
نئی دہلی، 13 نومبر (ہ س):۔
ملکی زرمبادلہ کی مارکیٹ (فاریکس مارکیٹ) میں ہفتے کے آخری کاروباری دن جمعہ کو بھارتی کرنسی روپے میں نمایاں گراوٹ درج کی گئی۔ دن بھر کے کاروبار کے بعد بھارتی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں گزشتہ کاروباری بند شرح 94.05 کے مقابلے میں 19 پیسے یعنی 0.20 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 94.24 روپے فی ڈالر کی سطح پر بند ہوا۔
ملکی شیئر بازاروں میں زبردست فروخت اور بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے آج بھارتی کرنسی پر ہر طرف سے دباو¿ ڈالا۔
جمعہ کی صبح انٹربینک فارن ایکسچینج مارکیٹ میں بھارتی روپیہ دو پیسے کی معمولی مضبوطی کے ساتھ 94.03 روپے فی ڈالر کی سطح پر کھلا تھا۔ یہی شرح دن بھر کے کاروبار کی بلند ترین سطح بھی ثابت ہوئی۔
جیسے جیسے کاروبار آگے بڑھا، ملکی شیئر بازار میں گراوٹ مزید گہری ہوتی گئی اور درآمد کنندگان کی جانب سے ڈالر کی مانگ میں اضافے کے باعث روپیہ مسلسل کمزور ہوتا چلا گیا۔ دن کے دوران ایک وقت بھارتی روپیہ پھسل کر 94.2875 روپے فی ڈالر کی نچلی سطح تک پہنچ گیا تھا۔ تاہم بعد میں حالات میں معمولی بہتری آئی، جس کے نتیجے میں روپیہ 19 پیسے کی کمزوری کے ساتھ 94.24 روپے (عارضی) کی سطح پر بند ہوا۔
امریکی ڈالر کے مقابلے میں اس بڑی گراوٹ کے برعکس یورپی کرنسیوں کے مقابلے میں آج بھارتی روپے نے اپنی مضبوطی برقرار رکھی۔
برطانوی پاو¿نڈ کے مقابلے میں بھارتی روپے میں آج مضبوطی کا رجحان رہا، جس کے نتیجے میں پاو¿نڈ گزشتہ کاروباری بند شرح 124.8163 کے مقابلے میں 0.1016 روپے یعنی 0.08 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 124.7147 کی سطح پر بند ہوا۔
اسی طرح یورپی یونین کی مشترکہ کرنسی یورو کے مقابلے میں بھی روپیہ مضبوط رہا اور یورو 0.1091 روپے یعنی 0.10 فیصد کی کمی کے ساتھ 104.2250 کی سطح پر بند ہوا۔
دوسری جانب اہم ایشیائی کرنسیوں کے مقابلے میں آج بھارتی روپے کو کمزوری کا سامنا کرنا پڑا۔ جاپانی ین کے مقابلے میں بھارتی روپیہ 0.0006 روپے یعنی 0.10 فیصد کمزور ہوا، جس کے نتیجے میں ین کی قیمت بڑھ کر 0.5895 روپے ہوگئی۔
اسی طرح چینی یوآن بھی بھارتی کرنسی کے مقابلے میں مضبوط رہا اور اس کی قیمت میں 0.0313 روپے یعنی 0.22 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا، جس کے بعد یہ 14.1263 روپے کی سطح پر بند ہوا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ