
نئی دہلی، 30 اکتوبر (ہ س)۔ آئی ٹی کمپنیوں کے شیئروں میں اچھی خریداری اور ٹرینٹ کے بہتر نتائج کے باعث ہندوستانی شیئر بازار مسلسل دوسرے کاروباری دن بھی تیزی کے ساتھ بند ہونے میں کامیاب رہا۔ تاہم، بازار میں مجموعی طور پر مضبوطی کے باوجود مڈ کیپ اور اسمال کیپ شیئروں میں بڑے پیمانے پر فروخت کے سبب بیشتر سرمایہ کاروں کے لیے آج کا دن اچھا نہیں رہا۔ چند منتخب شیئروں میں خریداری کی بدولت بازار تو سبز نشان میں بند ہوا، لیکن سرمایہ کاروں کے مجموعی اثاثوں کی مالیت میں تقریباً 4 لاکھ کروڑ روپے کی بڑی کمی درج کی گئی۔
آج کاروبار کے آغاز سے ہی بازار میں اتار چڑھاو¿ کا ماحول بنا رہا۔ منتخب شیئروں میں خریداری کے باعث سینسیکس اور نفٹی دونوں اشاریے زیادہ تر وقت سبز نشان میں رہے۔ دن بھر کے کاروبار کے بعد سینسیکس 0.42 فیصد اور نفٹی 0.51 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 48.65 پوائنٹس یعنی 0.07 فیصد کے معمولی اضافے کے ساتھ 74,199.69 پوائنٹس پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی فروخت کا دباو¿ بڑھ گیا، جس کے باعث یہ اشاریہ پھسل کر 74,099.33 پوائنٹس تک آ گیا۔ اس کے بعد آئی ٹی اور چند بڑے شیئروں میں خریداری شروع ہوئی، جس سے کچھ ہی دیر میں سینسیکس اپنی نچلی سطح سے 643.26 پوائنٹس اچھل کر 74,742.59 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ تاہم، اس تیزی کے بعد بلند سطح پر منافع وصولی شروع ہو گئی، جس سے سینسیکس کی رفتار ایک بار پھر کمزور پڑ گئی۔
یہ انڈیکس اپنی بلند ترین سطح سے 660.66 پوائنٹس گر کر 69.01 پوائنٹس یعنی 0.09 فیصد کی کمی کے ساتھ 74,082.03 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد کاروبار کے آخری گھنٹے میں خریداروں نے دوبارہ خریداری شروع کی، جس کے نتیجے میں سینسیکس دن کی نچلی سطح سے 377.50 پوائنٹس کی شاندار واپسی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 308.49 پوائنٹس یعنی 0.42 فیصد کے اضافے کے ساتھ 74,459.53 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 27.75 پوائنٹس یعنی 0.12 فیصد کے اضافے کے ساتھ 22,964.50 پوائنٹس پر کاروبار کا آغاز کیا۔ بازار کھلنے کے بعد فروخت کے دباو¿ میں یہ اشاریہ سرخ نشان میں آ گیا اور 22,919.85 پوائنٹس تک گر گیا۔ اس کے بعد خریدار سرگرم ہوئے اور خریداری شروع کر دی۔ اس کے نتیجے میں نفٹی تیزی سے آگے بڑھا اور 181.35 پوائنٹس یعنی 0.79 فیصد کے اضافے کے ساتھ 23,118.10 پوائنٹس کی بلند سطح تک پہنچ گیا۔ تاہم، بعد میں فروخت کا دباو¿ بڑھنے سے نفٹی اپنی بلند ترین سطح سے 213 پوائنٹس گر کر 31.65 پوائنٹس یعنی 0.14 فیصد کی کمی کے ساتھ 22,905.10 پوائنٹس تک آ گیا۔ کاروبار کے آخری مرحلے میں خریداروں نے پھر سے خریداری کا زور بڑھایا، جس کے باعث نفٹی اپنی گراوٹ سے ابھرتے ہوئے دن کی نچلی سطح سے 148 پوائنٹس کی واپسی کرنے میں کامیاب رہا اور 116.35 پوائنٹس یعنی 0.51 فیصد کے اضافے کے ساتھ 23,053.10 پوائنٹس پر بند ہوا۔
آج دن بھر کے کاروبار میں آئی ٹی شعبے کے شیئروں میں سب سے زیادہ تیزی دیکھی گئی۔ زبردست خریداری کے باعث نفٹی کا آئی ٹی انڈیکس 2.32 فیصد کے نمایاں اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح دواسازی کا شعبہ بھی خریداروں کی توجہ کا مرکز رہا اور نفٹی کا فارما انڈیکس 1.55 فیصد مضبوطی کے ساتھ بند ہونے میں کامیاب رہا۔ اس کے علاوہ ہیلتھ کیئر اور ٹیک انڈیکس بھی سبز نشان میں بند ہوئے۔ دوسری جانب، کیپٹل گڈز شعبے کے شیئروں میں آج بھاری فروخت دیکھی گئی، جس کے باعث بی ایس ای کا کیپٹل گڈز انڈیکس 2 فیصد سے زیادہ کی گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔ اس کے علاوہ آٹوموبائل، ایف ایم سی جی، میٹل، آئل اینڈ گیس اور کنزیومر ڈیور ایبلز انڈیکس بھی فروخت کے دباو¿ میں رہنے کے باعث سرخ نشان میں بند ہوئے۔
مجموعی بازار اور مختلف شعبوں میں آج ملا جلا رجحان رہا۔ بینکنگ شعبے میں سستی رہی، جس کے باعث نفٹی بینک انڈیکس 0.41 فیصد کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔ وہیں مڈ کیپ اور اسمال کیپ انڈیکس بھی دباو¿ سے نہیں نکل سکے۔ کاروبار کے اختتام پر نفٹی کا مڈ کیپ 100 انڈیکس 0.93 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح اسمال کیپ شیئروں میں بھی فروخت کا دباو¿ نظر آیا اور نفٹی کا اسمال کیپ 100 انڈیکس 1.85 فیصد کی بڑی کمی کے ساتھ بند ہوا۔
بازار کے دونوں اہم اشاریوں کے اضافے کے ساتھ بند ہونے کے باوجود مڈ کیپ اور اسمال کیپ شعبوں میں فروخت کے باعث آج سرمایہ کاروں کے اثاثوں کی مجموعی مالیت میں تقریباً 4 لاکھ کروڑ روپے کی کمی درج کی گئی۔ بی ایس ای میں درج کمپنیوں کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن گزشتہ یعنی جمعرات کے کاروباری سیشن کے اختتام پر 478.34 لاکھ کروڑ روپے تھی، جو آج جمعہ کو کاروبار ختم ہونے پر گھٹ کر 474.33 لاکھ کروڑ روپے (عارضی) رہ گئی۔ اس طرح چند بڑے شیئروں میں تیزی کے باوجودبروڈر مارکیٹ میں فروخت کے سبب سرمایہ کاروں کو آج تقریباً 4.01 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
آج دن بھر کے کاروبار کے دوران این ایس ای کے ایڈوانس-ڈیکلائن اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو بازار میں گراوٹ کا رجحان حاوی رہا۔ صرف 881 شیئر سبز نشان میں اضافے کے ساتھ بند ہونے میں کامیاب رہے، جب کہ 2,383 شیئروں میں کمی درج کی گئی اور وہ سرخ نشان میں بند ہوئے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 18 منافع کے ساتھ اور 12 گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ وہیں نفٹی کے 50 شیئروں میں سے 29 میں اضافہ درج کیا گیا، جب کہ 21 شیئروں میں گراوٹ دیکھی گئی۔
دن بھر کے کاروبار کے بعد اسٹاک مارکیٹ کی بڑی کمپنیوں میں ٹرینٹ 5.44 فیصد کے نمایاں اضافے کے ساتھ سب سے زیادہ فائدے میں رہی۔ اس کے علاوہ انٹرگلوب ایوی ایشن (انڈیگو) 4.33 فیصد، انفوسس 3.36 فیصد، اپولو ہاسپٹلس 3.02 فیصد اور پاور گرڈ کارپوریشن 1.92 فیصد کے اضافے کے ساتھ آج سب سے زیادہ فائدے میں رہنے والی پانچ کمپنیوں میں شامل رہیں۔
دوسری جانب، گراوٹ کا سامنا کرنے والی کمپنیوں میں شری رام فائنانس 2.13 فیصد کی کمی کے ساتھ سب سے آگے رہی۔ اس کے علاوہ نیسلے انڈیا 1.82 فیصد، مہندرا اینڈ مہندرا 1.72 فیصد، جیو فائنانشیل سروسز 1.21 فیصد اور اڈانی پورٹس 1.18 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ آج سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والی پانچ کمپنیوں میں شامل رہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد