
نئی دہلی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ پریمیئر لیگ نے ہفتہ وار تعطیلات کے دوران نئی دہلی کے چھترپور میں واقع پریمیئر لیگ پارک میں آٹھویں میچ ویک کے مقابلوں کی خصوصی اسکریننگ کے ذریعے فٹ بال شائقین کو ایک جگہ جمع ہونے کا موقع فراہم کیا۔ اس موقع پر ہندوستانی قومی فٹ بال ٹیم کے گول کیپر اور پوما کے برانڈ ایمبیسیڈر گورپریت سنگھ سندھو بھی شائقین کے درمیان پہنچے۔
شائقین کو فٹ بال دیکھنے، کھیلنے اور اس سے جڑنے کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کیے گئے اس مرکز میں براہِ راست میچوں کی اسکریننگ کے ساتھ کئی انٹرایکٹو سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ شائقین نے ٹیک بال، دو دو کھلاڑیوں کی ٹیموں کے درمیان فٹ بال مقابلوں اور ای اے اسپورٹس ایف سی 27 ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ انہیں ہفتہ وار تعطیلات کے دوران پریمیئر لیگ کے سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کا موقع بھی ملا۔
آٹھویں میچ ویک میں لیورپول نے برائٹن کو 0-2 سے شکست دی، جب کہ اے ایف سی بورن ماؤتھ نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف 0-3 سے کامیابی حاصل کی۔ وہیں، آسٹن ولا نے مانچسٹر سٹی کو 1-2 سے ہرایا۔
پروگرام کے دوران پریمیئر لیگ انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر رشیکیش شینڈے نے کہا، ’’ہندوستان میں پریمیئر لیگ کے تئیں شائقین کا جوش و خروش غیر معمولی ہے۔ شائقین کو اپنے پسندیدہ کلبوں اور کھلاڑیوں کا جشن منانے کے لیے ایک ساتھ جمع ہوتے دیکھنا ہمیشہ خاص ہوتا ہے۔ پریمیئر لیگ پارک کو اسی طرح کے مشترکہ تجربات فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ ہفتہ وار تعطیلات کے دوران شائقین کا ردعمل حوصلہ افزا رہا ہے اور ہم پورے سال زیادہ سے زیادہ شائقین کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔‘‘
ہندوستان میں اپنی نوعیت کا پہلا مرکز قرار دیے جانے والے پریمیئر لیگ پارک کو گول ٹیک انوویشن انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ نے اپنے ’کلے گراؤنڈز‘ برانڈ کے ذریعے تیار کیا ہے اور وہی اس کا انتظام بھی چلاتی ہے۔ یہ پہل ہندوستان میں فٹ بال شائقین سے رابطہ مضبوط کرنے اور انہیں سال بھر اس کھیل سے لطف اندوز ہونے کے مزید مواقع فراہم کرنے کی پریمیئر لیگ کی وسیع تر حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی