سونیا گاندھی کی کتاب ’بلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ بلنکٹ پر 849 روپے میں دستیاب
نئی دہلی، 10 نومبر(ہ س)۔ کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی کی خودنوشت ’بلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ اب کوئیک کامرس پلیٹ فارم بلنکٹ پر بھی فروخت کے لیے دستیاب ہے۔ اس پلیٹ فارم پر کتاب کی قیمت 849 روپے رکھی گئی ہے، جب کہ ہارڈ کور ایڈیشن کی مطبوعہ قیمت 1
سونیا گاندھی کی خودنوشت ’بلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ بلنکٹ پر 849 روپے میں دستیاب


نئی دہلی، 10 نومبر(ہ س)۔ کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی کی خودنوشت ’بلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ اب کوئیک کامرس پلیٹ فارم بلنکٹ پر بھی فروخت کے لیے دستیاب ہے۔ اس پلیٹ فارم پر کتاب کی قیمت 849 روپے رکھی گئی ہے، جب کہ ہارڈ کور ایڈیشن کی مطبوعہ قیمت 1299 روپے ہے۔ اس طرح خریداروں کو تقریباً 35 فیصد رعایت مل رہی ہے۔

بلنکٹ پر دستیاب مصنوعات کی فہرست کے مطابق نئی دہلی کے وسطی علاقوں میں اس کتاب کی ڈیلیوری کا متوقع وقت محض آٹھ منٹ بتایا گیا ہے۔ تاہم، جنوبی دہلی کے بعض علاقوں میں فی الحال یہ کتاب ’اسٹاک میں نہیں، جلد دستیاب ہوگی‘ کے طور پر دکھائی دے رہی ہے۔ دوسری جانب ای کامرس پلیٹ فارم ایمیزون پر کتاب کی ڈیلیوری میں 48 گھنٹے تک کا وقت لگنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

روزمرہ استعمال کی اشیا اور گروسری کی فوری ڈیلیوری کے لیے معروف بلنکٹ پر کتاب کی دستیابی اس بات کا اشارہ ہے کہ پلیٹ فارم اب کتابوں اور اشاعتی صنعت کے شعبے میں بھی اپنی رسائی بڑھا رہا ہے۔

ہارپر کولنس انڈیا کی شائع کردہ یہ کتاب منگل کی صبح 10 بجے سے ملک بھر میں فروخت کے لیے پیش کی گئی ہے۔ یہ دہلی کے بہری سنز اور مڈلینڈ، چنئی کے ہیگن بوتھمز اور کئی ریاستوں میں کراس ورڈ اسٹورز سمیت منتخب کتابوں کی دکانوں اور ریٹیل مراکز پر بھی دستیاب ہے۔544 صفحات پر مشتمل اس خودنوشت میں سونیا گاندھی نے اٹلی میں گزارے اپنے بچپن، سابق وزیراعظم راجیو گاندھی سے شادی، ہندوستان میں اپنی زندگی اور عوامی زندگی کے کئی دہائیوں پر محیط سفر کو قلم بند کیا ہے۔ کتاب میں اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے قتل اور سونیا گاندھی کی سیاست میں آمد کا ذکر بھی شامل ہے۔

اس کتاب کی اشاعت کی ذمہ داری ہارپر کولنس انڈیا نے اس وقت سنبھالی، جب پینگوئن رینڈم ہاؤس انڈیا نے مسودے پر تبادلہ خیال کے بعد اس کا ہندوستانی ایڈیشن شائع کرنے سے گریز کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ بلنکٹ کی ملکیت ایٹرنل لمیٹڈ کے پاس ہے، جسے پہلے زومیٹو کے نام سے جانا جاتا تھا۔ کمپنی گروسری اور روزمرہ ضرورت کی اشیا کے علاوہ الیکٹرانکس اور کتابوں سمیت مختلف مصنوعات بھی صارفین تک پہنچاتی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande