
نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے جمعرات کو عالمی سرمایہ کاروں سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کو اپنی اگلی سرمایہ کاری کا مرکز بنائیں۔ انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں سے ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے اور صنعتوں سے معیار اور پائیداری پر توجہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی غیر یقینی حالات کے درمیان ہندوستان سرمایہ کاری کے لیے ایک محفوظ مقام ہے۔
آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں منعقدہ دو روزہ 31ویں کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) پارٹنرشپ کانفرنس کے پہلے دن خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر تجارت و صنعت نے ایک مشہور ہندی فلم کے مکالمے کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ”کٹپا نے باہوبلی کو کیوں مارا؟“ ایک وقت تھا جب پورا ملک یہی سوال پوچھ رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج عالمی تجارت میں شراکت دار ایک الگ ہی سوال پوچھ رہے ہیں کہ ہم کس پر بھروسہ کر سکتے ہیں؟ اس کا جواب ہے ہندوستان۔ ایک ایسا شراکت دار جو اپنی بات کا پکا ہے اور کبھی پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپتا۔
مرکزی وزیر تجارت نے کاروباری شراکت داروں سے بھی ہندوستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کئی شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں۔
پیوش گوئل نے کہا کہ کارخانوں، ہوٹلوں اور ڈیٹا سینٹروں میں سرمایہ کاری کریں، کیونکہ ہندوستان سرمایہ کاری کے لیے ایک محفوظ مقام ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی