ابھیشیک شرما ایک بار پھر ٹی 20 انٹرنیشنل کے نمبر ایک بلے باز، مارکو یانسن ٹیسٹ میں سرفہرست
نئی دہلی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ نیوزی لینڈ کے خلاف فیصلہ کن سنچری بنانے کے بعد ہندوستانی بلے باز ابھیشیک شرما نے آئی سی سی کی ٹی 20 بین الاقوامی بلے بازوں کی درجہ بندی میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ وہیں، جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز مارکو ی
درجہ بندی


نئی دہلی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ نیوزی لینڈ کے خلاف فیصلہ کن سنچری بنانے کے بعد ہندوستانی بلے باز ابھیشیک شرما نے آئی سی سی کی ٹی 20 بین الاقوامی بلے بازوں کی درجہ بندی میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ وہیں، جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز مارکو یانسن نے ٹیسٹ گیند بازوں اور آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔

ابھیشیک نے منگل کے روز ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلے میں دھواں دھار بلے بازی کی۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے محض 35 گیندوں میں سنچری مکمل کی اور 38 گیندوں پر 113 رنز بنائے۔ ان کی اس شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کر لی۔

اس کارکردگی کے ساتھ ہی ابھیشیک نے اپنے ساتھی کھلاڑی ایشان کشن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔ ایشان نے رواں سال جولائی میں آئرلینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد ابھیشیک سے پہلی پوزیشن چھین لی تھی۔ ابھیشیک نے پہلی مرتبہ جولائی 2025 میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کو پیچھے چھوڑ کر ٹی 20 انٹنیشنل بلے بازوں کی درجہ بندی میں سرفہرست مقام حاصل کیا تھا۔

یانسن نے جڈیجا کو پیچھے چھوڑا

جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن نے آسٹریلیا کے خلاف گکیبرہا میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے مقابلے میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹیسٹ گیند بازوں اور آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ جنوبی افریقہ کی بڑی جیت میں یانسن نے بلے سے 85 رنز بنائے اور آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں فیصلہ کن پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

اس کارکردگی کے باعث 26 سالہ یانسن کو ٹیسٹ کی تینوں درجہ بندیوں میں فائدہ ہوا۔ وہ ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست میں 13 درجے ترقی کرکے 56ویں مقام پر پہنچ گئے۔ ٹیسٹ گیند بازوں کی درجہ بندی میں انہوں نے پانچ درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کو پیچھے چھوڑ دیا۔ وہیں، ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں ایک مقام اوپر پہنچ کر انہوں نے ہندوستان کے رویندر جڈیجا سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

جڈیجا چار سال سے زیادہ عرصے سے ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں پہلے مقام پر برقرار تھے۔ یانسن کی یہ کامیابی جنوبی افریقہ کے سابق عظیم گیند باز ڈیل اسٹین کے اس بیان کے کچھ ہی عرصے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے یانسن کو ’دنیا کا بہترین کرکٹر‘ قرار دیا تھا۔

سیمسن اور ارشدیپ کو بھی فائدہ

ٹی 20 بین الاقوامی درجہ بندی میں ہندوستان کے سنجو سیمسن کو بھی فائدہ ہوا ہے۔ وہ بلے بازوں کی فہرست میں چھ درجے ترقی کرکے 20ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے جارحانہ بلے باز فن ایلن تین درجے ترقی کے ساتھ 25ویں مقام پر ہیں۔

ٹی 20 بین الاقوامی گیند بازوں کی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر سات درجے اوپر چڑھ کر ساتویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ ہندوستان کے ارشدیپ سنگھ نے بھی چھ درجے کی ترقی حاصل کی ہے اور اب وہ 15ویں مقام پر ہیں۔

ون ڈے درجہ بندی میں بھی تبدیلیاں

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری یک روزہ سہ فریقی سیریز کے دوران بھی درجہ بندی میں تبدیلیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔ انگلینڈ کے بین ڈکٹ اور ہیری بروک کو بلے بازوں کی درجہ بندی میں فائدہ ہوا ہے۔

یک روزہ گیند بازوں کی فہرست میں پاکستان کے شاہین آفریدی دو درجے ترقی کرکے چھٹے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی نے 13 درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے ساتویں پوزیشن حاصل کی، جب کہ نمیبیا کے اسپنر برنارڈ شولٹز نو درجے اوپر چڑھ کر آٹھویں مقام پر پہنچ گئے۔ ان تینوں کھلاڑیوں نے ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی ہے۔

افغانستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد نبی کو بھی فائدہ ہوا ہے۔ وہ یک روزہ آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں پانچ درجے ترقی کرکے تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande