سید مشتاق علی ٹرافی: وویک شیلار نے مہاراشٹر ٹیم میں انتخاب کا سہرا آئی ایس پی ایل کو دیا
آئی ایس پی ایل میں شاندار کارکردگی اور 145.2 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار نے دلائی پہچان ممبئی، 12 نومبر (ہ س)۔ انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ (آئی ایس پی ایل) میں اپنی تیز رفتار گیند بازی اور شاندار کارکردگی سے شناخت بنانے والے بھیونڈی کے فاسٹ بولر وویک
شیلار


- آئی ایس پی ایل میں شاندار کارکردگی اور 145.2 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار نے دلائی پہچان

ممبئی، 12 نومبر (ہ س)۔ انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ (آئی ایس پی ایل) میں اپنی تیز رفتار گیند بازی اور شاندار کارکردگی سے شناخت بنانے والے بھیونڈی کے فاسٹ بولر وویک شیلار کو آئندہ سید مشتاق علی ٹرافی کے لیے مہاراشٹر کی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ 26 سالہ شیلار نے اسی سال فروری میں کھیلے گئے اپنے پہلے آئی ایس پی ایل سیزن میں کولکاتا ٹائیگرز کی جانب سے 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ان میں ایلیمنیٹر مقابلے میں حاصل کی گئی ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ کولکاتا ٹائیگرز کے شریک مالکان سیف علی خان، کرینہ کپور خان اور سورو گنگولی ہیں۔

آئی ایس پی ایل کے سب سے تیز گیند باز رہنے والے شیلار نے ٹورنامنٹ کے دوران 145.2 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی تھی۔ انہوں نے مہاراشٹر ٹیم میں اپنے انتخاب کا سہرا آئی ایس پی ایل میں اپنی کارکردگی کو دیا۔ شیلار کے مطابق، سلیکٹروں نے آئی ایس پی ایل میں ان کی گیند بازی اور رفتار پر مسلسل نظر رکھی، جس کے بعد انہیں مہاراشٹر کی جانب سے کھیلنے کا موقع ملا۔

شیلار نے کہا، ”آئی ایس پی ایل اور وہاں میری کارکردگی کی وجہ سے ہی مجھے راجستھان رائلز کے ٹرائل میں پریکٹس کے لیے بلایا گیا تھا۔ سلیکٹروں نے آئی ایس پی ایل میں میری کارکردگی اور گیندوں کی رفتار دیکھنے کے بعد مجھ پر بھروسہ ظاہر کیا۔“

انہوں نے کہا، ”اب سید مشتاق علی ٹرافی کے لیے میرا انتخاب ہوا ہے تو میں وہاں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔ امید ہے کہ اس کے بعد آئی پی ایل میں بھی میرا انتخاب ہو سکے گا۔ میرا ہدف یہی ہے، لیکن سب سے پہلے میں مہاراشٹر کو جیت دلانے کی کوشش کروں گا۔“

ہندوستان کی نمائندگی کرنے کا خواب ہر کرکٹر کی طرح شیلار بھی دیکھتے ہیں، لیکن فی الحال وہ ایک ایک قدم آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ مہاراشٹر کی ٹیم میں ریتوراج گائیکواڑ اور پرتھوی شا جیسے ہندوستانی اسٹار کھلاڑی شامل ہیں۔ شیلار اس ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی پیش کرکے اپنی جگہ مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

ہندوستان کی پہلی ٹینس بال پر مبنی ٹی 10 کرکٹ لیگ آئی ایس پی ایل نے مقامی سطح پر ٹینس بال کرکٹ کھیلنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ کرکٹ تک پہنچنے کا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ شیلار کے لیے یہ تجربہ انتہائی خاص رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ گاو¿ں میں کھیلتے ہیں اور ان کا میچ ٹیلی ویڑن پر براہ راست نشر ہوتا ہے تو وہاں تہوار جیسا ماحول بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا، ”پہلے میچوں کی نشریات یوٹیوب پر ہوتی تھیں، لیکن اب جیو ہاٹ اسٹار پر نشریات ہونے لگی ہیں۔ اس سے بہت بڑا فرق آیا ہے۔ میرا پورا خاندان ایک ساتھ بیٹھ کر ٹی وی پر مجھے کھیلتے ہوئے دیکھتا ہے۔“

آئی ایس پی ایل اس سے پہلے بھی کئی کھلاڑیوں کو مین اسٹریم کرکٹ تک پہنچنے کا موقع فراہم کر چکی ہے۔ ابھیشیک دلہور کو کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے نیٹ بولر کے طور پر بلایا جا چکا ہے، جبکہ عرفان عمیر کو ممبئی کی سینئر ریاستی ٹیم میں جگہ ملی تھی۔ ان کھلاڑیوں نے بھی اپنے سفر کی شروعات آئی ایس پی ایل سے ہی کی تھی۔

شیلار نے کہا، ”ٹینس کرکٹ کے لیے یہ ملک کا نمبر ایک پلیٹ فارم ہے۔ یہاں سے کسی بھی کھلاڑی کا براہ راست آئی پی ایل کے لیے انتخاب ہو سکتا ہے۔ یہ ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے۔“ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئی ایس پی ایل کھلاڑیوں کی مالی طور پر بھی اچھی دیکھ بھال کرتی ہے۔ اس سے انہیں بہتر پریکٹس سہولتیں اور تربیت کا ماحول ملتا ہے، جو پیشہ ورانہ کرکٹ کے چیلنجوں کے لیے تیار ہونے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

سید مشتاق علی ٹرافی اور آئی ایس پی ایل کا اگلا سیزن اگلے ماہ شروع ہونے والا ہے۔ ایسے میں شیلار کے سامنے مصروف شیڈول ہے۔ ان کا ہدف اپنی ٹیم کو جیت دلانے کے لیے پوری طاقت لگانا ہے۔ آئی پی ایل میں کھیلنا اور مستقبل میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کرنا ان کے طویل مدتی اہداف ہیں۔

شیلار نے کہا، ”میرا پہلا ہدف اپنی ٹیم کو جیت دلانا ہے۔ ایک گیند باز کی حیثیت سے دوسرا ہدف بہترین گیند باز کا ایوارڈ جیتنا اور اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنا ہے۔“

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande