ہندوستانی خواتین ریکرو ٹیم نے کوریا کی 44 سالہ بالادستی ختم کی، کیرتی نے کہا: ہم نے جذبات پر قابو رکھا
نئی دہلی، 3 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستانی خواتین ریکرو ٹیم نے ایشین گیمز 2026 میں تاریخ رقم کرتے ہوئے جمعہ کو جنوبی کوریا کو 5-3 سے شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ کیرتی شرما، انکیتا بھکت اور کم کم موہڈ کی تین رکنی ٹیم نے اس جیت کے ساتھ ایشین گی
ہندوستانی خواتین ریکرو ٹیم نے کوریا کی 44 سالہ بالادستی ختم کی، کیرتی نے کہا: ہم نے جذبات پر قابو رکھا


نئی دہلی، 3 اکتوبر (ہ س)۔

ہندوستانی خواتین ریکرو ٹیم نے ایشین گیمز 2026 میں تاریخ رقم کرتے ہوئے جمعہ کو جنوبی کوریا کو 5-3 سے شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ کیرتی شرما، انکیتا بھکت اور کم کم موہڈ کی تین رکنی ٹیم نے اس جیت کے ساتھ ایشین گیمز میں جنوبی کوریا کی 44 سال سے جاری بالادستی کا خاتمہ کردیا۔ ہندوستان نے اس سے قبل سیمی فائنل میں مضبوط چین کو 5-1 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

جنوبی کوریا اور چین کے تیرانداز دباؤ کے باوجود پرسکون رہنے اور انتہائی درست نشانہ لگانے کے لیے جانے جاتے ہیں، لیکن ہندوستانی ٹیم نے فائنل میں اسی انداز میں انہیں جواب دیا۔ فائنل کے کشیدہ لمحات کو یاد کرتے ہوئے کیرتی شرما نے کہا کہ ذہنی مضبوطی نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) میڈیا سے گفتگو میں کیرتی نے کہا، ’’ہم اپنے حریفوں کے بارے میں نہیں سوچ رہے تھے۔ ہماری پوری توجہ اپنی کارکردگی اور اس عمل پر تھی، جسے ہم نے تربیت کے دوران اپنایا تھا۔ ہم تینوں کو اپنے جذبات پر قابو رکھنا تھا اور ایک دوسرے پر اعتماد کرنا تھا۔ ہم نے نتیجے کے بارے میں نہیں سوچا اور اپنی 100 فیصد کارکردگی دینے پر توجہ مرکوز رکھی۔‘‘

ہریانہ کی رہنے والی کیرتی نے کہا کہ خطابی مقابلے میں انہیں ہریانہ کے مخصوص جذبہ مقابلہ سے بھی بھرپور فائدہ اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم جانتے تھے کہ اگر ہم سے معمولی سی بھی غلطی ہوئی تو ہماری حریف ٹیم مقابلہ اپنے حق میں کرسکتی ہے۔ لیکن ہم مضبوطی سے ڈٹے رہے اور پہلے تیر سے آخری تیر تک اپنی شدت اور توجہ برقرار رکھی۔‘‘

ہزاری باغ میں واقع اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے تربیتی مرکز میں کوچ ادھم سنگھ کی رہنمائی میں مشق کرنے والی کیرتی نے کہا کہ ہندوستانی کمپاؤنڈ تیراندازوں کی شاندار کامیابی نے چین اور جنوبی کوریا کے خلاف مشکل مقابلوں سے پہلے ریکرو ٹیم کے حوصلے کو کافی بڑھایا۔انہوں نے کہا، ’’کمپاؤنڈ مقابلوں کے بعد ہمارا اعتماد کافی بڑھ گیا تھا۔ جس دن ہم نے مسلسل تین طلائی تمغے جیتے، وہ ہندوستان کے لیے خوش قسمت دن تھا۔ اس سے ہمیں بہت حوصلہ ملا۔ ہم بھی ان کی کامیابی کو دہرانا چاہتے تھے۔‘‘

ایشین گیمز میں ہندوستان کے کمپاؤنڈ تیرانداز اس سے قبل مردوں کی ٹیم، خواتین کی ٹیم اور مکسڈ ٹیم مقابلوں میں طلائی تمغے جیت چکے تھے۔ اس کے بعد خواتین ریکرو ٹیم نے بھی طلائی تمغہ جیت کر ہندوستان کے لیے تیراندازی میں ایک اور تاریخی کامیابی درج کرائی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande