نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں شریئس ایئر کپتانی کا آغاز کریں گے، سیریز جیتنے پر ہوگی نظر
- شبھمن گل، کے ایل راہل اور انشل کمبوج ٹیسٹ کی تیاری کے لیے ٹیم سے باہر
تربیت کے لیے تیار ہوتے ہندوستانی کپتان شریئس ایئر


نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعہ کو کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے مقابلے میں دونوں ٹیمیں بڑی تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ شریئس ایئر پہلی بار ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ 5 میچوں کی سیریز میں 0-2 سے آگے چل رہی ہندوستانی ٹیم کی نظریں یہ مقابلہ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے پر ہوں گی۔ وہیں، تیسرا ون ڈے بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کے لیے سیریز بچانے کا واحد راستہ باقی دونوں مقابلے جیتنا ہے۔

شریئس ایئر کے لیے یہ مقابلہ کپتانی کا آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ بلے سے خود کو ثابت کرنے کا بھی موقع ہوگا۔ اس سیریز میں شارٹ گیندوں کے خلاف ان کی کمزوری ایک بار پھر سامنے آئی ہے۔ وہ آخری 2 ون ڈے مقابلوں میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ شبھمن گل 19 نومبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔ کے ایل راہل اور انشول کمبوج بھی سرخ گیند سے اپنے کھیل کو بہتر بنانے کے لیے ٹیم چھوڑ چکے ہیں۔

ان تبدیلیوں کے بعد رتوراج گائیکواڑ، ایشان کشن اور تجربہ کار تیز گیند باز محمد سراج کو موقع ملنے کی امید ہے۔ ٹیسٹ سیریز سے پہلے ان کھلاڑیوں کے لیے میدان پر وقت گزارنا مفید ہوگا۔ گل کی غیر موجودگی میں روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کون کرے گا، یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔ اس دوڑ میں ایشان کشن اور رتوراج گائیکواڑ شامل ہیں۔ حالانکہ، گائیکواڑ نے اپنے گزشتہ 5 ون ڈے مقابلوں میں درمیانی بلے بازی کے لیے میدان سنبھالا ہے۔

تجربہ کار روہت شرما بھی اس دورے پر بڑی اننگز کھیلنے کے ارادے سے میدان میں اتریں گے۔ وہ اب تک سیریز میں صفر اور 23 رن ہی بنا سکے ہیں۔ دوسری جانب، چوٹ کی وجہ سے ٹی 20 سیریز کے بیشتر مقابلوں سے باہر رہے ایشان کشن بھی واپسی کے بعد اچھی کارکردگی دکھانا چاہیں گے۔

ایشان کے افتتاحی بلے باز کے طور پر میدان میں اترنے کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے 4 سال پہلے اسی نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے ڈبل سنچری بنائی تھی۔ راہل کی غیر موجودگی میں وہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری بھی سنبھال سکتے ہیں۔

اگر گائیکواڑ مڈل آرڈر میں ہی بلے بازی کرتے ہیں تو ان کے پاس خود کو ثابت کرنے کا اچھا موقع ہوگا۔ وہ گزشتہ 4 ون ڈے اننگز میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بنا چکے ہیں۔ ایسے میں وہ ٹیم کے لیے مفید متبادل ثابت ہو سکتے ہیں۔

گیند بازی میں محمد سراج کو شاندار فارم میں چل رہے انشول کمبوج کی جگہ موقع ملنے کی امید ہے۔ سراج گزشتہ 3 ماہ سے اپنی بہترین کارکردگی سے دور رہے ہیں، لیکن گزشتہ ہفتے انڈیا اے کی جانب سے کھیلتے ہوئے 4 وکٹیں لینے سے ان کا اعتماد بڑھا ہوگا۔ یہ بھی دلچسپ ہے کہ اپنی شہرت کے باوجود سراج کو اب تک اس ون ڈے سیریز میں گیند بازی کا موقع نہیں ملا ہے۔ دوسرے ون ڈے میں اچھی کارکردگی دکھانے والے عاقب نبی اور ارشدیپ سنگھ اپنی جگہ برقرار رکھ سکتے ہیں۔

دوسری جانب، نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی کئی اہم کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اترے گی۔ ٹام لیتھم، ڈیرل مچل، گلین فلپس، نیتھن اسمتھ اور ہنری نکولس ٹیسٹ کرکٹ کی تیاری کے لیے ون ڈے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔

ٹیم میں ہونے والی تبدیلیوں پر وکٹ کیپر بلے باز ٹم سیفرٹ نے کہا، ’’جو بھی کھلاڑی باہر ہونے والے کھلاڑیوں کی جگہ لے گا، وہ اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرے گا۔ ہماری ٹیم میں بھی جو کھلاڑی ان کھلاڑیوں کی جگہ آئیں گے، وہ پوری کوشش کریں گے۔‘‘

ہندوستان کی طرح نیوزی لینڈ کے معاون عملے کے نصف ارکان بھی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ ویلنگٹن پہنچ چکے ہیں۔ اس سے مصروف بین الاقوامی پروگرام کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

ون ڈے ٹیم میں مستقل جگہ نہیں بنا پانے والے سیفرٹ کے لیے بھی یہ مقابلہ اہم ہوگا۔ ان پر مؤثر کارکردگی دکھانے کا دباؤ رہے گا، کیونکہ خود کو ثابت کرنے کے مواقع ان کے لیے محدود ہوتے جا رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ نے گھریلو کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کی بنیاد پر پہلی بار قومی ٹیم میں منتخب ہونے والے بریٹ رینڈل کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کو اپنی سرزمین پر آخری بار 7 سال پہلے ہندوستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں شکست ملی تھی۔ ایسے میں جمعہ کا مقابلہ اس کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande