
نئی دہلی، 4 اکتوبر (ہ س):۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ہونے والی آئندہ ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے اتوار کو 16 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ اس سیریز میں میزبان پاکستان اور سری لنکا کے علاوہ انگلینڈ کی ٹیم بھی حصہ لے گی۔ سیریز کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا۔
سری لنکا کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سابق کپتان چارتھ اسلنکا کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے، جبکہ اسپن آل راؤنڈر وانیندو ہسرنگا بھی انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ ان دونوں کی جگہ بلے باز اویشکا فرنانڈو اور آل راؤنڈر سہان آراچیگے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اسلنکا نے حال ہی میں انگلینڈ کے دورے پر کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے تین میچوں میں بالترتیب ایک، 11 اور 7 رنز بنائے تھے۔ دوسری جانب انگلینڈ کے دورے کے دوران ہسرنگا زخمی ہوگئے تھے۔ ان دو تبدیلیوں کے علاوہ ٹیم میں کوئی اور تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ یہی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی میدان میں اتری تھی، جہاں سری لنکا کو 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق اوپنر پاتھوم نسانکا کو 16 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، تاہم ان کا سفر کچھ شرائط سے مشروط ہے۔ وہ ٹیم کے ساتھ اسی وقت سفر کریں گے جب انہیں طبی طور پر فٹ قرار دیا جائے گا۔
ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے سری لنکا کی ٹیم:
کوشل مینڈس (کپتان)، سہان آراچیگے، دشمنتھا چمیرا، سچندو کولمبیج، اویشکا فرنانڈو، اسیتھا فرنانڈو، جینتھ لیاناگے، دلشان مدوشنکا، ایشان ملنگا، کامندو مینڈس، کامل مشرا، پاتھوم نسانکا، پون رتنائیکے، داسن شناکا، مہیش تھیکشانا، دونتھ ویلالاگے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ