
نئی دہلی، 10 نومبر(ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو انوج شری واتری کو ہندوستان کا 100واں شطرنج گرینڈ ماسٹر بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس کامیابی کو ہندوستانی شطرنج کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک میں اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا، ’’ہندوستان نے شطرنج میں سنچری مکمل کرلی ہے! کیا یہ شاندار کامیابی نہیں؟ ہندوستان اب 100 شطرنج گرینڈ ماسٹرز والا ملک بن گیا ہے۔ ہندوستان کے 100ویں شطرنج گرینڈ ماسٹر بننے پر انوج شریواتری کو مبارکباد! یہ واقعی ایک شاندار کامیابی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا 100 گرینڈ ماسٹرز تک پہنچنا کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیت، لگن اور سخت محنت کے ساتھ ملک کے نوجوانوں میں شطرنج کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ دیکھ کر خاص خوشی ہوتی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں سے شطرنج کے نوجوان کھلاڑی سامنے آرہے ہیں اور عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ انوج کی یہ کامیابی مزید نوجوانوں کو شطرنج اپنانے اور اس کھیل میں بہترین کارکردگی دکھانے کی ترغیب دے گی۔
مدھیہ پردیش کے انوج شری واتری نے اتوار کو ساتویں آسیان پلس انفرادی اوپن شطرنج چمپئن شپ جیت کر ہندوستان کے 100ویں گرینڈ ماسٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ مدھیہ پردیش کے پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے یہ باوقار اعزاز اپنے نام کیا ہے۔انوج نے ابتدائی مرحلے میں شکست کے بعد شاندار واپسی کی۔ انہوں نے اپنے آخری آٹھ مقابلوں میں سات پوائنٹس حاصل کیے اور ٹورنامنٹ کا خطاب جیتنے کے ساتھ گرینڈ ماسٹر کا درجہ بھی حاصل کرلیا۔
ان کی اس کامیابی سے ہندوستانی شطرنج میں ایک نیا باب رقم ہوا ہے۔ شطرنج کے شائقین کو طویل عرصے سے ملک کے 100ویں گرینڈ ماسٹر کا انتظار تھا، جبکہ مدھیہ پردیش بھی اپنے پہلے گرینڈ ماسٹر کا منتظر تھا۔ انوج نے یہ دونوں انتظار ختم کردیے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan