ویمنز بگ بیش لیگ: ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی فاتحانہ شروعات، وولوارڈٹ کی نصف سنچری اور ویلنگٹن کی تباہ کن گیندبازی
ایڈیلیڈ، 31 اکتوبر (ہ س)۔ لورا وولوارڈٹ کی شاندار نصف سنچری اور امینڈاجے ویلنگٹن کی مؤثر گیندبازی کی بدولت ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے ویمنز بگ بیش لیگ (ڈبلیو بی بی ایل) میں جیت کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کیا۔ ایڈیلیڈ نے ملبورن اسٹارز کو 21 رن سے شکست دے
ویمنز بگ بیش لیگ: ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی فاتحانہ شروعات، وولوارڈٹ کی نصف سنچری اور ویلنگٹن کی تباہ کن گیندبازی


ایڈیلیڈ، 31 اکتوبر (ہ س)۔

لورا وولوارڈٹ کی شاندار نصف سنچری اور امینڈاجے ویلنگٹن کی مؤثر گیندبازی کی بدولت ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے ویمنز بگ بیش لیگ (ڈبلیو بی بی ایل) میں جیت کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کیا۔ ایڈیلیڈ نے ملبورن اسٹارز کو 21 رن سے شکست دے دی۔

پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے مقررہ 20 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر 185 رن بنائے۔ جواب میں ملبورن اسٹارز کی ٹیم 20 اوور میں 7 وکٹ پر 164 رن ہی بنا سکی۔

ٹاس کے بعد پہلے بلے بازی کرنے اتری ایڈیلیڈ کی اوپننگ جوڑی نے جارحانہ آغاز کیا اور سات اوور میں 54 رن جوڑ دیے۔ مایا بوشیر 21 گیندوں پر 30 رن بناکر اینابیل سدرلینڈ کا شکار بنیں۔اس کے بعد لورا وولوارڈٹ نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے 50 گیندوں پر 70 رن کی شاندار پاری کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 9 چوکے لگائے۔ 18ویں اوور میں کم گارتھ نے انہیں آؤٹ کرکے پویلین واپس بھیجا۔

بعد ازاں کپتان تالیہ میک گرا اور میڈلین پینا نے آخری اوورز میں تیز رفتاری سے رن بنائے۔ میک گرا نے 36 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 43 رن بنائے، جبکہ پینا نے محض 13 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 36 رن کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ دونوں بلے بازوں نے آخری دو اوورز میں 42 رن جوڑ کر ٹیم کا اسکور 185 تک پہنچا دیا۔185 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ملبورن اسٹارز کو میگ لیننگ اور رائس میکینا نے عمدہ آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے 8 اوور میں 77 رن کی شراکت قائم کی۔ میگ لیننگ نے 24 گیندوں پر 32 اور رائس میکینا نے 31 گیندوں پر 40 رن بنائے۔

نویں اوور میں لیگ اسپنر امینڈا جے ویلنگٹن نے میچ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے صرف چار گیندوں کے اندر پہلے میگ لیننگ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا اور پھر تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والی ایمی جونز کو 2 رن پر بولڈ کردیا۔ ان دو وکٹوں کے بعد میلبرن کی ٹیم مسلسل وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔

ناؤمی اسٹالین برگ نے 25 گیندوں پر 32 رن بناکر مقابلے میں سنسنی برقرار رکھنے کی کوشش کی، لیکن سوفی ایکلسٹن اور ایلینور لاروسا نے نپی تلی گیندبازی کرتے ہوئے ملبورن کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ایڈیلیڈ کی جانب سے امینڈا جے ویلنگٹن نے 28 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے، جبکہ سوفی ایکلسٹن اور ایلینور لاروسا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande