
نئی دہلی، 29 اکتوبر (ہ س): ملازمین کی ریاستی بیمہ کارپوریشن (ای ایس آئی سی) نے نئی معافی اسکیم 2025 کی آخری تاریخ میں تین ماہ کی توسیع کرتے ہوئے اسے 31 دسمبر 2026 تک بڑھا دیا ہے۔ پہلے یہ اسکیم 30 ستمبر 2026 کو ختم ہونے والی تھی۔
مرکزی وزارت محنت و روزگار نے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا کہ مختلف متعلقہ فریقوں کی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد ملازمین کی ریاستی بیمہ کارپوریشن نے موجودہ قواعد و شرائط کے تحت اسکیم کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کی ہے۔ یہ اسکیم پہلے یکم اکتوبر 2025 سے 30 ستمبر 2026 تک نافذ تھی، لیکن اب 31 دسمبر 2026 تک جاری رہے گی۔
وزارت کے مطابق، نئی معافی اسکیم 2025 تنازعات کے حل کے لیے ایک بار کی خصوصی پہل ہے۔ اس کا مقصد عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد کم کرنا اور سابقہ ای ایس آئی قانون کے تحت قواعد کی پابندی کو فروغ دینا ہے۔ اس اسکیم کے ذریعے آجروں کو ای ایس آئی سی کے ساتھ قانونی تنازعات عدالت سے باہر حل کرنے کا ایک آسان اور منظم طریقہ فراہم کیا گیا ہے۔
اسکیم کے اہم التزامات
- اصل رقم اور سود کی ادائیگی: اصل واجب الادا تعاون اور سود ادا کرکے عارضی طور پر طے شدہ رقم سے متعلق معاملے کو نمٹایا جا سکتا ہے۔ ایسے معاملات میں کوئی جرمانہ نہیں لگایا جائے گا۔
- پہلے ہی بقایا رقم ادا کرنے والوں کو راحت: جن آجروں نے پہلے ہی بقایا رقم ادا کر دی ہے، ان کے خلاف دائر مقدمہ واپس لیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ وہ متنازع جرمانے کی رقم کا 10 فیصد ادا کریں۔
- قواعد کی خلاف ورزی سے متعلق مقدمات: ریکارڈ پیش نہ کرنے یا ادائیگی میں تاخیر کے سبب ای ایس آئی سی کی جانب سے دائر مقدمات بھی عدالت کی اجازت سے واپس لیے جا سکتے ہیں، بشرطیکہ متعلقہ آجر بعد میں قواعد کی پابندی کر چکے ہوں۔
اس اسکیم کے تحت وہ عدالتی مقدمات بھی اہل ہوں گے جو 31 مارچ 2025 تک دائر کیے گئے تھے۔
وزارت محنت و روزگار نے کہا کہ اسکیم کی مدت بڑھانے سے اہل آجروں اور بیمہ شدہ افراد کو اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے اضافی وقت ملے گا۔ تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 31 دسمبر 2026 کی آخری تاریخ سے پہلے اس توسیع شدہ موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
اسکیم کی تفصیلات کہاں ملیں گی؟
اسکیم سے متعلق مزید معلومات ای ایس آئی سی کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ نئی معافی اسکیم 2025 تنازعات کے حل کے لیے ایک عملی اور آجروں کے لیے سہولت بخش اقدام ہے۔ اس سے ای ایس آئی سی کی خدمات سے فائدہ اٹھانے والے افراد کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے کاروبار کو آسان بنانے کے حکومت کے وسیع تر مقصد کو بھی تقویت ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی