ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹ سے ہرایا، دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل
میرپور، 31 اکتوبر(ہ س)۔ ویسٹ انڈیز نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے دو میچوں کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر
ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹ سے ہرایا، دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل


میرپور، 31 اکتوبر(ہ س)۔

ویسٹ انڈیز نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے دو میچوں کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

جیت کے لیے ملنے والے 170 رن کے ہدف کو ویسٹ انڈیز نے جارحانہ بلے بازی کی بدولت محض دو وکٹ کھوکر حاصل کرلیا۔ برینڈن کنگ 81 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ جان کیمبل نے 49 رن اور کیوم ہوج نے ناٹ آؤٹ 31 رن کی اننگز کھیلی۔اس نتیجے کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل میں بھی تبدیلی ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش 47.62 فیصد پوائنٹس کے ساتھ ایک مقام نیچے کھسک کر پانچویں نمبر پر آگیا ہے، جبکہ ہندوستان 51.52 فیصد پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر پہنچ گیا ہے۔

چوتھے دن بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 6 وکٹ پر 79 رن سے آگے بڑھائی، لیکن ویسٹ انڈیز کے اسپن گیندبازوں نے میزبان ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ جومیل ویرکن نے ذاکر علی کو آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ ان کا کیچ روسٹن چیز نے سلپ میں پکڑا۔اس کے بعد نعیم حسن نے 52 رن کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، لیکن ویسٹ انڈیز کے اسپن گیندبازوں نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ روسٹن چیز نے 36 رن دے کر 5 وکٹ حاصل کیے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ان کی پانچویں پانچ وکٹوں کی کارکردگی تھی۔

بنگلہ دیش کی دوسری اننگز 142 رن پر سمٹ گئی اور اس طرح ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 170 رن کا ہدف ملا۔

ہدف کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے خلاف بنگلہ دیش نے مہدی حسن معراج اور تیج الاسلام جیسے دو اسپن گیندبازوں سے گیندبازی کا آغاز کرایا، لیکن جان کیمبل اور برینڈن کنگ نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے تیزی سے رن بنائے اور ٹیم کو جلد ہی 50 رن کے پار پہنچا دیا۔بارش کی وجہ سے کھیل کئی مرتبہ روکنا پڑا، لیکن ہر بار کھیل دوبارہ شروع ہونے کے بعد دونوں بلے بازوں نے رن بنانے کی رفتار برقرار رکھی۔19ویں اوور میں بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے کیمبل کا کیچ چھوڑ کر انہیں زندگی دان دیا، تاہم کچھ ہی دیر بعد انگوٹھے میں چوٹ لگنے کے باعث انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔

شریف الاسلام نے جان کیمبل کو 49 رن کے انفرادی اسکور پر بولڈ کرکے ویسٹ انڈیز کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 112 رن تھا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد ٹیگنارائن چندرپال بھی آؤٹ ہوگئے۔تاہم برینڈن کنگ اور کیوم ہوج نے مزید کوئی وکٹ نہیں گرنے دی اور ٹیم کو 8 وکٹ سے شاندار کامیابی دلادی۔ کنگ 81 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 5 نومبر سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande