
نئی دہلی، 13 نومبر (ہ س):۔
معیشت کے محاذ پر اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ چھ نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں 2.49 ارب ڈالر کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے ساتھ بھارت کا مجموعی زرمبادلہ ذخیرہ بڑھ کر 719.547 ارب ڈالر ہوگیا ہے۔ اس دوران سونے کے ذخائر میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اس سے پہلے ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں 2.691 ارب ڈالر کی کمی درج کی گئی تھی، جس کے بعد یہ گھٹ کر 717.056 ارب ڈالر رہ گئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق، چھ نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں زرمبادلہ ذخائر کا اہم جزو، غیر ملکی کرنسی کے اثاثے (فارین کرنسی ایسیٹس) 23.2 کروڑ ڈالر بڑھ کر 591.35 ارب ڈالر ہوگئے۔
آر بی آئی نے بتایا کہ اس دوران سونے کے ذخائر کی مالیت میں بھی 2.205 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ بڑھ کر 104.796 ارب ڈالر ہوگئی۔
اعداد و شمار کے مطابق، خصوصی ایس ڈی آر میں بھی 5.2 کروڑ ڈالر کا اضافہ درج کیا گیا، جس سے اس کی مالیت بڑھ کر 18.61 ارب ڈالر ہوگئی۔ وہیں، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) میں بھارت کی ریزرو پوزیشن بھی 10 لاکھ ڈالر بڑھ کر 4.79 ارب ڈالر ہوگئی۔
قابلِ ذکر ہے کہ 4 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے زرمبادلہ ذخائر اپنی اب تک کی بلند ترین سطح 785.71 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ