
کوماموتو، 10 نومبر(ہ س)۔ ہندوستانی خواتین کی ڈبلز جوڑی تریسا جولی اور گایتری گوپی چند نے جاپان ماسٹرز 2026 کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ منگل کو کوماموتو پریفیکچرل جمنازیم میں کھیلے گئے مقابلے میں ہندوستانی جوڑی نے جاپان کی ہیناتا سوزوکی اور ناؤ یاماکیتا کو مسلسل دو گیموں میں شکست دی۔
تریسا اور گایتری نے پہلا گیم 21-17 سے اپنے نام کیا۔ دوسرے گیم میں بھی ہندوستانی جوڑی نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے 21-14 سے کامیابی حاصل کی۔ 42 منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں جیت کے ساتھ ہی دونوں کھلاڑیوں نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔
مردوں کے ڈبلز مقابلے میں ہری ہرن امساکرونن اور ارجن ایم آر کو سابق عالمی چمپئن ملائیشیائی جوڑی آرون چیا اور سو وئی یِک کے خلاف واک اوور مل گیا۔ مقابلے کے پہلے گیم میں ہندوستانی جوڑی 11-6 سے آگے تھی، اسی دوران ملائیشیائی کھلاڑیوں نے مقابلے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔ تاہم انہوں نے اس کی وجہ چوٹ یا کسی اور مسئلے کو نہیں بتایا۔
دوسری جانب، دن کے پہلے مقابلے میں مکسڈ ڈبلز کی ہندوستانی جوڑی دھرو کپیلا اور رادھیکا شرما کو کوالیفکیشن راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکہ کی چن ژی یی اور فرانسسکا کاربیٹ نے انہیں مسلسل دو گیموں میں ہرایا۔پہلے گیم میں ہندوستانی جوڑی نے 8-8 تک امریکی کھلاڑیوں کو سخت مقابلہ دیا، لیکن وقفے تک امریکی جوڑی نے 11-9 کی برتری حاصل کرلی۔ اس کے بعد مسلسل پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے انہوں نے پہلا گیم 21-16 سے جیت لیا۔
دوسرا گیم زیادہ سخت مقابلے والا رہا۔ ہندوستانی جوڑی نے واپسی کرتے ہوئے اسکور 14-14 سے برابر کردیا، لیکن اس کے بعد چن اور فرانسسکا نے لگاتار پوائنٹس حاصل کیے اور 21-15 سے دوسرا گیم جیت کر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی دھرو کپیلا اور رادھیکا شرما کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan