
کماراموتو، 12 نومبر (ہ س)۔
ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبیشری کانت نے جاپان ماسٹرز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمعرات کو پانچویں سیڈڈ جاپانی کھلاڑی کوڈائی ناراؤکا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ سابق عالمی نمبر ایک شری کانت نے ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے دلچسپ مقابلے میں گھریلو شائقین کے پسندیدہ کھلاڑی ناراؤکا کو 21-15، 11-21، 21-18 سے ہرایا۔ پانچ مقابلوں میں ناراو کا کے خلاف شری کانت کی یہ پہلی کامیابی ہے۔
شری کانت نے تین گیمز پر مشتمل اس سنسنی خیز مقابلے میں ایک بار پھر اپنے مضبوط حوصلے اور جدوجہد کا مظاہرہ کیا۔ اس سے قبل انہوں نے گزشتہ راؤنڈ میں ڈنمارک کے راسموس گیمکے کے خلاف شاندار واپسی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔
پہلا گیم کافی دلچسپ رہا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مسلسل سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ وقفے تک شری کانت نے 11-10 کی برتری حاصل کرلی تھی۔ اس کے بعد ناراو کا نے واپسی کرتے ہوئے 14-12 سے سبقت حاصل کرلی، لیکن اہم موقع پر ہندوستانی کھلاڑی نے کھیل کا رخ بدل دیا۔ شری کانت نے اگلے 10 میں سے 9 پوائنٹس حاصل کرکے پہلا گیم 21-15 سے جیت لیا۔
دوسرے گیم میں ناراو کا نے زبردست واپسی کی۔ جاپانی کھلاڑی نے وقفے تک 11-5 کی برتری حاصل کرلی اور بعد میں اسکور 14-7 کردیا۔ شری کانت نے فرق کم کرنے کی کوشش کی، لیکن ناراو کا نے اپنی گرفت مضبوط رکھی اور 21-11 سے دوسرا گیم جیت کر مقابلہ فیصلہ کن تیسرے گیم میں پہنچا دیا۔
تیسرے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ اسکور 7-7 سے برابر ہونے کے بعد شری کانت نے اہم برتری حاصل کی اور وقفے تک 11-7 سے آگے رہے۔
گھریلو شائقین کی حمایت سے ناراو کا نے وقفے کے بعد واپسی کی بھرپور کوشش کی، لیکن شری کانت نے دباؤ میں اپنا توازن برقرار رکھا۔ انہوں نے جاپانی کھلاڑی کو مقابلے میں واپس آنے کا موقع نہیں دیا اور تیسرا گیم 21-18 سے جیت کر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔
اس سے قبل بدھ کو شری کانت نے ڈنمارک کے راسموس گیمکے کو ایک گھنٹہ 8 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں 18-21، 21-16، 24-22 سے شکست دی تھی۔
اس مقابلے کے پہلے گیم میں پانچ پوائنٹس کی برتری گنوانے کے بعد شری کانت نے زبردست واپسی کی تھی۔ فیصلہ کن تیسرے گیم میں ایک وقت وہ 15-19 سے پیچھے تھے اور شکست کے قریب دکھائی دے رہے تھے، لیکن انہوں نے دو میچ پوائنٹس بچاتے ہوئے مسلسل اگلے دو پوائنٹس حاصل کیے اور یادگار کامیابی درج کی۔
ناراو کا کے خلاف بھی شری کانت نے اسی عزم اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے جاپانی کھلاڑی کے خلاف پہلی جیت درج کرنے کے علاوہ جاپان ماسٹرز کے کوارٹر فائنل میں بھی اپنی جگہ پکی کرلی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ