


نئی دہلی، 30 اکتوبر (ہ س)۔
فیڈریشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ ڈیلیگیشنز (آئی ٹی ڈی ایف سی) کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) بینسی جارج کی قیادت میں ایک ہندوستانی کاروباری وفد نے روس کی جمہوریہ تاتارستان کے قازان میں منعقدہ ’ٹائم بزنس فورم‘ میں حصہ لیا۔
آئی ٹی ڈی ایف سی کے چیف آپریٹنگ آفیسر بینسی جارج نے جمعہ کو جاری بیان میں بتایا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ہندوستان-روس اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانا، سرحد پار تجارت کے مواقع تلاش کرنا اور ہندوستانی نیز روسی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس وفد میں تجارت اور عوامی زندگی سے وابستہ کئی اہم شخصیات شامل تھیں، جن میں دہلی اسمبلی (این سی ٹی دہلی حکومت) کے رکن ہریش کھرانہ، آئی بس کے سبھاش واسودیون، چنار مین پاور کے ابراہم میتھیو، رنگیتھ موہن اور دیگر ہندوستانی کاروباری نمائندے شامل تھے۔
بینسی جارج نے کہا کہ روس کی جمہوریہ تاتارستان کے دارالحکومت قازان میں منعقدہ اس بزنس فورم میں بین الاقوامی تجارت اور معاشی شراکت داریوں کو فروغ دینے کے ہندوستان کے عزم کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ان کی شرکت یہ ظاہر کرتی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے عوامی قیادت، صنعتی شعبے اور بین الاقوامی کاروباری نیٹ ورک کو باہم جوڑنا کتنا ضروری ہے۔
جارج نے کہا کہ مکمل اجلاس (پلینری سیشن) کے دوران ہریش کھرانہ نے ہندوستان-روس تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دوطرفہ اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے گہرے کاروباری روابط، ادارہ جاتی تعاون اور مسلسل بات چیت پر زور دیا۔ تاتارستان انویسٹمنٹ ڈیولپمنٹ ایجنسی (ٹی آئی ڈی اے) کی سربراہ محترمہ تالیہ منولینا نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی تجارتی تعاون اور اس میں شامل فریقین کے مابین مضبوط شراکت داری پر ہونے والے مباحثوں میں اپنا حصہ ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ اس فورم نے کاروبار کو وسعت دینے، سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے اور کاروباری اداروں اور اداروں کے مابین براہِ راست روابط کو فروغ دینے کی راہیں تلاش کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کیا۔ وہیں، گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ مشترکہ معاشی مفادات کو تعاون کے عملی مواقع میں بدلنے کے لیے بین الاقوامی پلیٹ فارم کتنے کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔
اس اشتراک کا ایک اہم پہلو کیرالہ اور تاتارستان کے درمیان معاشی تعاون کے امکانات پر غور کرنا تھا۔ بات چیت میں کیرالہ کی کاروباری خوبیوں، تجارتی امکانات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر زور دیا گیا۔ اس پیش رفت کا مقصد کیرالہ اور جمہوریہ تاتارستان کے درمیان کاروباری اداروں کو جوڑنے، تجارتی شراکت داریوں کو فروغ دینے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کی راہیں تلاش کرنا تھا۔
اس قسم کی علاقائی شراکت داریاں ہندوستان-روس کے وسیع تر اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کر سکتی ہیں۔ اس سے کاروباری اداروں کو نئی منڈیوں کی شناخت کرنے، ادارہ جاتی تعلقات استوار کرنے اور مخصوص شعبوں میں تعاون تلاش کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔
وفد کی اس شرکت نے تجارتی سفارت کاری کے ایک بنیادی مقصد کو اجاگر کیا: کاروباری اداروں، اداروں اور عوامی نمائندوں کے مابین ایسے معنی خیز تعلقات قائم کرنا جو مستقبل میں مسلسل کاروباری روابط کی راہ ہموار کر سکیں۔
ٹائم بزنس فورم میں شرکت، اسٹریٹجک تجارتی وفود، تجارتی سفارت کاری، ادارہ جاتی شراکت داریوں اور بین الاقوامی نیٹ ورکنگ کے ذریعے بین الاقوامی منڈیوں کے ساتھ ہندوستان کے اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے آئی ٹی ڈی ایف سی کے وسیع تر عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
ہندوستانی تاجروں اور غیر ملکی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان براہِ راست بات چیت کے لیے پلیٹ فارم مہیا کر کے آئی ٹی ڈی ایف سی کا مقصد منڈیوں تک رسائی آسان بنانا، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا، کاروباری شراکت داریوں کو فروغ دینا اور طویل مدتی اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنا ہے۔
یہ تنظیم مسلسل ایسے بین الاقوامی تعاون کے مواقع تلاش کرتی رہتی ہے جو ہندوستانی اداروں کو ابھرتی ہوئی منڈیوں سے جوڑ سکیں اور عالمی کاروباری ماحول میں ان کی شرکت کو مضبوط بنا سکیں۔
آنے والے مہینوں میں آئی ٹی ڈی ایف سی کی جانب سے پولینڈ اور جنوبی افریقہ میں تجارتی وفود کی قیادت کرنے کی توقع ہے۔ ساتھ ہی، متعلقہ پروگراموں اور انتظامات کی بنیاد پر، اس کے سوئٹزرلینڈ کے ڈاووس میں منعقد ہونے والے ’ورلڈ اکنامک فورم‘ کے سالانہ اجلاس میں بھی شرکت کرنے کا امکان ہے۔ ان مجوزہ سرگرمیوں کا مقصد بین الاقوامی تجارتی شراکت داریوں کو وسعت دینا، سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا، کاروباری اداروں کے باہمی تعلقات کو مضبوط کرنا اور اسٹریٹجک تجارتی سفارت کاری کے ذریعے عالمی معاشی میدان میں ہندوستان کی شرکت کو آگے بڑھانا ہے۔
قازان میں منعقد ہونے والی یہ تقریب ہندوستانی اداروں کو بین الاقوامی مواقع سے جوڑنے اور عالمی تجارت میں ’شراکت داری پر مبنی نقطۂ نظر‘ کو فروغ دینے کے آئی ٹی ڈی ایف سی کے وسیع مشن کی سمت میں ایک اور قدم ہے۔ اسٹریٹجک وفود، ادارہ جاتی تعاون اور تجارتی سفارت کاری کے ذریعے، آئی ٹی ڈی ایف سی مختلف منڈیوں کے درمیان پُل کا کردار ادا کرنے، سرمایہ کاری کی راہیں ہموار کرنے اور دنیا بھر میں ہندوستان کی معاشی شراکت داریوں کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن