پوری کوسٹل میراتھن 2026 سے قبل کولکاتا پرومو رن میں 1000 سے زائد شرکاء نے حصہ لیا
کولکاتا، 31 اکتوبر (ہ س)۔ آئندہ پوری کوسٹل میراتھن 2026 کی تشہیری مہم کے تحت منعقد کولکاتا پرومو رن میں 1000 سے زائد دوڑنے والوں نے پرجوش انداز میں حصہ لیا۔ اڈیشہ کے پوری میں 13 دسمبر کو ہونے والی اس میراتھن سے قبل منعقد پانچ کلومیٹر کی دوڑ میں ش
کولکاتا پرومو رن میں 1000 سے زائد شرکاء نے حصہ لیا


کولکاتا، 31 اکتوبر (ہ س)۔

آئندہ پوری کوسٹل میراتھن 2026 کی تشہیری مہم کے تحت منعقد کولکاتا پرومو رن میں 1000 سے زائد دوڑنے والوں نے پرجوش انداز میں حصہ لیا۔ اڈیشہ کے پوری میں 13 دسمبر کو ہونے والی اس میراتھن سے قبل منعقد پانچ کلومیٹر کی دوڑ میں شہر کے فٹنس شائقین، شوقیہ دوڑنے والوں، تجربہ کار کھلاڑیوں اور مختلف طبقات کے لوگوں نے شرکت کی۔

کولکاتا کے بدھان نگر میں واقع سالٹ لیک سیکٹر-3 کے جی ڈی گراؤنڈ میں منعقد اس دوڑ کے لیے 1000 سے زائد افراد نے رجسٹریشن کرایا تھا۔ منتظمین کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، رجسٹرڈ سبھی شرکاء نے دوڑ میں حصہ لیا۔ اس کا مقصد لوگوں کو فٹنس، صحت مند طرزِ زندگی اور طویل فاصلے کی دوڑ کے تئیں بیدار کرنا تھا۔ پروگرام کی شروعات صبح 5.30 بجے شرکاء کو بِب تقسیم کرنے کے ساتھ ہوئی۔ اس کے بعد صبح 6.45 بجے دوڑ کو ہری جھنڈی دکھائی گئی۔ شرکاء نے پورے جوش و خروش کے ساتھ دوڑ میں حصہ لیا اور صبح کے ماحول کو کھیل اور فٹنس کے رنگ میں رنگ دیا۔

اس پرومو رن میں رجسٹریشن مکمل طور پر مفت رکھا گیا تھا، تاکہ شہر کے زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں شامل ہو سکیں۔ شرکاء کے لیے پینے کے پانی کا نظم، دوڑ کی مفت تصاویر اور دوڑ کے بعد ناشتے کا انتظام کیا گیا تھا۔ وہیں، پہلے 500 شرکاء کو ’پہلے آؤ، پہلے پاؤ‘ کی بنیاد پر خصوصی ٹی شرٹ دینے کا نظم بھی کیا گیا تھا۔

کولکاتا پرومو رن کا مقصد صرف لوگوں کو فعال طرزِ زندگی کے لیے ترغیب دینا ہی نہیں بلکہ پوری کوسٹل میراتھن 2026 کے تئیں بیداری بڑھانا بھی تھا۔ اس انعقاد کے ذریعے مغربی بنگال اور اڈیشہ کے ایتھلیٹ طبقوں کے درمیان باہمی رابطہ مضبوط کرنے کی کوشش کی گئی۔ شرکاء نے پوری میں ہونے والی میراتھن میں حصہ لینے کو لے کر بھی زبردست جوش کا مظاہرہ کیا۔

آئندہ پوری کوسٹل میراتھن کا انعقاد اتوار، 13 دسمبر کو اڈیشہ کے ساحلِ سمندر پر کیا جائے گا۔ اسے ہندوستان کی پہلی ریت اور سڑک پر منعقد ہونے والی میراتھن کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ اس میں دوڑنے والوں کو ساحلِ سمندر کی ریتلی سطح اور عام سڑک، دونوں پر دوڑنے کا چیلنج ملے گا۔ منتظمین کا مقصد اس تقریب کے ذریعے ملک بھر کے دوڑنے والوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اڈیشہ کی ساحلی سیاحت اور کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔کولکاتا پرومو رن میں حوصلہ افزا شرکت کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ دسمبر میں ہونے والی اصل میراتھن میں کولکاتا اور مغربی بنگال کے دیگر حصوں سے بھی بڑی تعداد میں دوڑنے والے پوری پہنچیں گے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande