔ انہوں نے پہلی گیند پر روہت شرما کو پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی اور کپتان شریئس ایئر بھی بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہو گئے۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم نے پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے تین اہم وکٹیں گنوا دیں۔

ابتدائی جھٹکوں سے ہندوستانی ٹیم سنبھل نہیں سکی۔ رتوراج گائیکواڑ پانچ رن بنا کر آوٹ ہوئے۔ ایشان کشن نے 53 گیندوں پر 27 رن بنا کر کچھ دیر جدوجہد کی، لیکن انہیں دوسرے سرے سے مطلوبہ تعاون نہیں ملا۔ اکشر پٹیل اور نمن دھیر نے 21-21 رن بنائے۔ عاقب نبی نے پانچ اور گرنور برار نے دو رن بنائے، جبکہ کلدیپ یادو ایک رن بنا کر آوٹ ہوئے۔ ارشدیپ سنگھ بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آوٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے 9.4 اوور میں 27 رن دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ میتھیو فشر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح ہندوستانی اننگز 89 رنوں پر ختم ہو گئی اور نیوزی لینڈ نے یہ مقابلہ 244 رنوں سے جیت لی۔

ینگ کی سنچری اور سیفرٹ کی اننگز سے نیوزی لینڈ نے بنایا بڑا اسکور

اس سے پہلے ہندوستانی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے سلامی بلے باز ول ینگ اور ٹم سیفرٹ نے ٹیم کو مضبوط شروعات دلائی۔ دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے 85 رن جوڑے۔ سیفرٹ نے 48 گیندوں پر چھ چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے 58 رن بنائے۔

فن ایلن نے بھی جارحانہ انداز میں بلے بازی کی۔ انہوں نے 30 گیندوں پر 41 رن بنائے۔ وہیں دوسرے سرے پر ول ینگ نے ہندوستانی گیند بازوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور شاندار سنچری بنائی۔ ینگ نے 108 گیندوں پر 125 رنوں کی اننگز کھیلی، جس میں 14 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔

ینگ کے علاوہ مائیکل بریسویل نے 15، کپتان مچل سینٹنر نے 24 اور کرسچین کلارک نے 22 رن بنائے۔ کائل جیمیسن 19 رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوور میں 333 رن بنانے میں کامیاب رہی۔

ہندوستان کی جانب سے اکشر پٹیل، گرنور برار اور عاقب نبی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ارشدیپ سنگھ اور نمن دھیر کو ایک، ایک وکٹ ملی۔ شاندار سنچری اننگز کے لیے ول ینگ کو پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔

ہندوستان ون ڈے تاریخ کی سب سے بڑی شکست سے صرف ایک رن پیچھے رہا

نیوزی لینڈ کے خلاف 244 رنوں کی شکست نے ہندوستانی ون ڈے کرکٹ تاریخ کے ایک پرانے ریکارڈ کی یاد تازہ کر دی۔ رنوں کے لحاظ سے ہندوستان کی سب سے بڑی شکست 245 رنوں کی ہے، جو 29 اکتوبر 2000 کو شارجہ میں سری لنکا کے خلاف درج ہوئی تھی۔ اس مقابلے میں ہندوستانی ٹیم محض 54 رنوں پر سمٹ گئی تھی۔ اب 13 نومبر 2026 کو نیوزی لینڈ کے خلاف 244 رنوں کی شکست اس ریکارڈ سے صرف ایک رن پیچھے ہے۔

رنوں کے لحاظ سے ہندوستان کی پانچ سب سے بڑی ون ڈے شکستیں درج ذیل ہیں:

1. 245 رن — سری لنکا کے خلاف، شارجہ، 29 اکتوبر 2000۔

2. 244 رن — نیوزی لینڈ کے خلاف، ماو¿نٹ ماو¿ نگانوئی، 13 نومبر 2026۔

3. 214 رن — جنوبی افریقہ کے خلاف، ممبئی، 25 اکتوبر 2015۔

4. 180 رن — پاکستان کے خلاف، لندن، 18 جون 2017۔

5. 161 رن — سری لنکا کے خلاف، کنگسٹن، 2 جولائی 2013۔

تاہم، 89 رنوں پر سمٹ جانا ون ڈے کرکٹ میں ہندوستان کا سب سے کم اسکور نہیں ہے۔ ہندوستانی ٹیم کا ون ڈے میں سب سے کم اسکور 54 رن ہے، جو سری لنکا کے خلاف سال 2000 میں بنا تھا۔ ہندوستان کے سب سے کم ون ڈے اسکور کی فہرست میں اس کے بعد 63 رن (آسٹریلیا کے خلاف، 1981)، 78 رن (سری لنکا کے خلاف، 1986)، 79 رن (پاکستان کے خلاف، 1978) اور 88 رن (نیوزی لینڈ کے خلاف، 2010) درج ہیں۔

سیریز میں ہندوستان اب بھی آگے

اس شکست کے باوجود ہندوستانی ٹیم پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1-2 سے آگے ہے۔ تیسرا مقابلہ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔ اب سیریز کا پانچواں اور آخری مقابلہ 15 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم کی کوشش آخری مقابلے میں جیت درج کرکے سیریز اپنے نام کرنے کی ہوگی، جبکہ نیوزی لینڈ کی نظریں سیریز برابر کرنے پر رہیں گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande