
کوماموتو، 12 نومبر(ہ س )۔
ہندوستان کے اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیہ سین نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعرات کو جاپان ماسٹرز 2026 کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ لکشیہ نے چین کے ڈونگ تیان یاؤ کو مسلسل دو گیمز میں 21-8، 21-14 سے شکست دے کر آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ پکی کی۔
جرمنی میں ہائلو اوپن کا خطاب جیت کر جاپان پہنچنے والے لکشیہ نے اس سے قبل چینی تائپے کے چی یو جین کو 21-19، 21-18 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا۔
تیان یاؤ کے خلاف مقابلے میں لکشیہ نے ابتدا ہی سے اپنی برتری قائم رکھی۔ انہوں نے مسلسل آٹھ پوائنٹس حاصل کیے اور محض 13 منٹ میں پہلا گیم 21-8 سے اپنے نام کرلیا۔
دوسرے گیم میں چینی کھلاڑی نے واپسی کی کوشش کی۔ ایک وقت وہ 4-6 سے پیچھے تھے، لیکن عالمی رینکنگ میں اپنے حریف سے 32 مقام آگے موجود لکشیہ نے کھیل کی رفتار بڑھا دی۔ انہوں نے مسلسل چھ پوائنٹس حاصل کرکے اسکور 12-6 کردیا اور پھر اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے مقابلہ سیدھے گیمز میں جیت لیا۔
25 سالہ لکشیہ کے لیے یہ کامیابی رواں سیزن میں ان کی شاندار واپسی کا حصہ ہے۔ جرمنی پہنچنے سے قبل انہیں بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں مشکل دور سے گزرنا پڑا تھا، تاہم ہائلو اوپن میں خطاب جیتنے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ فائنل میں انہوں نے انڈونیشیا کے موجودہ چیمپئن جوناتھن کرسٹی کو 21-17، 21-10 سے شکست دی تھی۔ یہ رواں سیزن میں ان کا پہلا اور کیریئر کا ساتواں خطاب تھا۔
لکشیہ نے کوریا اوپن سے اپنا نام واپس لے لیا تھا، لیکن جاپان میں ان کی مضبوط کارکردگی سے سیزن کے اختتام پر ہونے والے بی ڈبلیو ایف ٹور فائنلز کے لیے کوالیفائی کرنے کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔
اب لکشیہ کی نظریں جاپان ماسٹرز کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے پر مرکوز ہیں۔ کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ کینیڈا کے چوتھی سیڈڈ کھلاڑی وکٹر لائی سے ہوسکتا ہے، بشرطیکہ لائی جاپان کے یوشی تاناکا کو شکست دے دیں۔
لکشیہ گزشتہ سال جاپان ماسٹرز کے سیمی فائنل تک پہنچے تھے، جہاں انہیں میزبان ملک کے کھلاڑی کینتا نیشیموتو کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس بار وہ اپنی گزشتہ کارکردگی سے بہتر مظاہرہ کرنے کے ارادے سے میدان میں اتریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ