دیوالی کے بعد یو پی آئی پر ایم ڈی آر چارج نافذ کرنے کی تیاری، جلد تاریخوں کا ہوسکتا ہے اعلان
نئی دہلی، 10 نومبر (ہ س)۔ دیوالی کا تہوار گزر چکا ہے۔ اب بھائی دوج اور چھٹھ کے اختتام کے ساتھ ہی تہواروں کا موسم بھی پوری طرح ختم ہو جائے گا۔ ایسے میں اب عام لوگوں اور ملک بھر کے تاجروں کی نظریں نیشنل پیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) کے اگل
ایم ڈی آر


نئی دہلی، 10 نومبر (ہ س)۔ دیوالی کا تہوار گزر چکا ہے۔ اب بھائی دوج اور چھٹھ کے اختتام کے ساتھ ہی تہواروں کا موسم بھی پوری طرح ختم ہو جائے گا۔ ایسے میں اب عام لوگوں اور ملک بھر کے تاجروں کی نظریں نیشنل پیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) کے اگلے بڑے قدم پر ٹکی ہوئی ہیں۔ یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس یعنی یو پی آئی ادائیگیوں پر مرچنٹ ڈسکاو¿نٹ ریٹ (ایم ڈی آر) فیس کب سے نافذ ہوگی، اس حوالے سے بحث تیز ہوگئی ہے۔

این پی سی آئی نے پہلے ایم ڈی آر فیس 15 اکتوبر سے نافذ کرنے کی پوری تیاری کرلی تھی، لیکن تہواروں کے بازار اور عام لوگوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے اس نظام کو دیوالی کے بعد تک ملتوی کردیا تھا۔

این پی سی آئی نے 13 اکتوبر کو جاری اپنے ایک سرکاری بیان میں ایم ڈی آر فیس کو دیوالی کے بعد اگلے اعلان تک ملتوی کرنے کی اطلاع دی تھی۔ یو پی آئی اینڈ سروسز اسٹیئرنگ کمیٹی نے تہواروں کے دوران دکانداروں اور عام خریداروں پر کسی بھی طرح کا اضافی مالی بوجھ ڈالنے سے بچنے کے لیے اس فیصلے کو کچھ وقت کے لیے مو¿خر کیا تھا۔

این پی سی آئی کا کہنا تھا کہ تہواروں کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ مخصوص مرچنٹ ادائیگیوں پر ایم ڈی آر فیس دیوالی کے بعد نافذ کردی جائے گی۔ اس کے لیے نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان جلد الگ سے کیا جائے گا۔

نئی تجاویز کے مطابق 2,000 روپے سے زیادہ کی پرسن ٹو مرچنٹ (پی 2 ایم) یو پی آئی ادائیگیوں پر 0.4 فیصد ایم ڈی آر فیس مقرر کی گئی ہے، جس کی زیادہ سے زیادہ حد 300 روپے ہوگی۔

وہیں ریلوے، انشورنس اور پیٹرول جیسے شعبوں میں 2,000 روپے سے زیادہ کے لین دین پر فی ٹرانزیکشن 5 روپے کی مقررہ فیس عائد ہوگی۔ میوچل فنڈ اور شیئر بازار سے متعلق ادائیگیوں پر یہ شرح 0.02 فیصد ہوگی۔ اس میں بھی زیادہ سے زیادہ حد 300 روپے مقرر کی گئی ہے۔

عام صارفین کو اضافی ادائیگی نہیں کرنی ہوگی

راحت کی بات یہ ہے کہ یہ فیس پوری طرح تاجروں پر نافذ ہوگی اور عام صارفین کو کسی بھی طرح کی اضافی رقم ادا نہیں کرنی ہوگی۔ گوگل پے، فون پے یا پے ٹی ایم جیسے ایپس کے ذریعے ادائیگی کرنے والے عام صارفین پر اس کا کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔

اس کے علاوہ ایک شخص سے دوسرے شخص کو یعنی پرسن ٹو پرسن (پی 2 پی) رقم بھیجنے کی سہولت پہلے کی طرح بالکل مفت برقرار رہے گی۔

این پی سی آئی جلد ہی اس نئے نظام کے نفاذ کی تاریخوں کا اعلان کرسکتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande