
نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ عالمی انڈیکس سروس فراہم کرنے والے ادارے ایم ایس سی آئی (مورگن اسٹینلے کیپیٹل انٹرنیشنل) نے نومبر 2026 کے سہ ماہی جائزے کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس تازہ ردوبدل میں ہندوستانی شیئر بازار کی چار بڑی کمپنیوں کو ایم ایس سی آئی گلوبل اسٹینڈرڈ انڈیکس میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کمپنیوں میں لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا (ایل آئی سی)، کوفورج، اڈانی گرین انرجی اور ای کامرس کمپنی میشو کے نام نمایاں ہیں۔ دوسری جانب پی آئی انڈسٹریز کو اس انڈیکس سے باہر کر دیا گیا ہے۔ یہ تمام تبدیلیاں 30 نومبر کو بازار بند ہونے کے بعد نافذ ہوں گی۔
اس بڑی تبدیلی سے ہندوستانی بازار میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا بہاو مزید تیز ہونے کی امید ہے۔ نوواما آلٹرنیٹیو اینڈ کوانٹیٹیٹو ریسرچ کے اندازے کے مطابق، گلوبل اسٹینڈرڈ انڈیکس میں شامل ہونے سے ان چاروں کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ سکتی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ 63 کروڑ ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری کوفورج کے شیئرز میں آنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ ایل آئی سی میں 46.8 کروڑ ڈالر، اڈانی گرین انرجی میں 34.8 کروڑ ڈالر اور میشو میں 30.7 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری آ سکتی ہے۔ اس کے برعکس پی آئی انڈسٹریز کے انڈیکس سے باہر ہونے کے باعث اس کے شیئرز سے تقریباً 11.9 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری نکلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
نئی کمپنیوں کو شامل کرنے کے ساتھ ہی ایم ایس سی آئی نے 11 موجودہ ہندوستانی کمپنیوں کا ویٹیج (انڈیکس میں حصہ) بھی بڑھایا ہے۔ ان کمپنیوں میں گرو کی پیرنٹ کمپنی بلین برینز گیراج وینچرز، لینس کارٹ، جے ایس ڈبلیو اسٹیل، اڈانی انرجی سلوشنز، کول انڈیا اور پے ٹی ایم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت فورج اوریکل فنانشل سروسز، زیڈس لائف سائنسز، ویدانتا اور بوش کا ویٹیج بھی بڑھایا گیا ہے۔
اس اضافے کے نتیجے میں ان کمپنیوں کے شیئرز میں ایک کروڑ ڈالر سے لے کر 9.7 کروڑ ڈالر تک کی نئی سرمایہ کاری آنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب این ٹی پی سی، آئشر موٹرز، گراسم، آر ای سی، ہندوستان ایئرو ناٹکس، سِپلا، گیل، ایم آر ایف اور سیمنز انڈیا کا ویٹیج کم کیا گیا ہے، جس کے باعث ان کمپنیوں سے سرمایہ نکلنے کا امکان ہے۔
عالمی سطح پر ایم ایس سی آئی ایمرجنگ مارکیٹس انڈیکس میں شامل ہونے والی تین بڑی نئی کمپنیوں میں ہندوستان کی ایل آئی سی نے بھی جگہ بنائی ہے۔ اس جائزے کے بعد ایمرجنگ مارکیٹس انڈیکس میں ہندوستان کا مجموعی ویٹیج 12.9 فیصد سے بڑھ کر تقریباً 13.15 فیصد ہونے کا اندازہ ہے۔
اہم انڈیکس یعنی ایم ایس سی آئی گلوبل اسٹینڈرڈ انڈیکس کے علاوہ ایم ایس سی آئی انڈیا اسمال کیپ انڈیکس میں بھی بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس انڈیکس میں پی آئی انڈسٹریز، شیڈوفیکس ٹیکنالوجیز، اپولو مائیکرو سسٹمز اور ہڈکو سمیت مجموعی طور پر 11 نئی کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ان کمپنیوں کے شیئرز میں 2 لاکھ ڈالر سے لے کر 1.8 کروڑ ڈالر تک کی سرمایہ کاری آنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب اسمال کیپ انڈیکس سے مجموعی طور پر 29 کمپنیوں کو باہر کر دیا گیا ہے۔ ان میں کوفورج، ایچ سی سی، پراڑ انڈسٹریز، اروند فیشنز، ہیپیئسٹ مائنڈز، انڈیا سیمنٹس، ٹی ٹی کے پریسٹیج، شکتی پمپس، آدتیہ برلا فیشنز اور سینکو گولڈ نمایاں ہیں۔
کوفورج کو ترقی دے کر اسٹینڈرڈ انڈیکس میں شامل کیے جانے کی وجہ سے اسمال کیپ انڈیکس سے ہٹایا گیا ہے، جبکہ پی آئی انڈسٹریز کو تنزلی کے بعد ایم ایس سی آئی انڈیا اسمال کیپ انڈیکس میں شامل کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی