نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے پرسدھ کرشنا باہر، بھارت اے ٹیم میں شامل ہوں گے
نئی دہلی، 30 اکتوبر (ہ س)۔ تیز گیند باز پرسدھ کرشنا ہیم اسٹرنگ کی چوٹ سے بروقت صحت یاب نہ ہونے کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ اب وہ نیوزی لینڈ اے کے خلاف تیسرے غیر سرکاری ٹیسٹ میچ کے لیے بھارت اے ٹیم
پرسدھ کرشنا


نئی دہلی، 30 اکتوبر (ہ س)۔ تیز گیند باز پرسدھ کرشنا ہیم اسٹرنگ کی چوٹ سے بروقت صحت یاب نہ ہونے کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ اب وہ نیوزی لینڈ اے کے خلاف تیسرے غیر سرکاری ٹیسٹ میچ کے لیے بھارت اے ٹیم میں شامل ہوں گے۔ تاہم، اس کے لیے انہیں فٹنس ٹیسٹ اور میدان میں واپسی سے متعلق جانچ (آر ٹی پی) میں کامیاب ہونا ہوگا۔ اس کے بعد ہی ان کے کھیلنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنے بیان میں کہا کہ پرسدھ کرشنا کو میچ کھیلنے کے لیے ضروری بولنگ کی تیاری مکمل کرنے میں ابھی مزید وقت درکار ہے۔ ون ڈے ٹیم میں ان کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ تیز گیند باز جسپریت بمراہ کو پہلے ہی آرام دیا جا چکا ہے۔

دریں اثنا، آل راؤنڈر نتیش کمار ریڈی اب پوری ون ڈے سیریز کے بجائے صرف پہلے میچ میں حصہ لیں گے۔ اس کے بعد وہ 6 نومبر سے شروع ہونے والے نیوزی لینڈ اے کے خلاف تیسرے غیر سرکاری ٹیسٹ کے لیے بھارت اے ٹیم میں شامل ہو جائیں گے۔ یہ فیصلہ 19 نومبر سے ویلنگٹن میں شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے قبل نتیش کو سرخ گیند سے کھیلنے کی مناسب مشق فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

پہلے تین ون ڈے میچوں کے لیے بھارتی ٹیم

شبھمن گل (کپتان)، روہت شرما، وراٹ کوہلی، شریس ایئر (نائب کپتان)، کے ایل راہل، اکشر پٹیل، نمن دھیر، انشل کمبوج، گرنور براڑ، رتوراج گائیکواڑ، ارشدیپ سنگھ، ایشان کشن، محمد سراج، کلدیپ یادو اور نتیش کمار ریڈی۔

چوتھے اور پانچویں ون ڈے کے لیے بھارتی ٹیم

شریس ایئر (کپتان)، روہت شرما، وراٹ کوہلی، تلک ورما، ایشان کشن (نائب کپتان)، اکشر پٹیل، نمن دھیر، عاقب نبی، گرنور براڑ، رتوراج گائیکواڑ، ارشدیپ سنگھ، کمار کشاگر، محمد سراج، یش ٹھاکر اور کلدیپ یادو۔

دوسرے غیر سرکاری ٹیسٹ کے لیے بھارت اے ٹیم میں سراج شامل

تیز گیند باز محمد سراج کو نیوزی لینڈ اے کے خلاف 31 اکتوبر سے کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میدان میں شروع ہونے والے دوسرے غیر سرکاری ٹیسٹ کے لیے بھارت اے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دھرو جوریل کی کپتانی والی اس ٹیم میں سراج کے علاوہ کئی ایسے کھلاڑی بھی موجود ہیں جو باقاعدگی سے بھارتی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ رہتے ہیں۔

بھارت اے ٹیم پہلے غیر سرکاری ٹیسٹ میں جیت کے بہت قریب پہنچ گئی تھی، لیکن روشنی کم ہونے کے باعث نیوزی لینڈ اے کی ٹیم میچ ڈرا کرانے میں کامیاب رہی۔ اس میچ میں کھیلنے والے کے ایل راہل اب کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دوسرے مقابلے میں حصہ نہیں لیں گے۔ وہ ون ڈے سیریز کی تیاری کریں گے۔

دوسرے چار روزہ میچ کے لیے بھارت اے ٹیم

دھرو جوریل (کپتان)، یشسوی جیسوال، سائی سدرشن، دیودت پڈیکل، یش راٹھوڑ، آر سمرن، واشنگٹن سندر، محمد سراج، آکاش دیپ، شکھر موہن، مکیش چودھری، مکیش کمار، مانو ستھار اور کمار کشاگر۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande