ڈبلیو پی ایل 2027 کی نیلامی: کرن نوگیرے 75 لاکھ روپے میں فروخت، سشما ورما یوپی واریئرز سے منسلک
کوچی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ ویمن پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2027 کی منی نیلامی میں بدھ کے روز فرنچائزز نے ہندوستانی کھلاڑیوں پر بولیاں لگائیں۔ کرن نوگیرے کو دہلی کیپٹلز نے 75 لاکھ روپے میں خریدا، جبکہ وکٹ کیپر بلے باز سشما ورما 30 لاکھ روپے میں یوپی و
ڈبلیو پی ایل 2027 کی نیلامی: کرن نوگیرے 75 لاکھ روپے میں فروخت، سشما ورما یوپی واریئرز سے منسلک


کوچی، 28 اکتوبر (ہ س)۔

ویمن پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2027 کی منی نیلامی میں بدھ کے روز فرنچائزز نے ہندوستانی کھلاڑیوں پر بولیاں لگائیں۔ کرن نوگیرے کو دہلی کیپٹلز نے 75 لاکھ روپے میں خریدا، جبکہ وکٹ کیپر بلے باز سشما ورما 30 لاکھ روپے میں یوپی واریئرز کی ٹیم سے منسلک ہو گئیں۔ گجرات جائنٹس نے نوجوان بلے باز جی کمَلنی کو ان کی بنیادی قیمت 40 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ وہیں کئی ہندوستانی اور غیر ملکی کھلاڑی خریدار نہ ملنے کے باعث نیلامی میں فروخت نہیں ہو سکیں۔

کرن نوگیرے اس سے پہلے یوپی واریئرز کا حصہ تھیں۔ نیلامی میں ممبئی انڈینز نے ان کے لیے 40 لاکھ روپے سے بولی شروع کی۔ اس کے بعد دہلی کیپٹلز بھی بولی کی دوڑ میں شامل ہو گئی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان بولی بڑھتے بڑھتے 70 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔ آخر میں دہلی نے 75 لاکھ روپے کی بولی لگا کر انہیں اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔ نیلامی میں دہلی کیپٹلز کی یہ پہلی خریداری تھی۔

جی کمَلنی کے لیے گجرات جائنٹس نے 40 لاکھ روپے کی ابتدائی بولی لگائی۔ کسی دوسری فرنچائز نے دلچسپی ظاہر نہیں کی، جس کے بعد گجرات نے انہیں ان کی بنیادی قیمت پر خرید لیا۔ کمَلنی نے گھریلو کرکٹ میں تمل ناڈو اور انڈیا اے کی جانب سے رنز بنائے ہیں۔

سشما ورما یوپی واریئرز سے منسلک، اوما چھیتری کو خریدار نہیں ملا

وکٹ کیپر بلے باز سشما ورما کو یوپی واریئرز نے 30 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر خریدا۔ وہ 2023 میں ڈبلیو پی ایل کے پہلے سیزن میں گجرات جائنٹس کا حصہ تھیں۔ انہوں نے تقریباً ایک دہائی قبل اپنا آخری ٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلا تھا۔

ہندوستان کی ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کی رکن اوما چھیتری کو 30 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر بھی کوئی خریدار نہیں ملا۔ آسام کی جانب سے ہندوستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی کرکٹر اوما اس سے پہلے یوپی واریئرز کی ٹیم میں شامل رہ چکی ہیں۔

دہلی کیپٹلز کی سابق وکٹ کیپر تانیہ بھاٹیہ اور یوپی واریئرز کی سابق کھلاڑی ن±زہت پروین بھی فروخت نہیں ہو سکیں۔ سوئنگ گیند باز سائمہ ٹھاکر کو بھی کسی فرنچائز نے نہیں خریدا۔

ابتدائی مرحلے میں کئی دیگر ہندوستانی اور غیر ملکی کھلاڑی بھی فروخت نہیں ہو سکیں

ہندوستان کی راگھوی بشٹ اور آیوشی سونی کو بھی کوئی خریدار نہیں ملا۔ مہاراشٹر کی بلے باز تیجل ہسبنس بھی فروخت نہیں ہو سکیں۔ وہ زمبابوے کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل ہیں۔ انگلینڈ کی صوفیہ ڈنکلی بھی 50 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر فروخت نہیں ہو سکیں۔ وہ ڈبلیو پی ایل کے پہلے سیزن میں گجرات جائنٹس کی نمائندگی کر چکی ہیں۔

غیر ملکی کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کی تیز گیند باز ٹائلا بلیمنک 30 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر فروخت نہیں ہو سکیں۔ سری لنکا کی 19 سالہ تیز گیند باز متھالی ایودھیا اور نیوزی لینڈ کی روزمیری مائر کو بھی کوئی خریدار نہیں ملا۔ روزمیری 2024 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کی رکن تھیں۔

ہندوستان کی انڈر 19 خواتین ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کی رکن ٹائٹس سادھو بھی فروخت نہیں ہو سکیں۔ وہ اس سے پہلے دہلی کیپٹلز اور گجرات جائنٹس کی جانب سے کھیل چکی ہیں۔

ڈبلیو پی ایل 2027 کی منی نیلامی میں پانچوں فرنچائزز کو اپنی ٹیموں کو مضبوط بنانے کا موقع ملا۔ نیلامی کے لیے مجموعی طور پر 146 کھلاڑیوں کے نام درج کیے گئے تھے، جبکہ پانچوں ٹیموں میں مجموعی طور پر 27 جگہیں خالی تھیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande