
نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ گھریلو حصص بازار میں آج ابتدائی کاروبار کے دوران اتار- چڑھاؤ کے درمیان شاندار بحالی کا رجحان برقرار ہے ۔ آج جاری ہونے والے خوردہ مہنگائی کے اعداد و شمار سے قبل سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی کے باعث بازار کا آغاز گراوٹ کے ساتھ سرخ نشان میں ہوا ، تاہم کاروبار شروع ہونے کے چند ہی منٹوں میں خریداروں نے نچلی سطح پر خریداری شروع کر دی۔ خاص طور پر بیمہ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں کی بڑی کمپنیوں کے حصص میں زبردست خریداری سے سینسیکس اور نفٹی 50 دونوں اہم اشاریے اپنی ابتدائی گراوٹ سے نکل کر سبز نشان میں آگئے۔ بازار میں خرید و فروخت کا سلسلہ جاری رہنے کے درمیان صبح 10:30 بجے تک سینسیکس 0.34 فیصد اور نفٹی 0.33 فیصد کے اضافے کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس آج 117.13 پوائنٹس یعنی 0.14 فیصد کی کمی کے ساتھ 81,762.27 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی فروخت کے دباو¿ میں یہ اشاریہ پھسل کر 81,576.15 پوائنٹس کی نچلی سطح تک پہنچ گیا۔ تاہم، اس کے بعد مالیاتی اور بیمہ شعبوں کے حصص میں بڑے پیمانے پر خریداری سے بازار کو مضبوط سہارا ملا۔ صبح 10:30 بجے تک سینسیکس 278.88 پوائنٹس یعنی 0.34 فیصد کی تیزی کے ساتھ 82,158.28 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کرتا نظر آیا۔
سینسیکس کی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 50 بھی ابتدائی گراوٹ سے سنبھل کر زبردست واپسی کرنے میں کامیاب رہا۔ نفٹی 50 نے آج صبح 41.55 پوائنٹس یعنی 0.16 فیصد کی کمی کے ساتھ 25,213.50 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کا آغاز کیا تھا۔ ابتدائی منٹوں میں منافع وصولی کے دباو کے باعث یہ اشاریہ پھسل کر 25,142.95 پوائنٹس کی نچلی سطح تک پہنچ گیا۔ تاہم، اس کے فوراً بعد خریداروں کے سرگرم ہونے سے نفٹی میں تیزی آئی اور یہ جلد ہی سبز نشان میں پہنچ گیا۔ صبح 10:30 بجے تک نفٹی 83.95 پوائنٹس یعنی 0.33 فیصد کے اضافے کے ساتھ 25,339 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا۔
آج صبح کے ابتدائی کاروباری سیشن میں شعبہ جاتی اشاریوں میں نفٹی میڈیا اور مالیاتی خدمات کے اشاریے سب سے آگے رہے۔ براڈر مارکیٹ بازار میں بھی تیزی کا ماحول دیکھا گیا، جہاں نفٹی اسمال کیپ انڈیکس 0.72 فیصد اور مڈ کیپ انڈیکس 0.11 فیصد کے اضافے کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب ایف ایم سی جی، توانائی اور آٹوموبائل شعبوں کے حصص میں منافع وصولی کا دباؤ غالب رہا، جس کے باعث یہ اشاریے سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔
اب تک کے کاروبار میں اسٹاک مارکیٹ کے 2,975 حصص میں سرگرم تجارت ہو رہی تھی۔ ان میں سے 2,174 حصص اضافے کے ساتھ سبز نشان میں تھے، جبکہ 801 حصص گراوٹ کے ساتھ سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں کے حصص میں سے 16 میں خریداری کے باعث تیزی رہی، جبکہ 14 حصص فروخت کے دباؤ میں گراوٹ کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ نفٹی میں شامل 50 کمپنیوں میں سے 29 کے حصص سبز نشان میں اور 21 کے حصص سرخ نشان میں رہے۔
آج صبح کے کاروباری سیشن میں نیشنل اسٹاک ایکسچینج کی بڑی کمپنیوں میں سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والوں کی فہرست میں ایچ ڈی ایف سی لائف انشورنس 2.90 فیصد کی زبردست تیزی کے ساتھ 590.20 روپے کی سطح پر سرفہرست رہی۔ اس کے علاوہ بجاج فنسرو 2.72 فیصد کے اضافے کے ساتھ 1,895.10 روپے، ایس بی آئی لائف انشورنس 2.63 فیصد کی تیزی کے ساتھ 1,813.40 روپے، بجاج فائنانس 2.20 فیصد کے اضافے کے ساتھ 1,102.50 روپے اور شری رام فائنانس 2.03 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 988.80 روپے پر سبز نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔
دوسری جانب، بازار میں مجموعی تیزی کے باوجود فروخت کے دباؤ کا سامنا کرنے والی کمپنیوں میں آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن (او این جی سی) 3.45 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 226.71 روپے پر سب سے آگے رہی۔ اس کے علاوہ نیسلے انڈیا 1.64 فیصد کی کمی کے ساتھ 1,266.90 روپے، ہندوستان یونی لیور 1.46 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 1,992.80 روپے، مہندرا اینڈ مہندرا 1.16 فیصد کی کمی کے ساتھ 3,424.80 روپے اور گراسم انڈسٹریز 0.96 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 3,126.40 روپے پر سرخ نشان میں کاروبار کر رہی تھیں۔
اس سے قبل گزشتہ کاروباری دن یعنی بدھ کو سینسیکس 722.75 پوائنٹس یعنی 0.95 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 81,879.40 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ وہیں نفٹی نے 210.40 پوائنٹس یعنی 0.84 فیصد کے اضافے کے ساتھ 25,255.05 پوائنٹس پر بدھ کے کاروبار کا اختتام کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد