
نئی دہلی، 31 اکتوبر (ہ س): ہندوستان نے 47ویں عالمی آرم ریسلنگ اور 28ویں عالمی پیرا آرم ریسلنگ چیمپئن شپ 2026 کے ابتدائی دو دن کے فائنل مقابلوں میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے چار سونے کے، دو چاندی کے اور 14 کانسے کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 20 تمغے جیتے۔ دہلی کے مشرقی دہلی واقع لیلا ایمبیئنس کنونشن ہوٹل میں منعقدہ اس مقابلے میں مجموعی تمغوں کی بنیاد پر ہندوستان روس، قزاخستان اور ترکی کے بعد چوتھے مقام پر ہے۔ چیمپئن شپ میں 60 سے زائد ممالک کے 1700 سے زیادہ کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
ہندوستان میں پہلی بار منعقد ہونے والی اس عالمی چیمپئن شپ کا افتتاح جمعرات کو مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور و اقلیتی امور کرن رجیجو اور ہمیرپور کے رکن پارلیمنٹ و سابق مرکزی وزیر کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کیا۔ اس مقابلے کا انعقاد عالمی آرم ریسلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام پیپلز آرم ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (پافی) کر رہی ہے۔ پافی کی صدر پریتی جھنگیانی اور پرو پنجا لیگ کے شریک بانی پروین ڈباس اس کے انعقاد میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں عالمی آرم ریسلنگ فیڈریشن کے صدر آسن ہدجیتودوروف، جنرل سکریٹری مرسیا سیمیونیسکو-سیمیسیل، ایشیائی آرم ریسلنگ فیڈریشن کے صدر جینبیک مکامبیتوف اور آرم ریسلنگ آسٹریلیا کے صدر فل راسموسن بھی موجود تھے۔
29 اکتوبر کو مقابلے کے پہلے دن ہندوستانی ماسٹرز کھلاڑیوں نے چار سونے کے، ایک چاندی کا اور سات کانسے کے تمغے جیتے۔ جِنسیمول سیبسٹین نے گرینڈ ماسٹر خواتین کے 80 کلوگرام زمرے میں بائیں اور دائیں دونوں ہاتھوں کے مقابلوں میں سونے کے تمغے جیت کر ہندوستان کو دوہری کامیابی دلائی۔
یوگیش چودھری نے ماسٹر خواتین کے 80 کلوگرام سے زائد زمرے میں دائیں ہاتھ سے سونے اور کانسے کا تمغہ جیتا۔ شوکت وی ٹی نے ماسٹر مردوں کے 60 کلوگرام سے کم زمرے میں سونے اور کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔
گرینڈ ماسٹر خواتین کے 80 کلوگرام سے زائد زمرے میں دائیں ہاتھ کے مقابلے میں منی مول جوز نے چاندی اور پریتھا سی نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ پریا پیان کنہیویٹل نے ماسٹر خواتین کے 80 کلوگرام زمرے میں اور منی کے نے گرینڈ ماسٹر خواتین کے 70 کلوگرام زمرے میں دونوں ہاتھوں کے مقابلوں میں کانسے کے تمغے اپنے نام کیے۔
30 اکتوبر کو دوسرے دن نوجوان کھلاڑیوں نے بائیں ہاتھ کے مقابلوں میں ہندوستان کی جھولی میں آٹھ تمغے ڈالے۔ جمیسن ماروین نے نوجوان مردوں کے 65 کلوگرام زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ آبھاس رانا نے جونیئر لڑکوں کے 90 کلوگرام سے زائد، لائیتانسانگا نے نوجوان مردوں کے 55 کلوگرام سے کم، اجے کمار نے نوجوان مردوں کے 60 کلوگرام اور وشنو پریا پی نے نوجوان خواتین کے 80 کلوگرام زمرے میں کانسے کے تمغے حاصل کیے۔
سب جونیئر زمرے میں آریان سنگھ نے لڑکوں کے 45 کلوگرام سے کم، یومنام چنگ کھائی سنگھ نے لڑکوں کے 50 کلوگرام اور شین سلیش نے لڑکوں کے 70 کلوگرام زمرے میں کانسے کے تمغے جیتے۔
پرو پنجا لیگ ہندوستانی آرم ریسلنگ کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ عالمی چیمپئن شپ میں تمغے جیتنے والے یوگیش چودھری اور آبھاس رانا اب 28 نومبر 2026 کو پونے میں ہونے والے پرو پنجا لیگ پونا والا گولڈ ایڈیشن-2 میں بھی حصہ لیں گے۔ اس مقابلے کا انعقاد پرو پنجا لیگ اور پونا والا گروپ کے تعاون سے کیا جائے گا۔ اس میں ہندوستان اور بیرون ملک کے سرکردہ آرم ریسلنگ کھلاڑی حصہ لیں گے۔
ہندوستان کے مجموعی طور پر 128 کھلاڑیوں نے 101 میں سے 90 فائنل مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے 154 پوزیشنیں حاصل کیں۔ ان میں 17 کھلاڑی چوتھے مقام پر رہے۔ نوین پال نے ماسٹر مردوں کے 110 کلوگرام زمرے اور مسنگیوا رنبائی نے گرینڈ ماسٹر خواتین کے 80 کلوگرام زمرے میں دونوں ہاتھوں کے مقابلوں میں چوتھا مقام حاصل کیا۔
ہندوستانی کھلاڑیوں نے سب جونیئر سے لے کر گرینڈ ماسٹر تک پانچ عمر کے زمروں میں تمغے جیتے۔ یہ کارکردگی ملک میں آرم ریسلنگ کھیل کی بڑھتی ہوئی بنیاد اور بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی کھلاڑیوں کی مضبوط ہوتی موجودگی کی عکاسی کرتی ہے۔
چیمپئن شپ کے تیسرے دن ہفتہ، 31 اکتوبر کو سب جونیئر، جونیئر اور نوجوان زمرے کے لڑکوں، لڑکیوں، مردوں اور خواتین کے دائیں ہاتھ کے مقابلوں کے فائنل کھیلے جائیں گے۔ ان مقابلوں کی براہ راست نشریات چیمپئن شپ کے نشریاتی شراکت دار سوین پر کی جائیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد