جوکووچ نے بیسل اوپن میں جیت کے ساتھ کیا آغاز، اے ٹی پی فائنلز میں جگہ بنانے کی امید مضبوط
بیسل، 29 اکتوبر (ہ س): سربیا کے اسٹار ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے بدھ کو بیسل اوپن میں اپنے پہلے مقابلے میں فرانس کے اوگو ہمبرٹ کو تین سیٹوں میں شکست دے کر اے ٹی پی فائنلز کے لیے کوالیفائی کرنے کی اپنی امیدوں کو مضبوط کر لیا۔ 39 سالہ جوکووچ نے پہلا
جوکووچ نے بیسل اوپن میں جیت کے ساتھ کیا آغاز، اے ٹی پی فائنلز میں جگہ بنانے کی امید مضبوط


بیسل، 29 اکتوبر (ہ س): سربیا کے اسٹار ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے بدھ کو بیسل اوپن میں اپنے پہلے مقابلے میں فرانس کے اوگو ہمبرٹ کو تین سیٹوں میں شکست دے کر اے ٹی پی فائنلز کے لیے کوالیفائی کرنے کی اپنی امیدوں کو مضبوط کر لیا۔ 39 سالہ جوکووچ نے پہلا سیٹ گنوانے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے 4-6، 6-3، 6-4 سے کامیابی حاصل کی۔ وہ 2011 کے بعد پہلی بار باسل میں کھیل رہے ہیں۔

مقابلے کے بعد جوکووچ نے کہا، ’’یہ انتہائی سخت اور ابتدا ہی سے کافی چیلنجنگ مقابلہ تھا۔ پہلے پوائنٹ سے ہی مجھے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ مجھے ان کے جارحانہ کھیل کا مقابلہ کرنا تھا، لیکن دوسرے سیٹ کے آغاز میں میں اپنی لے حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’اس کے بعد مجھے ان کے کھیل کی رفتار کے ساتھ تال میل بٹھانے میں قدرے آسانی محسوس ہوئی۔ مجموعی طور پر یہ ایک بڑا چیلنج تھا۔ آج کے مشکل مقابلے میں میں حل تلاش کرنے میں کامیاب رہا۔‘‘

جوکووچ نے اس ماہ کے آغاز میں بیجنگ میں چائنا اوپن کا خطاب جیت کر اے ٹی پی فائنلز میں ریکارڈ 19ویں مرتبہ جگہ بنانے کی اپنی امیدوں کو مضبوط کیا تھا۔ یہ ان کے کیریئر کا 102واں خطاب تھا۔

تاہم، اس کے بعد انہیں شنگھائی ماسٹرز میں ابتدائی دور میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 24 گرینڈ سلیم خطاب جیت چکے جوکووچ ٹورین میں ہونے والے سیزن کے آخری ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرنے کی دوڑ میں 11ویں مقام پر کھسکنے کے بعد سوئٹزرلینڈ کے اس ٹورنامنٹ میں وائلڈ کارڈ کے ذریعے شامل ہوئے ہیں۔

جوکووچ سات مرتبہ اے ٹی پی فائنلز کا خطاب جیت چکے ہیں، لیکن چوٹ کے باعث گزشتہ دو ایڈیشن میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔ اس ٹورنامنٹ میں 15 سے 22 نومبر تک دنیا کے ٹاپ آٹھ کھلاڑی حصہ لیں گے۔ تاہم، اٹلی کے یانک سنر گھٹنے کی تکلیف کے باعث پہلے ہی ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو چکے ہیں۔

بیسل میں چوتھا مقام حاصل کرنے والے جوکووچ اگلے دور میں جرمنی کے یان لینارڈ اسٹرف سے مقابلہ کریں گے۔ اسٹرف کے خلاف جوکووچ کا جیت اور ہار کا ریکارڈ 0-8 ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande