آئی آئی ٹی ایف 2026: بھارت منڈپم میں 14 نومبر سے سجے گا 45واں تجارتی میلہ، گوئل جمعہ کو کریں گے افتتاح
- بھارت بین الاقوامی تجارتی میلے میں 3,500 سے زائد نمائش کنندگان لیں گے حصہ، عام لوگوں کے لیے ٹکٹ 100 روپے
آئی آئی ٹی ایف 2026: بھارت منڈپم میں 14 نومبر سے سجے گا 45واں تجارتی میلہ، گوئل جمعہ کو کریں گے افتتاح


نئی دہلی، 12 نومبر (ہ س)۔ قومی راجدھانی نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں 14 سے 27 نومبر تک منعقد ہونے والا 45واں بھارت بین الاقوامی تجارتی میلہ (آئی آئی ٹی ایف-2026) اس بار ترقی اور ورثے کے امتزاج کے طور پر نظر آئے گا۔ ’ترقی اور ورثہ‘ کے موضوع پر مبنی اس میلے میں ملک اور بیرون ملک کے 3,500 سے زائد نمائش کنندگان شرکت کریں گے۔

میلے کے منتظم انڈین ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) نے جمعرات کو بتایا کہ بھارت بین الاقوامی تجارتی میلے کا 45واں ایڈیشن یہاں 14 سے 27 نومبر تک منعقد ہوگا۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل جمعہ، 13 نومبر کو تجارتی میلے کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر پدم شری سے سرفراز گرو مادھوی مدگل اور ان کا گروپ اوڈیسی رقص پیش کرے گا۔

آئی ٹی پی او نے بتایا کہ آئی آئی ٹی ایف 2026 کا انعقاد ’ترقی اور ورثہ‘ کے موضوع کے تحت کیا جا رہا ہے۔ 14 سے 18 نومبر تک کے دن تجارتی مہمانوں اور کاروبار سے کاروبار (بی ٹو بی) رابطہ پروگراموں کے لیے مخصوص ہوں گے۔ جبکہ 19 سے 27 نومبر تک تجارتی میلہ عام لوگوں اور ثقافتی پروگراموں میں دلچسپی رکھنے والے زائرین کے لیے کھلا رہے گا۔

میلے کے منتظم انڈین ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن نے بتایا کہ عام لوگوں کے لیے عام دنوں (19 سے 27 نومبر) میں بالغ افراد کے ٹکٹ کی قیمت 80 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کر دی گئی ہے۔ بزرگ شہریوں اور پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے داخلہ مفت رہے گا۔ چین، ایران، ترکیہ اور بنگلہ دیش سمیت 11 ممالک کے 3,500 سے زائد نمائش کنندگان اس میلے میں حصہ لیں گے۔

آئی ٹی پی او کے چیئرمین جاوید اشرف نے کہا کہ پانچ سال بعد پہلی بار ٹکٹ کی قیمتوں میں ’’معمولی‘‘ اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بار میلے میں آنے والے زائرین کی تعداد گزشتہ ایڈیشن کے 18 لاکھ کے اعداد و شمار سے تجاوز کر جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پی او نے زائرین کو صاف ستھرا کھانا فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ میلے میں 90 اسٹال ہوں گے، جہاں ہندوستانی اور بین الاقوامی پکوانوں کی مختلف اقسام دستیاب ہوں گی۔ اشرف نے بتایا کہ اس سال میلے میں 11 ممالک شرکت کر رہے ہیں اور گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے ان کی شرکت زیادہ وسیع ہوگی۔

آئی ٹی پی او کے مطابق، اس بار بین الاقوامی شرکت کے تحت 11 ممالک کے پویلین قائم کیے جائیں گے۔ ان میں تھائی لینڈ، ایران، گھانا، نیپال، افغانستان، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، چین، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے نمائش کنندگان شامل ہوں گے۔ اس سے بین الاقوامی کاروباری روابط اور تجارتی تعلقات کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سال 45ویں آئی آئی ٹی ایف-2026 میں بہار، مہاراشٹر، راجستھان اور اتر پردیش شراکت دار ریاستیں ہیں، جبکہ آسام، دہلی، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کو ’فوکس اسٹیٹ‘ کا درجہ دیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande