
کیپ ٹاؤن، 31 اکتوبر (ہ س)۔
جنوبی افریقہ کے تیز گیندباز کاگیسو رباڈا نے بین الاقوامی کرکٹ میں 600 وکٹیں مکمل کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے جنوبی افریقہ کے پانچویں گیندباز بن گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن انہوں نے یہ کامیابی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی رباڈا نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 350 وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔
رباڈا کے نام اب 260 بین الاقوامی میچوں میں مجموعی طور پر 601 وکٹیں درج ہوگئی ہیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ان سے پہلے شان پولاک (823)، ڈیل اسٹین (697)، مکھایا انٹنی (661) اور ایلن ڈونلڈ (602) یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
رباڈا نے آسٹریلیائی بلے باز ٹریوس ہیڈ کو 14 رن پر آؤٹ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 350ویں وکٹ حاصل کی۔ میچوں کی تعداد کے اعتبار سے وہ تیز ترین 350 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے تیز گیندبازوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ 75 ٹیسٹ میچوں میں انجام دیا، جو سابق آسٹریلیائی گیندباز میلکم مارشل کے برابر ہے۔اس فہرست میں رچرڈ ہیڈلی اور ڈیل اسٹین نے 69 ٹیسٹ میچوں میں، جبکہ ڈینس للی نے 70 ٹیسٹ میچوں میں 350 وکٹیں مکمل کی تھیں۔ گلین میک گرا نے اس سنگ میل تک پہنچنے کے لیے 74 ٹیسٹ میچ کھیلے تھے۔
گیندوں کی تعداد کے اعتبار سے رباڈا نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ وہ صرف 13,808 گیندیں پھینک کر 350 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے تیز ترین گیندباز بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں ڈیل اسٹین 14,719 گیندوں کے ساتھ دوسرے اور وقار یونس 14,905 گیندوں کے ساتھ تیسرے مقام پر ہیں۔ میلکم مارشل نے 16,285 جبکہ مشیل اسٹارک نے 16,908 گیندوں میں 350 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کی تھیں۔
تیسرے ٹیسٹ کے فیصلہ کن دن رباڈا نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ابتدائی بلے بازی کو تہس نہس کردیا۔ 288 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری آسٹریلیائی ٹیم نے پانچویں دن اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اسے جیت کے لیے مزید 288 رن درکار تھے، لیکن رباڈا نے ابتدائی اوور ہی میں دو وکٹیں لے کر مہمان ٹیم کو دباؤ میں ڈال دیا۔انہوں نے میتھیو رینشا کو بغیر کوئی رن بنائے اور مارنس لبوشین کو 4 رن کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔
اس کے بعد رباڈا نے ٹریوس ہیڈ کو 14 رن پر آؤٹ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 350ویں وکٹ مکمل کی۔ کیمرون گرین اور جوش انگلس کے درمیان غلط فہمی کے باعث انگلس بھی 4 رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح 15.3 اوور میں آسٹریلیا کا اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 40 رن ہوگیا۔ کیمرون گرین 16 رن بناکر ناٹ آؤٹ تھے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے مزید 248 رن درکار تھے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 329 رن بنائے تھے، جس کے جواب میں آسٹریلیا نے 429 رن بناکر 100 رن کی سبقت حاصل کرلی تھی۔ تاہم جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں شاندار واپسی کرتے ہوئے 387 رن بنائے اور آسٹریلیا کے سامنے 288 رن کا ہدف رکھا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ریان ریکلٹن نے 101 اور ویان مولڈر نے 115 رن کی شاندار سنچریاں اسکور کرکے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan