ممبئی انڈینز کے کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلی، اتھپا اور ٹی دلیپ کو اہم ذمہ داریاں سونپی گئیں
نئی دہلی، 30 اکتوبر (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آئندہ سیزن سے قبل ممبئی انڈینز نے اپنے کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ نئے ہیڈ کوچ کیرون پولارڈ کی قیادت میں ٹیم نے سابق بھارتی بلے باز رابن اتھپا کو بیٹنگ کوچ اور ٹی دلیپ کو فیلڈنگ
ممبئی اندینس


نئی دہلی، 30 اکتوبر (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آئندہ سیزن سے قبل ممبئی انڈینز نے اپنے کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ نئے ہیڈ کوچ کیرون پولارڈ کی قیادت میں ٹیم نے سابق بھارتی بلے باز رابن اتھپا کو بیٹنگ کوچ اور ٹی دلیپ کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے سابق تیز گیند باز مچل میک کلیناگھن کو بولنگ کوچ اور دھول کلکرنی کو نوجوان گیند بازوں کی تربیت اور ترقی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ممبئی انڈینز نے اس سے قبل لاستھ ملنگا، پارس مہامبرے اور کارل ہاپکنسن سے اپنی راہیں جدا کر لی تھیں۔ ملنگا 2024 سے ٹیم کے بولنگ کوچ تھے، جبکہ ہاپکنسن فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داری نبھا رہے تھے۔

رابن اتھپا پہلی بار کسی آئی پی ایل ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ بنے ہیں۔ انہوں نے 2022 کے سیزن کے بعد آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ اتھپا 2008 میں آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں ممبئی انڈینز کا حصہ تھے اور باقاعدگی سے پلیئنگ الیون میں شامل رہتے تھے۔ بعد میں آئی پی ایل کے ابتدائی تجارتی معاہدوں میں سے ایک کے تحت انہیں ظہیر خان کے بدلے رائل چیلنجرز بنگلورو میں بھیج دیا گیا تھا۔

مچل میک کلیناگھن ممبئی انڈینز کو تین مرتبہ چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے اس بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے 2015، 2017 اور 2019 میں ٹیم کی خطابی فتوحات کے دوران 56 میچوں میں 71 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ 2020 میں اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے، تاہم اس سیزن میں انہیں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ وہ 2024 میں آئی ایل ٹی 20 کے دوران ایم آئی ایمریٹس کے بولنگ کوچ بھی رہے تھے اور ان کی نگرانی میں ٹیم نے خطاب جیتا تھا۔

ٹی دلیپ بھارتی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے اپنی شناخت بنا چکے ہیں۔ وہ بھارتی ٹیم کے اس کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہے ہیں جس نے تین آئی سی سی خطاب جیتے۔ ان میں 2024 اور 2026 کے ٹی 20 عالمی کپ اور 2025 کی چیمپئنز ٹرافی شامل ہیں۔ بھارتی کپتان روہت شرما کے دور میں بھی وہ ٹیم سے وابستہ رہے تھے۔ اب ممبئی انڈینز میں وہ ایک بار پھر روہت شرما کے ساتھ کام کریں گے۔

دھول کلکرنی بھی ممبئی انڈینز کے سابق کھلاڑی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل کے ابتدائی چھ سیزن میں ٹیم کی نمائندگی کی اور 2013 میں ممبئی کی پہلی خطابی جیت کا حصہ بنے۔ اس کے بعد وہ 2020 اور 2021 میں بھی ممبئی کی ٹیم سے وابستہ رہے۔ کلکرنی نے اپنے آئی پی ایل کیریئر میں راجستھان رائلز اور اب ختم ہو چکی گجرات لائنس کی بھی نمائندگی کی۔ انہوں نے 2014 سے 2016 کے درمیان بھارت کے لیے 12 ایک روزہ اور دو ٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلے۔

ممبئی انڈینز کے مطابق کلکرنی کو پورے سال کے لیے ذمہ داری سونپی گئی ہے، تاکہ کھلاڑیوں کی تربیت و ترقی کا سلسلہ مسلسل جاری رہے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی ایک مضبوط کھیپ تیار کی جا سکے۔

پولارڈ کی قیادت میں نئے کوچنگ اسٹاف کے سامنے پہلا بڑا چیلنج دسمبر میں ہونے والی نیلامی سے قبل ان کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرنا ہوگا جنہیں ٹیم اپنے پاس برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ اس کے لیے فرنچائز کو آئندہ سیزن کی حکمت عملی اور ٹیم کی تشکیل پر کام کرنا ہوگا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande