
نئی دہلی ،04اکتوبر (ہ س )۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں بھارتی ٹیم نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔ تاہم سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلے میں ٹیم انڈیا کو پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سیریز میں سب سے زیادہ بحث وراٹ کوہلی اور روہت شرما کی کارکردگی کو لے کر ہوئی اور دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں نے بلّے سے شاندار فارم کا مظاہرہ کیا۔تیسرے ون ڈے کے بعد پریس کانفرنس میں جب بھارتی کپتان شبھمن گل سے روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے مستقبل کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کھل کر حمایت کی۔
گل نے واضح طور پر کہا کہ دونوں کی موجودہ فارم اور صلاحیت کو دیکھتے ہوئے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 سے قبل ٹیم میں ان کی جگہ کے حوالے سے کوئی سوال نہیں ہے۔
شبھمن گل نے کہا کہ روہت شرما اور وراٹ کوہلی اس وقت بہت شاندار بلے بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے روہت کی گزشتہ چار اننگز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنی سنچری سے چند رنز دور نہ رہ گئے ہوتے تو یہ ان کی مسلسل تیسری سنچری ہوتی۔
گل نے کہا کہ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ روہت کس شاندار فارم میں ہیں۔ کپتان نے وراٹ کوہلی کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب بھی کے ایل راہل کو موقع ملا، انہوں نے ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی۔
ون ڈے ورلڈ کپ 2027 میں اب ایک سال سے بھی کم وقت باقی ہے۔ ایسے میں ٹیم انڈیا کے کمبی نیشن کے حوالے سے شبھمن گل نے واضح اشارہ دیا کہ اب ٹیم میں مسلسل تبدیلی اور تجربات کا سلسلہ زیادہ طویل نہیں چلے گا۔
گل کے مطابق، ٹیم جس کمبی نیشن کے ساتھ ورلڈ کپ میں اترنا چاہتی ہے، اب اسی سمت میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلی سیریز سے ٹیم کو تمام دستیاب کھلاڑی مل جائیں گے اور اس کے بعد ٹیم اسی کمبی نیشن کے ساتھ کھیلنا شروع کرے گی، جسے ورلڈ کپ کے لیے تیار کیا جانا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ