ڈیبیو میچ میں مہلی بیئرڈمین نے لی چھ وکٹیں، آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دی
پرتھ، 13 نومبر (ہ س)۔ آسٹریلیا کے نوجوان تیز گیند باز مہلی بیئرڈمین نے اپنے ون ڈے کریئر کا یادگار آغاز کرتے ہوئے پہلے ہی میچ میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی شاندار گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے مقابلے میں انگلینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی
ڈیبیو میچ میں مہلی بیئرڈمین نے لی چھ وکٹیں، آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دی


پرتھ، 13 نومبر (ہ س)۔ آسٹریلیا کے نوجوان تیز گیند باز مہلی بیئرڈمین نے اپنے ون ڈے کریئر کا یادگار آغاز کرتے ہوئے پہلے ہی میچ میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی شاندار گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے مقابلے میں انگلینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ پرتھ میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 33.4 اوور میں محض 131 رن پر سمٹ گئی۔ جواب میں آسٹریلیا نے 23.3 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر 132 رن بناکر 159 گیندیں باقی رہتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔

21 سالہ بیئرڈمین نے 7.4 اوور میں 24 رن دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ون ڈے ڈیبیو پر کسی آسٹریلیائی گیند باز کی بہترین کارکردگی ہے۔ پاکستان میں بلے بازی کے لیے سازگار حالات میں کھیلنے کے بعد آسٹریلیا پہنچی انگلینڈ کی ٹیم کو پرتھ کی تیز رفتار اور اچھال والی پچ پر کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا، جو جلد ہی درست ثابت ہوا۔ اسپینسر جانسن نے بین ڈکٹ کو آؤٹ کرکے انگلینڈ کو پہلا جھٹکا دیا۔ ٹام بینٹن نے پانچ چوکے لگائے، لیکن وہ بھی زیادہ دیر کریز پر نہیں ٹک سکے۔ انگلینڈ نے محض 38 رن تک دو وکٹیں گنوا دی تھیں۔

اس کے بعد بیئرڈمین نے گیند بازی کی کمان سنبھالی اور انگلینڈ کے بلے بازی کی کمر توڑ کررکھ دی۔ دسویں اوور میں گیند بازی کے لیے آئے بیئرڈمین نے ہیری بروک کو اندر کی جانب آتی گیند سے چکمہ دیا۔ گیند بلے کا کنارہ لیتی ہوئی وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنا 200واں ون ڈے کھیل رہے تجربہ کار بلے باز جو روٹ کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔

بیئرڈمین کا قہر یہیں نہیں رکا۔ انہوں نے جارڈن کاکس کو وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا، جبکہ سیم کرن کو شارٹ گیند پر اپنا شکار بنایا۔ لیام ڈاسن کی وکٹ لے کر انہوں نے انگلینڈ کی مشکلات مزید بڑھا دیں۔ محض 28 گیندوں کے اندر پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے بیئرڈمین کی رفتار، اچھال اور گیند کے رخ میں تبدیلی کا انگلینڈ کے مڈل آرڈر کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ ایک وقت انگلینڈ کا اسکور سات وکٹوں پر 60 رن ہوگیا تھا۔

اسپینسر جانسن نے بھی شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 42 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ول جیکس اور گس ایٹکنسن نے نویں وکٹ کے لیے 37 رن کی شراکت داری کرکے انگلینڈ کو کچھ راحت دی۔ ایٹکنسن 29 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بیئرڈمین نے واپسی کرتے ہوئے جوفرا آرچر کو گلی میں کیچ آؤٹ کرایا اور اپنی چھٹی وکٹ مکمل کی۔ اس طرح انگلینڈ کی پوری ٹیم 131 رن پر آؤٹ ہوگئی۔132 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری آسٹریلیائی ٹیم کو گس ایٹکنسن نے ابتدائی جھٹکا دیا۔ انہوں نے ٹریوس ہیڈ کو پہلی ہی گیند پر بولڈ کردیا۔ ہیڈ ایک بار پھر گیند کو اپنے وکٹوں پر کھیل بیٹھے۔

تاہم اس کے بعد آسٹریلیائی کپتان مچل مارش نے انگلینڈ کے گیند بازوں پر جوابی حملہ کیا۔ انہوں نے شروع سے ہی جارحانہ بلے بازی کی اور محض 30 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ مارش کو جیمی اوورٹن نے آؤٹ کیا، لیکن اس وقت تک آسٹریلیا جیت کے قریب پہنچ چکا تھا۔کوپر کونولی نے 27 رن بنائے، انہیں جوفرا آرچر نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد جوش انگلس اور میٹ رینشا نے مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔ آسٹریلیا نے 23.3 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر 132 رن بناکر سات وکٹوں سے مقابلہ جیت لیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande